برطانیہ کا زہریلا باغ، جہاں موجود چند پودوں کو چھونے سے ہی انسان مر سکتا ہے

ویب ڈیسک

انگلینڈ میں نارتھ ہمبرلینڈ میں ایلنوک کے مقام پر ایک پارک ہے جس کا نام ہے ’پوائزن گارڈن‘ یا زہریلا باغ لیکن زہریلا پن صرف اس باغ کے نام تک محدود نہیں

النوک گارڈن شمالی انگلینڈ کے سب سے خوبصورت پرکشش مقامات میں سے ایک ہے، جہاں ایکڑ پر مشتمل رنگ برنگے پودے زائرین کو خوشبودار گلابوں کی قطاروں، مینیکیور ٹوپیریز اور جھرنے والے فوارے میں گھومنے کی دعوت دیتے ہیں۔ لیکن ایلن وِک کی حدود میں، کالے لوہے کے دروازوں کے پیچھے ایک ایسی مخصوص جگہ ہے، جو پوائزن گارڈن کہلاتی ہے اور یہ بیسیوں بدنام زمانہ قاتل پودوں اور درختوں کا گھر ہے

اس باغ کے سیاہ گیٹ پر انتباہ لکھا ہوا ہے ’یہ پودے جان لیوا ہو سکتے ہیں‘ اور یہ انتباہ مذاق نہیں

دراصل ان لوہے کی سیاہ سلاخوں کے پیچھے موجود پلاٹ دنیا کا سب سے خطرناک باغ ہے اور یہ عوام کے لیے کھلا ہوا ہے

یہ ’پوائزن گارڈن‘ سنہ 2005 میں بنا تھا۔ یہاں ایک سو سے زیادہ زہریلے اور نشہ آور پودے موجود ہیں

اس باغ میں گائیڈ کے فرائض انجام دینے والے ڈین اسمتھ کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو باغ میں داخلے سے پہلے حفاظتی بریفنگ دی جاتی ہے

ڈین اسمتھ کے مطابق سیاحوں کو بتایا جاتا ہے کہ اس باغ میں وہ کسی بھی پودے کو نہ تو ہاتھ لگا سکتے ہیں نہ چکھ سکتے ہیں اور نہ ہی سونگھ سکتے ہیں

اس احتیاط کے باوجود جیسا کہ ویب سائٹ کے نوٹ میں بھی لکھا ہے کہ کبھی کبھار کچھ سیاح اس زہریلی فضا میں چلتے ہوئے وہاں سانس لینے کی وجہ سے بے ہوش ہو جاتے ہیں

ڈین سمتھ بتاتے ہیں ”یہاں پر کاشت کیے جانے والے خطرناک پودے مانکس ہُڈ، یا ’وولفس بین‘ ہے، جس میں ایکونیٹائن، جو کہ ایک نیوروٹوکسن اور کارڈیو ٹاکسن ہوتا ہے لیکن یہ سب سے بُرا نہیں“

انہوں نے کہا ”یہاں ہمارے پاس جو سب سے زہریلا پودا ہے وہ رسین کا ہے، جسے عام اصطلاح میں کیسٹر بین یا کیسٹر آئل پلانٹ کہا جاتا ہے“

اسمتھ کے مطابق ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اسے دنیا کا سب سے زہریلا پودا مانتا ہے۔‘

ڈین سمتھ نے کہا ”حیرت کی بات یہ ہے کہ باغ میں اگنے والی بہت سی چیزیں بہت عام ہیں اور یہاں کے بہت سے پودے برطانیہ میں اگنے والے جنگلی پودے ہیں اور زیادہ تر پودوں کی کاشت خطرناک حد تک آسان ہے۔ یہاں تک کہ مشہور گھریلو باغی جھاڑیاں جیسے روڈوڈینڈرون بھی یہاں ہیں۔ ان پتوں میں گریانوٹوکسن ہوتا ہے جو کھانے سے انسان کے اعصابی نظام پر حملہ کرتا ہے۔ آپ کے پتے کھانے کا امکان نہیں ہے کیونکہ ان کا ذائقہ ناگوار ہوتا ہے۔“

اور پھر وہاں لیبرنم کا درخت ہے، جو برطانیہ کا دوسرا سب سے زیادہ زہریلا درخت ہے (صرف ییو کا درخت زیادہ خطرناک ہے)۔ بہت سے لوگ ان کے خوبصورت پیلے پھولوں کی وجہ سے اپنے گھروں کے آس پاس رہنے دیتے ہیں، مگر ان میں سائٹسائن نامی زہر ہوتا ہے

ڈین سمتھ کے مطابق ”یہ درخت اتنا زہریلا ہے کہ اگر شاخوں میں سے کوئی ایک فرش پر گر جائے تو کئی مہینوں تک وہیں پڑی رہے اور بعد میں وہاں کسی کے ساتھ کتا آ جائے اور اس شاخ کو منہ میں اٹھا لے تو اس بات کے امکانات ہیں کہ کتا واک مکمل نہیں کر سکے گا اور مر جائے گا“

زہریلے پودے اپنے زہر سے صرف انسانوں یا کتوں کو ہی متاثر نہیں کرتے، جیسا کہ اسمتھ بتاتے ہیں ”اگر روڈوڈینڈرون کافی تعداد میں قریب قریب اگ جائیں تو وہ زمین کو بھی زہر آلودہ کر سکتے ہیں۔ پھر اس زمین پر ان کے علاوہ اور کچھ نہیں اگ سکے گا“

اگر شہد کی مکھیاں انہی پودوں سے شہد نکالیں تو وہ مائع لال رنگ کا ہو جاتا ہے، جسے اگر کم مقدار میں استعمال کیا جائے تو یہ نشہ آور کیمیائی خصوصیت رکھتا ہے۔ اسمتھ خبردار کرتے ہیں کہ اس کی زیادہ مقدار جان لیوا ہو سکتی ہے

کچھ پودے اتنے خطرناک ہوتے ہیں کہ ان کو کھانے، چھونے یا سونگھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس باغیچے میں ایک ایسا پودا بھی ہے، جس کی اگر آپ صرف صفائی کریں تو یہ آپ کو ہلاک کر سکتا ہے

پرونس لاروکیراسس نامی پودے، جسے ’چیری لارل‘ یا ’انگلش لارل‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، میں دو ایسے اجزا ہیں جو الگ الگ ہوں تو بے ضرر ہوتے ہیں۔ یہ سیانو جینک گلائکوسائیڈز اور سائینائیڈ اونز ہیں۔ لیکن اگر کوئی جانور پتوں کو چباتے ہوئے ان دونوں اجزا کو ملا لے یا کوئی انسان ان کو کاٹنے کی کوشش کرے تو یہ سائینائِیڈ گیس خارج کرتے ہیں

اسمتھ کہتے ہیں کہ ’عام طور پر آپ ایک ایسی جگہ پر ہوتے ہیں جہاں ہوا موجود ہوتی ہے لیکن اگر آپ ان کے ساتھ کسی بند جگہ پر ہوں جہاں سے ہوا کا اخراج نہیں ہو سکتا، جیسا کہ گاڑی کی ڈگی میں رکھ کر کہیں لے جا رہے ہوں، تو آپ سائینائیڈ گیس کے قریب موجود ہیں۔‘

یہاں موجود کرسمس روز کی طرح ہیلی بورز بھی ایک خطرناک پودا ہے۔ اس کی جڑ میں ایسے کارڈیو ٹوکسن یا زہر موجود ہیں، جو آپ کے دل کی دھڑکن بند کر سکتے ہیں اور اس کا رس خارش پیدا کرتا ہے۔ سمتھ خبردار کرتے ہیں کہ ان کے قریب جاتے ہوئے دستانے پہنیں اور ان کو اپنے دانتوں سے کھینچ کر کبھی بھی نہ اتاریں

اس باغیچے کے باغبان کبھی بھی ایسا نہیں کریں گے

یہاں کے ہیڈ مالی رابرٹ ٹرنینٹ کہتے ہیں کہ ان کا اسٹاف مختلف طرح کے حفاظتی اقدامات لیتا ہے

انہوں نے کہا ’کچھ ایسے پودے ہیں جہاں آپ کو کسی طرح کی حفاظت درکار نہیں لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جہاں آپ مکمل حفاظتی سوٹ، فیس ماسک اور دستانوں کے بغیر نہیں جا سکتے۔‘

باغبان ایمی تھورپ ان تمام خدشات سے پریشان نہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’میرا نہیں خیال کہ مجھے پریشان ہونا چاہیے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ان میں سے بہت سے پودے ہم سے پہلے سے موجود ہیں۔ تو یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم ان کے بارے میں آگہی حاصل کریں۔ ان میں سے بہت سے پودوں کا اچھا استعمال ہوتا ہے، یہ سب برے نہیں۔‘

درحقیقت یہاں موجود بہت سے خطرناک پودے بیماریوں سے علاج کا ذریعہ ہیں۔ جیسا کہ ییو، جو چھاتی کے سرطان کے علاج میں استعمال ہوتا ہے

پیری ونکل پودا بھی دو دھاری تلوار ہے۔ اس کے اجزا مہلک ہو سکتے ہیں لیکن اگر ان کا درست استعمال کیا جائے تو ان سے مفید ادوایات بنائی جا سکتی ہیں

تو یہ حیران کن نہیں کہ یہ باغ منشیات کے بارے میں تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ کلیئر مچل جو کمیونٹی اینڈ ایجوکیشن ہیڈ ہیں، بتاتی ہیں کہ انگلینڈ کے شمال مشرق میں منشیات سے سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں

انہوں نے کہا ’نوجوانوں تک درست معلومات پہنچانے کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے ڈرگ ایجوکیشن پروگرام کا منصوبہ زہریلے باغ کی سیر سے نکلا۔ اس پروگرام کا مقصد ہی منشیات سے بچانا ہے۔‘

یہ باغ منشیات کی اے بی سی بھی بتاتا ہے۔ اسمتھ کہتے ہیں کہ ’یہاں افیم اگائی جاتی ہے جو کلاس اے ہے، بھنگ جو کلاس بی ہے اور کاتھا ایڈولس جسے کھاٹ کے نام سے جانا جاتا ہے کلاس سی میں شمار ہوتی ہے‘

لیکن باغبان ٹرنینٹ کے مطابق ان کا عملہ ہر پودے کا حساب رکھتا ہے اور ہر سیزن کے اختتام پر باقاعدہ ثبوت دیا جاتا ہے کہ ان پودوں کو تلف کر دیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close