عامر خان اپنے پرفیکشن کے تصور کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں: مہیش بھٹ

ویب ڈیسک

بالی وُڈ سٹار عامر خان اور فلم ساز مہیش بھٹ کو بالی وُڈ کی تاریخ کی دو مشہور ترین فلموں میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، لیکن ان دونوں کا تجربہ ویسا نہیں تھا، جس کی انہیں امید تھی

انڈین ایکسپریس کے مطابق مہیش بھٹ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے پہچان رکھنے والے اداکار عامر خان کے ’پرفیکشن کے تصور‘ اور کام پر اس کے اثرات سے متعلق بات کی ہے

فلم ساز مہیش بھٹ نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ عامر خان ’پرفیکشن (کمالیت پسندی) کے بوجھ کی بیماری کا شکار‘ ہیں

پنک وِلا کو انٹرویو دیتے ہوئے مہیش بھٹ نے عامر خان کو ایک ایسا آدمی قرار دیا، جو ’زندگی کے ہر اعتبار سے مکمل دستاویز ہونے کے اپنے تصور میں گرفتار ہے۔‘

انہوں نے کہا ’عامر خان ایک مخلص شخص ہے لیکن پرفیکشن (کمالیت پسندی) کے بوجھ کی بیماری کا شکار ہے، جس کا اثر آپ اور آپ کے آس پاس کے لوگوں پر ہے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس وقت بھی یہی معاملہ تھا، جب آپ دونوں نے ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘ اور ’ہم ہیں راہی پیار کے‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، تو مہیش بھٹ نے کہا ”جی، وہ ایسا ہی تھا۔“

اپنے انٹرویو میں مہیش بھٹ کا کہنا تھا ”میرے خیال میں وقت کے ساتھ ایسا ہو جاتا ہے۔۔ کیونکہ آپ سمجھتے ہیں کہ آپ شاندار کام کے لیے جان لگا سکتے ہیں۔ پرفیکشن (کمال) کوئی سائنسی دستاویز ہے اور نہ ہی یہ قانونی دستاویز ہے۔ یہ آرٹ کا ایک کام ہے، جو سبجیکٹو ہوتا ہے۔ اور اگر آپ اس کی ایک ایک باریکی کی نوک پلک سنوارنے لگیں گے، ہر ہر ساؤنڈ بائٹ کو درست کرتے رہیں گے اور کہیں گے کہ ’میں اس لائن پر پھنس گیا ہوں۔‘ تو یہ انٹرویو کرنے میں ہمیں پندرہ سے بیس دن لگ جائیں گے“

مہیش بھٹ نے عامر خان کو ایک ’مخلص لڑکا‘ قرار دے کر کہا کہ وہ ’عظیم کامیابیاں حاصل کرنے والا شخص‘ ہے۔

وائلڈ فلمز انڈیا کی طرف سے شیئر کیے گئے ایک پرانے انٹرویو میں مہیش بھٹ نے فلم ’غلام‘ کے دوران عامر خان کے ساتھ اپنے تجربے کے بارے میں بتایا تھا کہ ’اس نے میرے ساتھ ’غلام‘ میں کام کیا۔ وہ میرے لیے کوئی خوش گوار تجربہ نہیں تھا۔‘

’جب آدمی اپنی عظمت کے بوجھ تلے ہوتا ہے تو یہ بوجھ اس کے آس پاس کے لوگوں کو بھی محسوس ہوتا ہے۔ یہ کافی مشکل ہوتا ہے بالخصوص جب آپ چھوٹے بجٹ کے ساتھ فلمیں بنا رہے ہوں۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close