سفری سرگرمیاں قدرتی ماحول کے لیے کتنی نقصان دہ ہیں؟

ویب ڈیسک

اس موسم سرما میں بظاہر زیادہ شدید موسمی واقعات دیکھنے میں آئے۔ اسی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ہر نئی رپورٹ کے نتیجے میں بار بار خبردار کیے جانے کے ساتھ ساتھ حالات کی بہتری کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے انسانیت ایک پاتال کی طرف بڑھ رہی ہے اور پھر بھی ہم اس بربادی میں معاون بننے والے سفر کو نہیں روک سکتے۔ بدقسمتی سے ہر چھٹی کا ماحول پر براہ راست اثر پڑتا ہے

ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے مطابق قدرتی ماحول کے لیے مضر گیس کاربن ڈائی آکسائیڈ (سی او ٹو) کا آٹھ سے دس فی صد سفر اور سیاحت کے شعبے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہاں یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ راستہ جتنا لمبا ہوگا، اتنا ہی سی او ٹو کا اخراج زیادہ ہوگا

گلوبل کاربن بجٹ رپورٹ کے مطابق بنی نوع انسان اس سال 36.6 بلین ٹن سی او ٹو کے اخراج کا سبب بنا۔ یہ مقدار کتنی بڑی ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1950ع میں اخراج کی یہ سطح صرف 6 بلین میٹرک ٹن تھی، جبکہ 1990ع میں یہ 22 بلین میٹرک ٹن تک پہنچ چکی تھی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جیسے جیسے سفر کے ذرائع میں اضافہ ہو رہا ہے، ویسے ویسے فضا میں سی او ٹو بڑھ رہی ہے

دراصل سفر کے تمام ذرائع بس، ٹرین، ہوائی جہاز، بحری جہاز یا کار کو چلنے کے لیے توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، جو عام طور پر تیل اور گیس جیسے فوسل ذرائع سے پیدا ہوتی ہے۔ جب یہ ایندھن جلتا ہے تو آب و ہوا کو نقصان پہنچانے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوتی ہے۔ یہ ماحول کو گرم کر دیتی ہے۔ نقل و حمل کا شعبہ انسانی ساختہ موسمیاتی تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے مسائل میں سے ایک ہے

یہی وجہ ہے کہ سفر کے دوران نقل و حمل کے ذرائع کے انتخاب سے فرق پڑ سکتا ہے۔ جرمن وفاقی ماحولیاتی ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ ایک مطالعے کے مطابق ایسے عمومی بیانات جن کے مطابق، ”ٹرین کا سفر کار کے مقابلے میں زیادہ ماحول دوست ہوتا ہے،‘‘ ہمیشہ درست نہیں ہوتے

شمالی یورپ میں سیاحتی تحقیق کے انسٹیٹیوٹ (این آئی ٹی) میں ٹورسٹ موبیلٹی ریسرچ کے سربراہ بینیٹ گریم کہتے ہیں ”اب جبکہ زیادہ لوگ سفر کے آب و ہوا کو نقصان پہنچانے والے پہلوؤں سے آگاہ ہو چکے ہیں، کیا اس سے پائیدار سفر میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے؟ یقینناﹰ نہیں! دنیا کو دیکھنے کی خواہش اور آب و ہوا کے موافق سلوک کرنے میں دلچسپی پر اکثر سفر کرنے کی خواہش غالب رہتی ہے“

جرمنی کی ہالیڈے اینڈ ٹریول ریسرچ ایسوسی ایشن کے 2022ع کے سفر سے متعلق ایک تجزیے کے مطابق جہاں تک پانچ یا اس سے زیادہ دنوں کی بات ہے تو 2021ع میں ایسے 55.1 ملین سفر کیے گئے اور مختصر دورانیے کے سفر کے تعداد 44.8 ملین رہی

طویل دوروں کے لیے 34 فی صد سیاحوں نے ہوائی جہاز سے سفر کرنے کا انتخاب کیا۔ بہت سے لوگ پہلے ہی جانتے ہیں کہ ہوائی سفر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے سب سے زیادہ اخراج کا سبب بنتا ہے، پھر بھی وہ اپنے سفر کے طریقے میں تبدیلی کم ہی کرتے ہیں

کیا آگاہی نے سفر بدل دیا ہے؟

فرانس سے تعلق رکھنے والی سیورین لینگلیٹ نے اعتراف کیا کہ وہ ماحولیات کے حوالے سے زیادہ باشعور مسافر نہیں ہیں کیونکہ وہ اکثر ہوائی جہاز کے ذریعے برلن اور پیرس کے درمیان سفر کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ 2023ع کا انتظار کر رہی ہیں، جب ایک نئی ٹرین لائن پیرس اور برلن کو آپس میں جوڑے گی اور وہ فضائی کے بجائے اس کا انتخاب کریں گے

بچوں والے خاندانوں کو چھٹی کے دوران سفر کرنے کا طریقہ منتخب کرتے وقت اضافی تحفظات بھی ہوتے ہیں۔ برلن سے تعلق رکھنے والی این کولیرس کہتی ہیں، ”ہم عام طور پر کرائے کی کار میں چھٹیوں پر جاتے ہیں۔ گاڑی کا انتخاب کرنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے ساتھ سامان کی بڑی مقدار لے جاتے ہیں۔‘‘

اسی طرح فرینکفرٹ سے تعلق رکھنے والے جولین شروگل اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے گرمیوں کی چھٹیوں پر جانا کوئی آپشن نہیں۔ شروگل کا کہنا ہے کہ اگر وہ ہوائی جہاز سے سفر کرتے ہیں تو یہ صرف ایک ماہ سے زیادہ کے سفر کے لیے ہوتا ہے

ماحول دوست سفر کا مستقبل

سفر یقیناً ان لوگوں کے لیے بھی آمدنی پیدا کرتا ہے جو سیاحت کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ تاہم سیاح سفر سے پیدا ہونے والی مضر گیسوں کے اخراج کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے سفری طریقوں پر نظر ثانی کر سکتے ہیں۔ اس دوران وہ کئی چھوٹے دوروں پر جانے کے بجائے ایک ہی جگہ زیادہ دیر ٹھہر سکتے ہیں

بینیٹ گریم کا کہنا ہے کہ سفر کو ایک تجربے کے حصے کے طور پر دیکھنا اور چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے آس پاس کے مقامات پر بھی جانا ایک خوشگورا تجربہ ہو سکتا ہے۔ کیونکہ ان کے بقول ہر مقام کسی بھی صورت میں کوئی منفرد چیز پیش کرتا ہے

تاہم سفر کو آب و ہوا کے موافق بنانا صرف افراد پر نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔ برلن کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے فیلکس کریوٹزگ کہتے ہیں، ”ٹرانسپورٹیشن کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں بات کرنا ضروری ہے اور اس کے لیے نہ کہ صرف افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ ماحول دوست سفر کے لیے آب و ہوا سے متعلق غیر جانبدار، قابل بھروسہ پیشکش ہونی چاہیے۔‘‘ ان کا خیال ہے کہ حکومتوں اور شہروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سفر کو ماحول دوست بنانے کی سمت میں اقدامات کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close