کالعدم ٹی ٹی پی کی بلاول بھٹو کو جان سے مارنے کی دھمکی

ویب ڈیسک

حال ہی میں سرکاری تحویل سے فرار ہونے والے کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان احسان ﷲ احسان نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ یہ دھمکی انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں دی ہے.

حالات پر گہری نظر رکھنے والے حلقے بتاتے ہیں کہ اس دھمکی کا سبب بلاول بھٹو کا وہ بیان ہے جو انہوں نے وزیراعظم کے اسمبلی اجلاس کے دوران اسامہ بن لادن کو شہید کہنے پر ردعمل میں دیا تھا. جس میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ عمران خان بے نظیر بھٹو کو تو شہید نہیں مانتے لیکن ایک دہشتگرد ان کے نزدیک شہید ہے.

احسان ﷲ احسان نے بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان پر ردعمل میں دی گئی ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس ملک کی بقا کی خاطر ہمیشہ اسلام پسندوں نے قربانیاں دی ہیں. آپ کی امی، پاپا اور آپ جیسے مذہب سے دور لوگوں نے یہاں صرف لوٹ مار کی ہے اور بادشاہتوں کے کھیل کھیلے ہیں.

انہوں نے ٹویٹ کے آخر میں دھمکی دیتے ہوئے لکھا ہے کہ "ہم اس ملک کی نظریاتی سرحدوں کی خاطر تم جیسوں سے لڑتے رہیں گے اور تمہارا انجام بھی تمہاری امی جیسا ہو گا”

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ جان سے مارنے کی دھمکیاں جس ٹویٹ سے دی گئی ہیں وہ احسان ﷲ احسان کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے.

دھمکیوں پر مبنی اس ٹویٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے شدید ردعمل آیا ہے. پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت ﷲ بابر نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ احسان ﷲ احسان نے چیئرمین بلاول کو عین اس وقت دھمکی دی جب حکمران اتحاد سے وابستہ ایک سینیٹر نے لوگوں کو افغانستان اور کشمیر میں لڑنے کے لئے اکسایا اور ساتھ ہی یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ فوج ان کے پیچھے کھڑی ہوگی۔

انہوں نے لکھا ہے کہ جب دہشتگرد فرار ہوجاتے ہیں تو ہم اور کیا توقع کریں؟

دوسری جانب نفیسہ شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں ردعمل دیتے ہوئے حکومت پر دہشت گردوں کی سہولت کاری کا الزام بھی لگایا. ان کا کہنا تھا کہ آخر احسان اللہ احسان جیسے دہشت گردوں کی سہولت کاری کرکے حکومت کون سی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close