’گلوان سلامہ کہہ رہا ہے‘ بھارتی اداکارہ ریچا چڈا کو بھارتی فوج کی بھڑکی پر طنز مہنگا پڑ گیا

ویب ڈیسک

بولی وڈ کی ’بھولی‘ کہلانے والی اداکارہ ریچا چڈا کو بھارتی فوج کے عہدہ دار کی ایک بڑھک پر اپنی تین الفاظ پر مشتمل ٹوئٹ پر اس وقت معافی مانگنی پڑی، جب بھارتیوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غدار قرار دے دیا

ریچا چڈا نے 24 نومبر کو ایک مختصر ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے ’گلوان سیز ہائی‘ (گلوان سلام کہہ رہا ہے) لکھا اور ان کی ٹوئٹ کو بھارتی فوج کی توہین سمجھا گیا

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے مذکورہ ٹوئٹ بھارتی فوج کے ناردرن آرمی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کے ایک بیان کے بعد شیئر کی تھی

جنرل اوپیندرا دیودی نے 23 نومبر کو بیان دیا تھا کہ اگر حکومت فوج کو حکم دے گی تو فوج آزاد کشمیر پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کرلے گی

جنرل اوپیندرا دیودی کے بیان کے بعد ریچا چڈا نے جون 2020ع میں بھارتی فوج کی چینی فوج کے ہاتھوں متنازع علاقے لداخ کے مقام ’گلوان‘ پر شکست کے حوالے سے ذو معنی ٹوئٹ کی

اگرچہ ریچا چڈا نے ’گلوان‘ کے مقام پر چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی شکست اور بیس بھارتی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی بات نہیں لکھی، تاہم انہوں نے صرف یہ لکھا کہ ’گلوان سلام کہہ رہا ہے‘

اداکارہ کی مذکورہ ٹوئٹ پر بھارت بھر کے لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ٹوئٹ کو فوج کی توہین قرار دیا

بی جے پی کے منجندر سنگھ سرسا نے اس معاملے پر اپنا ردعمل شیئر کیا، جو اب ایسے موضوعات کی تاک میں بیٹھے بھارتی میڈیا کے لیے پرائم ٹائم بحث کا موضوع بن کر تنازعہ میں بدل گیا ہے

سرسا نے لکھا ”ذلت آمیز ٹویٹ۔۔ جلد از جلد واپس لیا جائے۔ ہماری مسلح افواج کی توہین جائز نہیں ہے“

ریچا چڈا کی ٹوئٹ پر بولی وڈ اداکار اکشے کمار بھی پیچھے نہ رہے، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ”فوج ہے تو بھارتی عوام ہیں“

ان کی طرح فلم پروڈیوسر اشوک پنڈت نے بھی ریچا چڈا کے خلاف ٹوئٹ کی اور ریاست مہاراشٹر کی پولیس کو اپیل کی کہ وہ اداکارہ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کرے

بعد ازاں اشوک پنڈت نے بتایا کہ انہوں نے ریچا چڈا کے خلاف ممبئی کے تھانے میں مقدمہ دائر کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے

علاوہ ازیں ریچا چڈا کی ٹوئٹ پر دیگر شخصیات نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا، جس کے بعد اداکارہ کو اپنی تین الفاظ پر مشتمل ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگنی پڑ گئی

ریچا چڈا نے ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کرتے ہوئے معافی مانگی اور لکھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے تین الفاظ لوگوں کی دل آزاری کا سبب بنیں گے

ان کو اپنی معافی کے ساتھ وضاحت کے لیے اپنے خاندان کی بھارتی فوج سے وابستگی کے ذکر کا بھی سہارا لینا پڑا

انہوں نے لکھا کہ ان کے نانا فوج میں تھے اور وہ چین- بھارت جنگ کے دوران زخمی بھی ہوئے، جبکہ ان کی والدہ کا تعلق بھی فوج سے رہا ہے اور ان کی رگوں میں فوج کا خون دوڑتا ہے

اداکارہ نے لکھا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ جب کوئی فوجی جوان جنگ میں ہلاک ہوتا ہے تو اس کے اہل خانہ پر کیا قیامت گزرتی ہے اور ان کا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا

اگرچہ اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے معافی بھی مانگی مگر اس باوجود لوگوں نے انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر شوبز میں پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا

بھارتیوں نے ریچا چڈا پر تنقید کرتے ہوئے ان کی مسلمان اداکار علی فضل سے شادی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی مسلمان سے شادی کو بھارتی فوج سے نفرت سے جوڑنے کی کوشش بھی کی

علاوہ ازیں ان کی پرانی تصویر اور وڈیوز شیئر کر کے ان کا پاکستان کے ساتھ تعلق جوڑنے کی کوشش بھی کی گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ ہمیشہ ہی پاکستان کی طرفداری کرتی رہی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close