’ہلاکت خیز‘ دوا اداکار کیانو ریوز کے نام سے کیوں منسوب کی گئی

ویب ڈیسک

پودوں اور انسانوں میں بیماریوں کا سبب بننے والی پھپھوندی کے خلاف موثر، ایک قدرتی جراثیم کش پروڈکٹ کا نام ہالی وڈ اداکار کیانو ریوز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے

’جرنل آف دی امریکن کیمیکل سوسائٹی‘ میں حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح سوڈموناس قسم کے بیکٹیریا کی تیار کردہ ’کیانومائسین‘ کا قدرتی پروڈکٹ گروپ، پودوں کے کیڑوں کے خلاف کام کرتا ہے

جرمنی کے ’لائبنز انسٹیٹیوٹ فار نیچرل پروڈکٹ ریسرچ اینڈ انفیکشن بائیولوجی‘ کے محققین کا کہنا ہے ”مالیکیولز کا یہ گروپ اس قدر موثر انداز سے مارتا ہے کہ ہم نے ان کا نام ہالی وڈ اداکار کیانو ریوز کے نام پر رکھ دیا کیونکہ وہ بھی اپنے کرداروں میں انتہائی خطرناک ہیں“

انڈپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے دیکھا کہ کیانومائسین نامی اجزا پودوں کے کیڑے ’بوٹرائیٹس سینیریا‘ کے خلاف موثر طریقے سے کام کرتے ہیں، جو گرے مولڈ روٹ (پھپھوندی) کا سبب بنتے ہیں اور ان کی ہر سال فصل کو بہت زیادہ نقصان پہنچتا ہے

اس سے قبل ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ پھپھوندی ہر سال پھلوں اور سبزیوں کی کاشت میں فصل کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، جس سے دو سو سے زائد مختلف اقسام کے پھل اور سبزیاں خاص طور پر اسٹرابیری اور کچے انگور متاثر ہوتے ہیں

مطالعات سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ کیانومائسین مالیکیولز میں فعال اجزا انسانوں کے لیے خطرناک پھپھوندی کی نشوونما کو روک سکتے ہیں جیسا کہ کینڈیڈا البیکنز (پھپھوندی کی ایک قسم) میں

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ’مالیکیولز کا یہ گروپ، حشرات کش کیمیائی دواؤں کا ’ماحول دوست متبادل‘ ثابت ہو سکتا ہے اور ادویات کے خلاف مزاحمت کرنے والی پھپھوندی کے خلاف جنگ میں متبادل بھی پیش کر سکتا ہے

تحقیق کے شریک مصنف سیبسٹین گوٹز نے ایک بیان میں کہا ”انسان کو بیمار کرنے والی بہت سی فنگس اب اینٹی فنگل ادویات کے خلاف مزاحمت کر رہی ہیں۔ جزوی طور پر اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسی ادویات زراعت کے اندر بڑی مقدار میں استعمال ہوتی ہیں“

سوڈوموناس کے بیکٹیریا کے مرکبات کے اثرات کا تجزیہ کرنے والے محققین کو معلوم ہوا کہ ان میں سے بہت سے بیکٹیریا کی اقسام امیبا کے لیے بہت زہریلی ہیں، جو بیکٹیریا کو کھاتی ہیں

اب سائنسدانوں نے سوڈوموناس بیکٹیریا کے جینوم میں اے، بی اور سی لیبل والی مصنوعات کے نئے دریافت شدہ کیانومائسین گروپ کے جینز دریافت کیے ہیں

ان کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی پروڈکٹس لیپوپیپٹائڈ مالیکیولز کی ایک کلاس سے تعلق رکھتی ہیں، جن میں ’صابن جیسی خصوصیات‘ ہیں

سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ کیانومائسین، ہائیڈرینجیا کے پتوں پر پھپھوندی کے خلاف مؤثر تھا، جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ قدرتی پراڈکٹ حشرات کش کیمیائی دواؤں کا ممکنہ طور پر ماحول دوست متبادل ہو سکتی ہے

ڈاکٹر سیبسٹین گوٹز کا کہنا ہے ”مطالعاتی طور پر سوڈموناس ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے کیانومائسین پر مشتمل سپرنیٹنٹ کو پودوں کے لیے براہ راست استعمال کیا جا سکتا ہے“

جب محققین نے انسانوں کو متاثر کرنے والی پھپھوندی کے خلاف قدرتی مصنوعات سے مختلف مادوں کا تجربہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ بیماری پیدا کرنے والی فنگس کینڈیڈا البیکنز کی نشو و نما کو سختی سے روک دیتا ہے

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ تازہ ترین نتائج اس ممکنہ قدرتی پروڈکٹ کے طریقۂ عمل پر مزید روشنی ڈالتے ہیں، اور ممکنہ طور پر ’انسانوں اور زراعت میں استعمال ہونے والی اینٹی فنگل ادویات کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close