برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5: انٹرنیٹ پر جاسوسوں کو پکڑنے کے لیے ایک نئی ایپ

ویب ڈیسک

برطانیہ کی حکومت نے ایک نئی ایپ لانچ کی ہے، جس کا مقصد لوگوں کو غیر ملکی جاسوسوں کے آن لائن حربوں کا شکار بننے سے بچانا ہے

تفصیلات کے مطابق برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 کا کہنا ہے کہ اس کے علم میں ہے کہ لِنکڈ ان اور فیسبک جیسی ویب سائٹوں پر جعلی سوشل میڈیا پروفائلز کے ذریعے دس ہزار برطانوی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ غیر ملکی جاسوس لوگوں کو حساس معلومات دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ’تھنک بیفور یو لنک‘ نامی یہ ایپ لوگوں کو مشکوک لوگوں کے رابطوں کے متعلق نشاندہی کرنے میں مدد دے گی

جاسوس طویل عرصے سے حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے لوگوں سے رابطہ کرتے رہے ہیں، لیکن آن لائن دنیا نے اب یہ بڑے پیمانے پر اور دور فاصلے پر بیٹھے کر کرنے کا موقع دیا ہے

اب کسی جاسوس کو کسی سے کسی کانفرنس یا کافی شاپ میں ملنے کی ضرورت نہیں ہے، اب وہ یہ کام صرف ایک جعلی پروفائل بنا کر بھی کر سکتا ہے اور اس کے ذریعے وہ لوگوں کو دام میں پھنسا سکتا ہے

شروع شروع میں جن لوگوں سے رابطہ کیا جاتا ہے ان سے حساس نوعیت کے کم سوالات پوچھے جاتے ہیں، بعد میں جب برف پگھل جائے تو لائن کراس کر لی جاتی ہے

برطانوی حکومت نے کیس اسٹڈیز کا ایک سلسلہ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح جاسوس لوگوں سے رابطہ کر کے حساس معلومات حاصل کرتے ہیں

ایک کیس میں ایک نامعلوم سابق سرکاری ملازم، جس کی سیکیورٹی کلیئرنس ہو چکی ہے، کا ایک پروفیشنل نیٹ ورکنگ سائٹ پر کسی سے رابطہ ہوا اور پھر انہوں نے اس سے ملاقات کرنے کے لیے کسی دوسرے ملک کا سفر بھی کیا

چھ ماہ کی مدت کے دوران اسے ایک ’خفیہ مواصلاتی نظام‘ فراہم کیا گیا اور حساس حکومتی معلومات فراہم کرنے کو کہا گیا

اس کیس کو غیر ملکی جاسوسوں کے آن لائن طریقوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کی ایک مثال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے

ایک اور مثال میں ایک حاضر سروس سیکیورٹی کلیئرڈ سرکاری ملازم سے کسی نے اپنے آپ کو ایک تھنک ٹینک سے وابسطہ ہونے کا بہانہ کر کے رابطہ کیا

کیونکہ ان دونوں کا ایک جاننے والا بھی رابطوں کی فہرست میں دکھائی دیتا تھا، اس لیے کچھ شکوک و شبہات کے باوجود سرکاری ملازم کو لگا کہ پروفائل اصلی ہے۔ اس کے بعد پیغامات کا ایک سلسلہ شروع ہوا اور پھر ایک کنسلٹنسی کی بھی پیشکش کی گئی

حکام کا کہنا ہے کہ ان طریقوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایم آئی 5 کے مطابق پچھلے سال پورے ملک میں دس ہزار لوگوں سے رابطہ کیا گیا تھا

ایم آئی 5 کے ڈائریکٹر جنرل کین مککیلم کہتے ہیں کہ ’غیر ملکی جاسوس حکومت، ہائی ٹیک کاروبار اور تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں‘

ان کے مطابق ’تھنک بیفور یو لنک‘ ایپ ان لوگوں کی مدد کرتی ہے جن کے ساتھ شاید لوگ چھپ کر رابطہ کر رہے ہیں، (یہ) ان کی مدد کرتی ہے کہ وہ آن لائن نامعلوم رابطوں کو قبول کرنے سے پہلے ڈیجیٹل طور پر مکمل ہوشیاری سے کام لیں‘

اگرچہ اس کا براہ راست ذکر نہیں کیا گیا لیکن ماضی میں اس طرح کی مہمات کے پیچھے اکثر چین کا نام لیا جاتا تھا

اس ایپ کو بنیادی طور پر سرکاری ملازموں اور حساس صنعتوں میں کام کرنے والے لوگوں کو سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے، لیکن اس ہفتے سے اسے کوئی بھی مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے

چاپلوسی سے دھوکہ
انسانی رویوں پر کام کرنے والے سائنسدانوں کی مدد سے تیار کردہ یہ ایپ صارفین کو ایسے سوالات پوچھنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا ان سے رابطہ کرنے والا شخص اصلی ہے نقلی

اس میں اس بات پر دھیان دینا ضروری ہے کہ کیا وہ شخص زیادہ چاپلوسی کر رہا ہے یا ایسی پیشکش کر رہا ہے جو ضرورت سے کہیں زیادہ فائندہ مند لگتی ہے

ایپ کی ویب سائٹ کے مطابق اسے استعمال کرنے والے ’ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹ‘ بھی جیت سکتے ہیں جو ان کی سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ شیئر کیے جا سکتے ہیں‘

ایپ میں ریورس امیج کو ڈھونڈنے کے لیے سرچ کی سہولت بھی شامل ہے، جس کی مدد سے یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ کیا یہ تصاویر دوسری ویب سائٹس پر بھی کبھی استعمال ہوئی ہیں۔ اس طریقے سے اکثر جعلی افراد اور چیزوں کی شناخت کی جاتی ہے

صارفین کے جوابات سے یہ تجزیہ کیا جائے گا کہ آیا پروفائل زیادہ، درمیانہ یا کم خطرناک ہے

اگر یہ درمیانے یا زیادہ خطرے والا ہوا، تو اسے سکیورٹی ایجنسوں کو بتانے کی سفارش کی جائے گی

ایپ جاسوسوں کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل نہیں کرتی اور نہ ہی کوئی حتمی جواب دے سکتی ہے، اسے بس خطرات کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ایپ انتہائی نفیس جاسوسوں کے خلاف بھی شاید موثر ثابت نہ ہو جو جعلی شناخت کے بجائے اصلی شناخت استعمال کرتے ہیں

اور مستقبل میں تو جعلی جاسوسوں کو تلاش کرنے کی صلاحیت مزید مشکل ہو سکتی ہے کیونکہ ریاستیں جعلی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت اور زیادہ موثر ’ڈیپ فیکس‘ کا استعمال کریں گی

یہ ایپ سینٹر فار دی پروٹیکشن آف نیشنل انفراسٹرکچر (سی پی این آئی) کی ’تھنک بیفور یو لنک‘ مہم کا تازہ ترین اقدام ہے

سائبر سیکیورٹی کے وزیر سٹیو بارکلے کے مطابق جعلی پروفائلز ’صنعتی پیمانے‘ پر بنائے جا رہے ہیں۔ ’اس لیے یہ بہت اہم ہے کہ ہم اپنی اور اپنی معلومات کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ جن لوگوں سے ہم آن لائن رابطہ کرتے ہیں وہ وہی ہیں، جو وہ کہتے ہیں کہ وہ ہیں۔ یہ نئی ایپ اس کوشش میں ایک اہم ذریعہ ہوگی‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close