بیکٹیریا انفیکشن دنیا بھر میں اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے: نئی تحقیق

ویب ڈیسک

بیکٹیریا انفیکشنز کی ہلاکت خیزی کے بارے میں پہلے عالمی مطالعاتی جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر میں اموات کی دوسری بڑی وجہ جراثیم سے ہونے والا انفیکشن ہے۔ جائزے کے مطابق 2019ع میں ہونے والی ہر آٹھ اموات میں سے ایک کی وجہ بیکٹیریا کا انفیکشن تھا

حال ہی میں جریدے ’دی لانسیٹ‘ میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق میں دو سو چار ملکوں اور خطوں میں تینتیس عام بیکٹیریا، پیتھوجینز اور گیارہ اقسام کے انفیکشنز سے ہونے والی اموات کا جائزہ لیا گیا

محققین کو معلوم ہوا کہ کووڈ-19 کی وبا کے آغاز سے ایک سال پہلے 2019ع میں 7.7 ملین اموات یعنی کل عالمی اموات کے 13.6 فیصد کا سبب وہ انفیکشن تھا، جو جراثیم کی وجہ سے پیدا ہوا تھا

محققین کا کہنا ہے کہ ان اعداد وشمار نے بیکٹیریا کے انفیکشن سے ہونے والی اموات کو دنیا بھر میں ہلاکتوں کی دوسری سب سے بڑی وجہ بنا دیا۔ جبکہ دنیا بھر میں اموات کی پہلی سب سے بڑی وجہ دل کی شریانوں کا سکڑ جانا ہے، جن میں دل کے دورے بھی شامل ہیں

محقیقن کے مطابق جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ ان اموات میں سے نصف کی وجہ، تینتیس میں سے صرف اسٹیفیلوکوکس یوریس، اشریکیاای کولائی، اسٹریپٹوکوکس نمونیا، کلیبسیلا نمونیا اور سوڈوموناس ( Staphylococcus ureus،Escherichia coli ،Streptococcus pneumoniae، Klebsiella pneumoniae اور Pseudomonas) نامی پانچ بیکٹیریاز ہیں

اسٹیفیلوکوکس یوریس بیکٹیریا انسانی جلد اور نتھنوں کا ایک عام بیکٹیریا ہے، لیکن یہ متعدد بیماریوں کی وجہ بنتا ہے۔ جبکہ ای کولائی بیکٹیریا عام طور پر فوڈ پوائزننگ کی وجہ بنتا ہے

یہ مطالعاتی جائزہ، جس میں دنیا بھر کے ہزاروں محققین شامل تھے، ایک وسیع تحقیقی پروگرام، گلوبل برڈن آف ڈیزیز کے فریم ورک کے تحت لیا گیا، جسے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے مالی اعانت فراہم کی

مطالعہ کے شریک مصنف اور امریکہ میں قائم انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیوایشن کے ڈائریکٹر کرسٹوفر مرے کا کہنا ہے کہ یہ نئے اعداد و شمار پہلی بار بیکٹیریل انفیکشن سے پیدا ہونے والے عالمی صحت عامہ کے چیلنج کی مکمل حد کو ظاہر کرتے ہیں

انہوں نے کہا ”ان نتائج کو عالمی صحت کے اقدامات کے ریڈار پر رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ بیماریاں پھیلانے والے ان مہلک بیکٹیریا کا مزید تفصیلی جائزہ لیا جا سکے اور اموات اور انفیکشن کی تعداد میں کمی لانے کے لئے مناسب سرمایہ کاری کی جا سکے

اس تحقیق سے غریب اور امیر خطوں کے درمیان واضح فرق کی نشاندہی بھی ہوئی

سب صحارا افریقہ میں، ہر ایک لاکھ افراد کی آبادی میں سے دو سو تیس افراد کی موت بیکٹیریل انفیکشن سے واقع ہوئی

جبکہ زیادہ آمدنی والے علاقوں میں جن میں مغربی یورپ، شمالی امریکہ اور آسٹریا کے ملک شامل تھے، ہر ایک لاکھ افراد میں سے بیکٹیریل انفیکشن سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد باون ہے

ریسرچ کرنے والوں نے اموات کی تعداد کو کم کرنے کے لیے نئی ویکسینز کی تیاری سمیت فنڈز میں اضافے کی اپیل کی اور غیر ضروری اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کے خلاف بھی خبردار کیا

انفیکشن سے بچنے کے لیے جو سب سے اہم تجاویز دی گئی ہیں، ان میں ہاتھ دھونا سرفہرست ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close