جب جاوید میانداد نے آسٹریلین بولر ڈینس لِلی پر بلا تانا۔۔۔

ویب ڈیسک

پاکستان اور افغانستان کے میچ کے اختتامی لمحات میں جو سنسنی آئی اور اس واقعے نے دونوں ٹیموں اور ان کے مداحوں کے بیچ جو تلخی پیدا کی اس سے نہ صرف یہ کہ پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ مخاصمت کو ایک نیا رنگ ملا بلکہ بہت سے مبصرین کے مطابق یہ مخاصمت اب انڈیا اور پاکستان کے مقابلوں سے بھی آگے بڑھتی جا رہی ہے

لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کرکٹ کے میدان پر کھلاڑیوں کے مابین محاذ آرائی ہوئی ہو اور بات جھگڑے تک پہنچی ہو۔ کرکٹ کی تاریخ میں کئی مواقع پر مختلف ٹیموں کے درمیان ایسی صورتحال سامنے آ چکی ہے

ایسے مشہور واقعات میں سے ایک واقعے میں پاکستان کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان جاوید میانداد اور آسٹریلیا کے منجھے ہوئے بولر ڈینس لِلی بھی بالکل اسی طرح آمنے سامنے آگئے تھے جیسے آصف علی اور فرید احمد آئے ہیں اور جاوید میانداد نے ڈینس للی پر بلا تان لیا تھا

ہوا کچھ یوں کہ 1981 میں جاوید میانداد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر تھی اور پرتھ ٹیسٹ کی چوتھی اننگ میں ایک بڑے ہدف 543 رنز کے تعاقب میں تھی

جاوید میانداد بطور کپتان اس میچ کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے تھے اور ڈینس لِلی انہیں جلد سے جلد آؤٹ کر کے میچ کو کنارے لگانے کے درپے تھے۔ اسی کشمکش میں بیٹر اور بولر کے درمیان روایتی تلخی پیدا ہو گئی۔ اور ایک موقع پر جب جاوید میانداد رن لینے کے لیے دوسرے اینڈ کی طرف دوڑ رہے تھے تو ڈینس لِلی نہ صرف ان کے سامنے آ کر ان کا رستہ روکنے لگے بلکہ انہیں دھکا بھی دیا

یہ دیکھتے ہی امپائر ٹونی کرافٹر ڈینس لِلی کے سامنے آ گئے اور دونوں کھلاڑیوں میں بیچ بچاؤ کرانے لگے تھے

اس میچ کی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امپائر کی یہ کوشش جاری ہی تھی کہ ڈینس لِلی نے ان کے پیچھے سے جاوید میانداد کو کک لگائی جس کے بعد جاوید میانداد نے پلٹ کر بلا تان لیا اور لِلی پر حملے کا ارادہ ظاہر کیا تاہم امپائر نے اس واقعے کو مزید بڑھنے سے روک دیا

لیکن کرکٹ میں ہونے والے بہت سے متنازع واقعات کی طرح یہ واقع میدان پر ختم نہیں ہوا بلکہ اس کی باز گشت اس پورے دورے اور اس کے کئی سال بعد بھی سنائی دیتی رہی۔ حتٰی کہ اس کا ذکر آج بھی متنازع ترین واقعات میں آتا ہے

وہ میچ تو پاکستان 286 رنز سے ہار گیا لیکن اس واقعے کے بنیادی ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے بڑی لمبی لے دے ہوئی۔ ڈینس لِلی اور جاوید میانداد دونوں ایک دوسرے کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتے رہے اور دونوں ٹیموں کی انتظامیہ دوسری ٹیم کے کھلاڑی کے خلاف کارروائی کے لیے کوشش کرتی رہیں

مشہور کرکٹ رائٹر مارٹن ولیمسن نے دونوں کھلاڑیوں کے انٹرویوز اور کتابوں کےحوالے دے کر لکھا ہے کہ ان میں سے کسی نے بھی اپنی غلطی تسلیم نہیں کی اور اپنے عمل کو دوسرے کی حرکت کا ردعمل قرار دیا۔ تاہم ڈینس لِلی نے واقعے کے اگلے روز پاکستان کے ڈریسنگ روم میں جا کر اپنے ’ردعمل‘ کی معافی چاہی جس کو پاکستانی ٹیم نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ ان کی حرکت ردعمل نہیں بلکہ اشتعال انگیزی کا بنیادی عمل تھا

اس واقعے کی تحقیقات کے بعد ڈینس لِلی پر دو سو آسٹریلین ڈالر کا جرمانہ کیا گیا، جس کو ناقدین کی طرف سے ناکافی قرار دینے کے بعد آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے یہ جرمانہ کم کر کے 120 آسٹریلین ڈالر کر دیا اور ساتھ ہی ان پر دو ایک روزہ میچوں کی پابندی بھی عائد کر دی جس کا مطلب یہ تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف بقیہ ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرتے رہیں گے

اگلے میچ میں ڈینس لِلی نے دونوں اننگز میں جاوید مینداد کی وکٹ لی اور آسٹریلیا یہ میچ بھی 10 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گیا تاہم سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ پاکستان نے جیت لیا

بعد ازاں جاوید میانداد اور ڈینس لِلی نے اپنے تعلقات بحال کر لیے تاہم اس واقعے پر وہ آج بھی اپنا اپنا موقف رکھتے ہیں اور اپنے عمل کا دفاع کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close