صحافیوں پر مقدمات کیوں درج کیے جا رہے ہیں؟

ویب ڈیسک

پاکستان میں صحافیوں کی آواز دبانے کے لیے ماضی میں مختلف حربے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔ کبھی تشدد، کبھی قاتلانہ حملہ تو کبھی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے انہیں بیروزگار کرنے کی شکایتیں سامنے آتی رہی ہیں

شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستان پریس فریڈم انڈیکس رواں سال 12 درجے تنزلی کے ساتھ 157ویں نمبر پر چلا گیا ہے

نئی حکومت آنے کے بعد چند پاکستانی صحافیوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں

جن صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، ان میں ارشد شریف، صابر شاکر، سمیع ابراہیم اور عمران ریاض شامل ہیں جن پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات سے انتشار پھیلانے اور بغاوت پر اکسانے کی کوششوں کا الزام عائد کیا گیا ہے

ارشد شریف کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں چھ مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 34 (مشترکہ مفاد پورا کرنے کے لیے اجتماعی طور پر جرم کا ارتکاب)،131 (افواج پاکستان کو بغاوت پر اکسانا)، 153 (اعانت کرنا، طلبہ کو سیاسی مقاصد حاصل کرنے پر اکسانا)، 452 (کسی رہائشی مکان میں دوسرے شخص کو غیر قانونی طور پر مس کرنے کی غرض سے نقب زنی کرنا)، 499 (بدنامی) اور 505 (عوامی فساد کو ہوا دینے والا بیان) شامل ہیں

صحافی ارشد شریف کے خلاف یہ ایف آئی آر کراچی، حیدر آباد، دادو، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں درج کی گئی ہیں

شکایت گزاروں نے یوٹیوب چینل پر صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ گفتگو میں ارشد شریف کے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی جانب سے مبینہ طور پر ریاستی اداروں کی ’بے توقیری‘ کرنے اور ’فوج میں نفرت پھیلانے اور نفرت انگیز ماحول پیدا کرنے‘ کی کوشش کرنے کا لکھا ہے

اطلاعات کے مطابق صحافی صابر شاکر کے خلاف ملک کے چار مختلف حصوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں پی پی سی کی 34، 131، 153، 499 اور 505 دفعات شامل ہیں

یہ مقدمات کوئٹہ، دادو، قلعہ عبد اللہ اور پشین میں درج کروائے گئے ہیں

دادو میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’ارشد شریف اور صابر شاکر کے درمیان کی گئی گفتگو میں ریاستی اداروں سے متعلق ’تضحیک آمیز زبان‘ استعمال کی گئی اور میر جعفر، میر صادق سے مشابہت دی گئی‘

جبکہ سینیئر صحافی سمیع ابراہیم کے خلاف کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں پی پی سی 34، 131، 153 اے (اعانت کرنا)، 499، 505 دفعات شامل ہیں

اسی طرح معروف صحافی عمران ریاض خان کے خلاف ٹھٹھہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں پی پی سی 131، 153 اور 505 دفعات شامل ہیں

چاروں صحافیوں کے خلاف درج مقدمات میں پی پی سی کی 131، 153 اور 505 مشترک ہیں

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالت کی اجازت کے بغیر صحافی ارشد شریف اور سمیع ابراہیم کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

صحافیوں کا کیا موقف ہے؟

صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کا کہنا ہے ’یہ بوگس ایف آئی آرز مقدمہ چلانے کے لیے نہیں بلکہ اذیت دینے کے لیے درج کی گئی تھیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ارادے کی خرابی اس حقیقت سے عیاں ہے کہ تقریباً ایک جیسے مواد کے ساتھ متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔‘

صحافی صابر شاکر اپنے خلاف مقدمات کو ایک ’سوچی سمجھی منصوبہ بندی‘ کا حصہ قرار دیا ہے

انہوں نے کہا کہ ’صحافیوں کو سبق سکھانے کا فیصلہ محض دو چار لوگوں نے ایک ہی چھت تلے کیا۔ فیصلہ کرنے والے ایک خاص بیانیہ پاکستان میں مسلط کرنا چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ جو کہا جائے وہ کیا جائے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ایف آئی آر کے اندراج سے پہلے خطرناک وارننگ دی گئی کہ آپ ٹھیک ہو جائیں اور جو ہو گیا ہے اس کو نہ صرف قبول کریں بلکہ اس کی حمایت بھی کریں۔‘

’ہماری کچھ ٹویٹس پر اعتراض تھا۔ میری دو ٹویٹس ڈیلیٹ بھی کروائی گئیں، میرے یوٹیوب چینلز کے مواد پر بھی اعتراض کیا گیا اور جس مواد پر ہمیں دھمکایا گیا وہ ایف آئی آر درج کروانے والوں نے مختلف شہروں میں استعمال کیا۔‘

صابر شاکر نے مزید کہا: ’یہ کیسے ممکن ہوا کہ ایک ہی ویڈیو چمن، پشین، حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں ایف آئی آر درج کروانے والوں کے پاس پہنچی؟‘

’مقدمات کے اندراج کا پیٹرن بھی وہی ہے جو ماضی میں صحافیوں کو سبق سکھانے اور انہیں پریشان کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، ایف آئی آر کے اندراج کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔‘

دوسری جانب صحافی سمیع ابراہیم اور عمران ریاض خان کا موقف جاننے کے لیے ان سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

ان صحافیوں کے خلاف زیادہ تر مقدمات سندھ میں درج کیے گئے ہیں

صحافیوں کے خلاف مقدمات کے حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا تہے کہ ’ایک دو صحافیوں کے خلاف مقدمات درج ہونے کا میں نے سنا ہے، باقی صحافیوں کے بارے میں مجھے علم نہیں۔‘

شرجیل میمن نے کہا کہ ’میں نے ٹی وی اور سوشل میڈیا پر دیکھا ہے کہ اس طرح کی ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں۔ ایف آئی آر کا متن کیا ہے، کیا چارجز ہیں، مقدمات کس نے اور کیوں درج کروائے ہیں یہ معلوم کرنا ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف مقدمات کی تمام تفصیلات معلوم کرنا ہوں گی

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ ’اپنی فوج/ مسلح فورسز کے خلاف اس طرح کی مہم جوئی کرے، اگر کی ہے تو میں مذمت کرتا ہوں۔‘

’صحافیوں نے اگر عمران خان کے ’اداروں کو نیوٹرل نہیں ہونا چاہیے‘ کے بیان کی حمایت میں لکھا ہے تو میں سمجھتا ہوں غلط لکھا ہے کیونکہ اداروں کو نیوٹرل ہونا چاہیے، آئین کہتا ہے کہ ہر ادارے کو اپنا کام کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر اداروں پر اس لیے تنقید کی جا رہی کہ وہ عمران خان کی بجائے آئین کو سپورٹ کیوں کر رہے ہیں تو کیا یہ درست ہے؟ اداروں کو نیوٹرل کرنا ہی جمہوریت کی فتح ہے۔‘

’تحریک عدم اعتماد کے دوران ادارے نیوٹرل رہے، اس سے قبل عمران خان کو بہت سپورٹ تھی، جب سپورٹ تھی تب یہی صحافی کیوں خاموش تھے؟

انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ اپنے اداروں کے خلاف ایک مہم چلائیں اور آپ کو بین الاقوامی سپورٹ بھی مل رہی ہے جو سپورٹ ثابت شدہ ہے کہ آپ کو برطانیہ، یورپ، امریکہ سمیت مختلف ممالک سے کمنٹس بھی آ رہے ہیں۔ اگر ادارے غلط بھی کر رہے ہیں تو ان کے سامنے تنقید کریں کہ آپ یہ غلط کر رہے ہیں، گھر کا جھگڑا گھر سے باہر نہیں لے جانا چاہیے۔‘

مقدمات پر صحافی عمر چیمہ کا کہنا ہے کہ وہ ان صحافیوں کی حمایت میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے صحافی برادری سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے لیے مذمت کرنا بہت آسان ہے، جب کسی صحافی کے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو ہماری ذمہ داری بھی ہے اور مذمت کرنا آسان عمل بھی ہے‘

’لیکن جب صحافت کے نام پر کوئی اپنا ایجنڈا چلاتا ہے تو ہمارے پاس کوئی طریقہ کار ہی نہیں کہ ہم پوچھ سکیں کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔‘

سینیئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر کہتے ہیں کہ صحافیوں کے خلاف مقدمات پہلے بھی درج ہوتے رہے ہیں اور آج بھی درج ہو رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 157ویں نمبر پر اس لیے آیا کہ گذشتہ حکومت بھی صحافیوں پر مقدمات درج کر رہی تھی، ان پر پابندیاں لگا رہی تھی۔‘

حامد میر کا کہنا ہے کہ اب نئی حکومت بھی وہی کچھ کر رہی ہے۔ ’عمران خان کے دور میں صحافیوں کو مقدمہ درج کیے بغیر ہی ایف آئی اے اٹھا کر لے جاتی تھی اور اس دور میں مقدمہ درج ہو جاتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عدالت گرفتاری سے بچا لیتی ہے کیونکہ عدالتوں کو پتہ ہے کہ پچھلے دور میں بھی غلط ہو رہا تھا اب بھی غلط ہو رہا ہے۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close