سکینہ سموں کی فلم ’انتظار‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک

معروف اداکارہ، لکھاری و فلم ساز سکینہ سموں کی بطور ہدایت کارہ بنائی گئی پہلی فلم ’انتظار‘ کو بالآخر پاکستان بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے

سکینہ سموں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں تصدیق کی کہ ان کی فلم ’انتظار‘ کو رواں ماہ 19 اگست کو پاکستان بھر میں ریلیز کردیا جائے گا

انہوں نے فلم کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا خواب بالآخر جلد ہی حقیقت بننے جا رہا ہے اور لوگ ان کی فلم کو سینما اسکرین پر دیکھ سکیں گے

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ ’انتظار‘ کو پہلے ہی سینماؤں میں ریلیز کرنا چاہتی تھیں لیکن کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا اور اب جب حالات معمول پر آ چکے ہیں، تب ان کی فلم شائقین بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے

واضح رہے کہ’انتظار‘ کا ٹریلرز 2020 میں جاری کرکے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا

سکینہ سموں کی بطور ہدایت کار پہلی فلم کو امریکا میں ہونے والے ’ہارلم فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے اور اس کی کاسٹ میں شامل بعض اداکاروں نے ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں

’انتظار‘ کی کہانی ایک اہم سماجی موضوع پر مبنی ہے اور خاندان کی مجبوریوں کے گرد گھومتی ہے، جس میں بوڑھے والدین مرنے کی عمر کو اپنے بچوں کا انتظار کرتے اور موت کے خوف سے زندگی گزارتے ہیں

فلم میں رشتوں کی اہمیت اور نئی نسل کی جانب سے عمر رسیدہ افراد اور خصوصی طور پر والدین کو بھلانے اور والدین کی جانب سے بچوں کا انتطار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے

فلم کی کاسٹ میں ثمینہ احمد، کیف غزنوی، عدنان جعفر، رضا علی عابد اور خالد احمد شامل ہیں جب کہ اس کی کہانی "ڈر سی جاتی ہے سلہ’ جیسے ڈرامے لکھنے والی لکھاری بی گل نے لکھی ہے

مذکورہ فلم کے علاوہ سکینہ سموں نے دوسری فلم بنانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے، جس میں شہریار منور، حمیمہ ملک اور اسد صدیقی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے

سکینہ سموں نے اپنی دوسری فلم کا نام نہیں بتایا تھا، تاہم یہ بتایا تھا کہ اس کی کہانی سندھ کے دیہی علاقوں میں ہونے والے سچے واقعات سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے، جس میں رومانس اور سندھی سماج کی روایات کو بھی پیش کیا جائے گا

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سکینہ سموں کی بطور ہدایت کار دوسری فلم کب تک سامنے آئے گی

سکینہ سموں نے بطور اداکار بعض فلموں میں کام بھی کیا ہے جب کہ وہ ٹی وی کی مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، وہ تاحال ڈراموں میں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیتی ہیں

سکینہ سموں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کیا اور سندھی کے علاوہ اردو، بلوچی اور دیگر زبانوں کے ڈراموں میں بھی اداکاری دکھائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close