سری لنکا کا معاشی بحران اور چائے کی صنعت میں اُبلتا طوفان

ویب ڈیسک

سری لنکا میں چائے کی صنعت ملک کے خوشحال ترین شعبوں میں سے ایک تھی، کیکن چائے کی پیداوار کی یہ منفعت بخش صنعت بھی ملک میں جاری بدترین اقتصادی بحران سے محفوظ نہیں رہ سکی اور اس کی برآمدات میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے

واضح رہے کہ سری لنکا گزشتہ تین ماہ سے ایندھن، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی شدید قلت کا شکار ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر اس حد تک گر چکے ہیں کہ حکومت کے پاس ضروری اشیاء کی بیرون ملک سے درآمد کے لیے رقم موجود نہیں ہے۔ سری لنکا کو 51 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے ادا کرنے ہیں، جبکہ ملک میں افراط زر 50 فیصد سے بھی بڑھ چکا ہے

سری لنکا میں چائے کی صنعت پر گہری نظر رکھنے والے ذرائع کے مطابق ملک کے معاشی بحران سے قبل چائے کی برآمدات سالانہ 1.3 ارب امریکی ڈالر تھیں اور سری لنکا چائے کی مجموعی عالمی پیداوار کا پانچ فیصد مہیا کر رہا تھا لیکن اب یہ پیداوار گزشتہ دو دہائیوں میں اپنی کم ترین سطح پر آ گئی ہے

اعداد و شمار کے مطابق سری لنکا سالانہ تقریبا تین سو ملین کلوگرام چائے پیدا کرتا ہے۔ درحقیقت سری لنکا چائے فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، جو اپنی پیداوار کا 95 فیصد سے زیادہ برآمد کرتا ہے

شراکت داروں کا اصرار ہے کہ ملک میں نافذ ہنگامی صورتحال کا اثر ملازمتوں کے ضیاع تک پہنچ گیا ہے اور چائے کے باغات پہلے ہی بڑھتی ہوئی سماجی کشیدگی کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ دارلحکومت کولمبو میں کام سے محروم افراد واپس اپنے علاقوں کو چلے گئے ہیں

ایسے میں بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے چائے کی پتیاں مرجھا گئی ہیں اور خراب ہو رہی ہیں کیونکہ یہ معیار کو متاثر کرتی ہے

کولمبو ٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی چیئرمین جینتا کرونارتنے بتاتی ہیں ”چائے کی پیداوار میں 18 فیصد کمی آئی ہے اور ایسا بڑی حد تک کھادوں اور ایندھن کی قلت کی وجہ سے ہوا ہے۔ ہمیں جلد ہی اس صورتحال کی اصلاح کی ضرورت ہے‘‘

سری لنکا میں ڈیڑھ سو سال سے زیادہ عرصے سے موجود چائے کی صنعت کو ایک بحران کا سامنا ہے، جو بنیادی طور پر اس شعبے کے چھوٹے شراکت داروں کو متاثر کرتا ہے۔ یہ شراکت دار چائے کی پیداوار کے تقریبا 75 فیصد کے ذمہ دار ہیں

کرونارتنے نے نشاندہی کی کہ حکومت کو چائے کی عالمی منڈی میں سری لنکا کا حصہ کھونے کے خطرے کے پیش نظر ایندھن کی بحالی اور کھاد کی فراہمی کو مستحکم کرنے کے لیے مثبت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے

پلانٹرز ایسوسی ایشن آف سیلون کے رکن روشن راجدورائی نے بھی اس خیال سے اتفاق کیا کہ ایندھن کی قلت نے خام مال کی نقل و حمل میں بہت رکاوٹ ڈالی ہے کیونکہ چائے کے باغات سے فیکٹریوں تک کا کام رک گیا ہے

راجدورائی کہتے ہیں ”چائے زرمبادلہ کمانے والی ایک بڑی صنعت ہے۔ تقریباً پانچ لاکھ چائے کے چھوٹے کاشتکاروں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے اور اس سے ڈھائی ملین سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں، جو چائے کی صنعت سے متعلق براہ راست اور بالواسطہ ملازمتوں سے وابستہ ہیں‘‘

راجدورائی نے کہا کہ صرف چائے کی شجرکاری کا شعبہ کم از کم 10 فیصد آبادی کے روزگار کا ذمہ دار ہے اور اس حوالے سے انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ مزدوروں کی دیکھ بھال کی جائے کیونکہ مزدوروں کا مکمل انحصار انتظامیہ پر ہے

مختلف اندازوں کے مطابق چائے اگانے والے سات خوشحال اضلاع، 264 نجی چائے کے کارخانے اور حکومت کے زیر انتظام مزید 258 کارخانے شدید مسائل سے دوچار ہیں

بہت سے لوگ چائے کی صنعت کے ماہرین سے مشورہ کیے بغیر غلط پالیسیاں اپنانے کو اس صنعت کے موجودہ بحران کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ سن 2015ع میں سابق صدر میتھری پالا سری سینا نے ٹی ریسرچ انسٹیٹیوٹ یا اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کسی مبینہ مشاورت کے بغیر گلیفوسیٹ اور دیگر کیمیائی کھادوں کی درآمد اور استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ان عناصر کا کوئی متبادل بھی پیش نہیں کیا گیا تھا

سری لنکا ٹی بورڈ کے سابق چیئرمین روہن پیتھیاگوڈا نے بتایا، ”اس کے بعد 2021ء میں صدر (حال ہی میں معزول کیے گئے) گوٹابایا راجہ پاکسے نے دوبارہ صنعت کے ساتھ کوئی مشاورت نہ کرتے ہوئے نہ صرف تمام کیمیائی کھادوں بلکہ تمام کیڑے مار ادویات پر بھی پابندی عائد کر دی۔ اس پالیسی سے اختلاف کرنے والے عہدیداروں کو برطرف کر دیا گیا یا انہیں ملازمت سے نکال دیا گیا۔‘‘

چائے اور دیگر برآمدی فصلوں سے ہونے والی آمدنی کے نقصان نے سری لنکا کے معاشی زوال میں تیزی لانے میں کردار ادا کیا۔ اس متنازعہ اقدام کے پیچھے سری لنکا کی کاشت کاری کو سو فیصد نامیاتی بنانا تھا۔ اگرچہ کھادوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے لیکن مشکل یہ ہے کہ اس کے بعد سے ان کھادوں کی خریداری کے لیے ملک میں زرمبادلہ ختم ہو چکا ہے

گوڈا کے مطابق ”چائے کی پیداوار میں ہم جو کمی دیکھتے ہیں، وہ بڑی حد تک اسی حماقت کا نتیجہ ہے۔ چاول کو اس سے بھی بدتر دھچکا لگا، اس کی پیداوار میں سال بہ سال 40 فیصد کمی ہوئی‘‘

ایسے میں چائے کی صنعت کے ماہرین نے محسوس کیا کہ سری لنکا میں بحران سے چائے کی پیداوار متاثر ہونے کے بعد بھارتی چائے کی صنعت کو بین الاقوامی منڈی میں اپنی جگہ بنانے کا موقع ملے گا

حال ہی میں انڈین ٹی ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انشومن کنوریا نے کہا ہے کہ چائے کی صنعت توقع کر رہی ہے کہ اس سال سری لنکا میں اقتصادی بحران کی وجہ سے وہاں چائے کی پیداوار تقریباً 15 فیصد کم رہے گی۔ ہم پہلے ہی بین الاقوامی خریداروں کو دیکھ چکے ہیں، جنہیں سری لنکا کی چائے کی ضرورت ہے، انہوں نے زیادہ قیمتیں ادا کرنا شروع کر دی ہیں کیونکہ اس ملک سے چائے تقریبا 10 سے 20 فیصد مہنگی ہو چکی ہے‘‘

تاہم سری لنکا کی چائے کی صنعت کا خیال ہے کہ خریداروں کے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ ہو سکتا ہے کیونکہ بین الاقوامی خریدار سری لنکن چائے اور اس کے نشان کے وفادار ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ صحیح حوصلہ افزائی اور سیاسی استحکام کی واپسی کی امید کے پیش نظر چائے کی صنعت بہتری کی جانب لوٹ سکتی ہے

سری لنکا ٹی بورڈ کے سابق چیئرمین پیتھیاگوڈا نے کہا، ”روشن پہلو یہ ہے کہ چائے اب سری لنکا کی سب سے اہم خالص زرمبادلہ کمانے والی صنعت بننے کی طرف لوٹ گئی ہے اور زرعی کیمیکلز مارکیٹ میں واپس آنے لگے ہیں‘‘

لیکن اس بات پر سب متفق ہیں کہ سری لنکا کے لیے تین سو ملین کلوگرام کا سالانہ پیداواری ہدف حاصل کرنے میں ابھی کئی سالوں کا وقت لگے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close