آن لائن پبلیکیشن ’ڈیل اسٹریٹ ایشیا‘ نے اطلاع دی ہے کہ کوئیک کامرس اسٹارٹ اپ ’ائیر لفٹ‘ کی پاکستان میں سروس مستقل طور پر بند ہو رہی ہے
واضح رہے کہ ٖائیر لفٹ ابتدائی طور پر ایک بس سروس تھی جو بعدازاں ایک ڈیلیوری سروس بن گئی جس نے گزشتہ سال مقامی سطح پر کسی بھی اسٹارٹ اپ کے مقابلے میں سب سے زیادہ، ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر اکٹھے کیے
تاہم ائیر لفٹ نے چند ماہ قبل فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حیدرآباد اور پشاور جیسے شہروں میں اپنی سروس بند کر دی تھی اور تنخواہوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے اپنے تقریباً ایک تہائی ملازمین کو بھی فارغ بھی کر دیا تھا
اسٹارٹ اپ ڈیٹا پورٹل کرنچ بیس کے مطابق ائیر لفٹ نے اپنے حالیہ سرمایہ کاروں ‘فیوچر پازیٹو’ اور ‘موونگ کیپیٹل’ کے ساتھ چھے راؤنڈز میں کُل دس کروڑ بانوے لاکھ ڈالرز اکٹھے کیے
واضح رہے کہ پاکستان میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم گزشتہ چند ماہ سے بحران کا شکار ہے جس کے سبب متعدد نامور کمپنیوں نے اپنی سروس معطل، محدود یا جزوی معطل کرنے کا اعلان کیا
معروف سروس ‘کریم’ نے حال ہی میں بدلتے ہوئے معاشی تناظر میں اپنی فوڈ ڈیلیوری سروس کو معطل کر دیا ہے، آن لائن بس سروس ‘سیول’ نے بھی گزشتہ ماہ کراچی، لاہور اسلام آباد اور فیصل آباد میں عالمی کساد بازاری کے سبب اپنی سروس معطل کر دی
فرائیٹ مینجمنٹ اسٹارٹ اپ ‘ٹرک اٹ ان’ نے بھی عالمی سطح پر اقتصادی غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے حال ہی میں اپنی حکمت عملی از سر نو ترتیب دی ہے اور اپنے کچھ عملے کو چند دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وقف کر دیا
فی الوقت اسٹارٹ اپس تیزی سے کسٹمر کے حصول کے لیے نئی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ سرمایہ کار کھل کر بھاری سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہیں جس سے اسٹارٹ اپس کو نئے کسٹمرز کے حصول میں مدد مل سکے
اسٹارٹ اپس نے اپریل تا جون سہ ماہی میں بائیس سودوں میں مجموعی طور پر دس کروڑ اڑتیس لاکھ ڈالرز اکٹھے کیے جو کہ گزشتہ سہ ماہی سے تقریباً 40 فیصد کم ہے جب یہ سترہ کروڑ تیس لاکھ ڈالر تھا۔