ارشد شریف کی بیوہ کی سوشل میڈیا مہم، اقوام متحدہ سے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

ویب ڈیسک

صحافی ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے سوشل میڈیا پر ایک مہم کا آغاز کیا ہے، جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری سے اپنے شوہر کے قتل کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے

جویریہ صدیق نے اتوار کو اپنی ایک وڈیو میں کہا ”میرے شوہر ارشد شریف کے کینیا میں قتل کو پانچ ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے، تاہم اس حوالے سے پاکستان اور کینیا میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے“

انہوں نے کہا ”میں اقوام متحدہ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم منتخب کرے، تاکہ صحافی ارشد شریف کے قتل کی مکمل انکوائری کی جا سکے“

جویریہ صدیق کا مزید کہنا تھا ”اقوام متحدہ ایک ریپیٹیور کو متعین کرے، جو اس مسئلہ کو دیکھے اور اگر ضرورت پڑے تو اسے انٹرنیشنل کریمینل کورٹ کو تفویض کرے“

یاد رہے سینیئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو 23 اکتوبر، 2022 کو نیروبی کے مضافات میں پراسرار طور پر قتل کر دیا گیا تھا

سوشل میڈیا پر مہم کے حوالے سے جویریہ صدیق نے بتایا کہ وہ ’یو این فار ارشد شریف‘ کے نام سے ایک ہیش ٹیگ کے ذریعے ایک سلسلہ شروع کر رہی ہیں، جس کے تحت سوشل میڈیا صارفین بھی اقوام متحدہ سے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کر سکتے ہیں

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے مطالبے کے لیے ایک خط لکھ کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ ’اس خط کو شیئر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش کو ٹیگ کریں۔‘

جویریہ صدیق نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے علاوہ دیگر عالمی اداروں اور شخصیات کو بھی ٹیگ کرنے کا کہا ہے

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس اعجاز الاحسن نے بھی رواں سال جنوری میں صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات میں اقوام متحدہ کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا

جبکہ گذشتہ سال دسمبر میں سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل پر حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لیے بنائی گئی خصوصی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) مسترد کرتے ہوئے نئی خصوصی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا

ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی اس نئی خصوصی جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کو سپریم کورٹ نے فوری طور پر تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہر دو ہفتے بعد پیش رفت رپورٹ طلب کرنے کی بھی ہدایت دی تھی

تاہم اب ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے کہا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں اور شخصیات کے نام خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’ارشد شریف کی فیملی کو انصاف نہیں مل رہا اور ہمارے پاس کینیا میں بھی کوئی قانونی مدد موجود نہیں ہے نہ ہی وہاں کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’نہ گولیاں چلانے والوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی ہم سے جے آئی ٹی کی رپورٹ شیئر کی گئی ہے‘

اس ضمن میں صحافی ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے گذشتہ سال 17 نومبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو لکھے گئے ایک خط میں ان کے شوہر کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کروانے کی غرض سے مدد طلب کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close