ڈنمارک نے ویران تہہ خانے میں دس ہزار انسانی دماغ کیوں محفوظ کر رکھے ہیں؟

ویب ڈیسک

ڈنمارک کی سب سے بڑی یونیورسٹیوں میں سے ایک یونیورسٹی آف ساؤتھ ڈنمارک کے ایک ویران تہہ خانے میں ہزاروں کی تعداد میں سفید بالٹیاں شیلفوں میں قطار در قطار رکھی ہیں۔ ان میں سے ہر ایک میں بے رنگ گیس فارمل ڈیہائیڈ میں انسانی دماغ رکھے ہوئے ہیں اور ان کی کل تعداد 9479 ہے

یہ ملک بھر کے نفسیاتی اداروں میں مرنے والے مریضوں کے دماغوں ہیں، جنہیں پوسٹ مارٹم کے بعد نکال کر محفوظ کر دیا گیا ہے ہے

1980ع کے عشرے سے اب تک تقریباً چار عشروں کے دوران جمع ہونے والے یہ دماغ، دنیا میں کہیں بھی اس طرح کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے

اہم بات یہ ہے کہ ان دماغوں کو مریضوں یا ان کے قریبی رشتہ داروں کی پیشگی رضامندی کے بغیر محفوظ کیا گیا، جس کی وجہ سے ایک ایسی بحث کی ابتدا ہوئی جو طویل عرصے سے اب بھی جاری ہے

بالآخر سنہ 1990 کی دہائی میں ڈنمارک کی اخلاقیات کی کونسل نے طے کیا کہ ٹشوز کو سائنسی تحقیق کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کے بعد اوڈینسی شہر میں موجود یونیورسٹی دماغی بینک کے طور پر کام کرتی ہے

کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران اس ذخیرے نے ڈیمنشیا اور ڈپریشن سمیت کئی بیماریوں کے مطالعہ میں سہولت فراہم کی ہے

تفصیلی دستاویزات سازی
اس ذخیرے کو دوسری جنگ عظیم کے بعد سنہ 1945 سے اکٹھا کرنا شروع کیا گيا اور ڈنمارک کے مختلف حصوں میں نفسیاتی اداروں میں مرنے والے دماغی طور پر بیمار مریضوں کے دماغ نکالے جانے لگے

شروع میں ان انسانی دماغوں کو آرہاؤس کے ریسکوف سائیکاٹرک ہسپتال میں رکھا گیا تھا، جہاں انسٹیٹیوٹ فار برین پیتھالوجی کام کرتی تھی

پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹر لاش کو قریبی قبرستانوں میں دفن کرنے سے پہلے اس کا معائنہ کرنے اور تفصیلی نوٹ بنانے کے لیے دماغ نکال لیا کرتے تھے

اوڈینسی میں دماغی ذخیرے کے موجودہ ڈائریکٹر اور پیتھالوجسٹ مارٹن وائرنفیلٹ نیلسن کہتے ہیں ”ان تمام دماغوں کی بہت اچھی دستاویزی تفصیل تیار کی گئی ہیں۔۔ ہم جانتے ہیں کہ مریض کون تھے، وہ کہاں پیدا ہوئے، اور وہ کب مرے۔ ہمارے پاس ان کی تشخیص اور نیوروپیتھولوجی (پوسٹ مارٹم) کی رپورٹس بھی ہیں۔۔ بہت سے مریضوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ نفسیاتی ہسپتالوں میں گزارا، اس لیے پیتھالوجسٹ کی تفصیلی رپورٹس کے علاوہ، ہمارے پاس تقریباً آدھے مریضوں کی طبی تاریخیں بھی ہیں“

مارٹن وائرنفیلٹ نیلسن نے کہا ”درحقیقت ہمارے پاس بہت زیادہ میٹا ڈیٹا ہے۔ ہم ڈاکٹروں کے اس وقت مریض پر کیے جانے والے بہت سے کاموں کو دستاویزی شکل دے سکتے ہیں، اور ساتھ ہی ساتھ ان کا دماغ بھی ہمارے پاس موجود ہے“

دماغ کے تحفظ کا کام سنہ 1982ع میں اس ختم ہوا، جب آرہاؤس یونیورسٹی کو نئے احاطے میں منتقل ہونا تھا اور دماغ کی ذخیرہ اندوزی کے لیے کوئی بجٹ نہیں تھا۔ ایسے میں اس پروگرام کو ترک کرنے کی بھی باتیں ہونے لگیں اور ان تمام حیاتیاتی مواد کو تباہ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ لیکن پھر اوڈینسی میں یونیورسٹی آف ساؤتھ ڈنمارک نے نکالے جانے والے دماغوں کو اپنے یہاں رکھنے پر اتفاق کیا، جسے ڈاکٹر نیلسن نے ’ریسکیو آپریشن‘ سے تعبیر کیا ہے

اخلاقی سوال

ڈاکٹر مارٹن نیلسن پانچ سال تک اس ذخیرے کے ڈائریکٹر رہے ہیں۔ اگرچہ اس کے متعلق ان کا تصور بس حاشیائی تھا لیکن وہ اس کی وسعت سے بے خبر نہیں تھے۔ وہ بتاتے ہیں ”جب میں نے اسے (ذخیرے کو) پہلی بار دیکھا تو میں واقعی حیران رہ گیا“

اگرچہ اس کا وجود کبھی بھی راز نہیں تھا اور کبھی کبھار افواہوں کا موضوع بھی بنتا تھا، لیکن یہ غیر معمولی ذخیرہ ڈنمارک کے اجتماعی شعور کا اس وقت تک حصہ نہیں تھا، جب تک کہ اسے اوڈینسی میں یونیورسٹی میں منتقل کیے جانے کا منصوبہ نہ سامنے آيا

اس معاملے کا ایک انتہائی اہم پہلو اس کا اخلاقی جواز پر موجود سوال ہے۔ انسانی باقیات کے ساتھ جو اخلاقی سلوک کیا گیا، اس پر سیاسی، مذہبی اور سائنسی گروہوں کے درمیان مریضوں کے حقوق کے بارے میں ایک زبردست عوامی بحث چھڑ گئی۔ تاہم اس ساری بحث میں ڈنمارک کے لوگوں کے سامنے ایک سماجی پہلو ابھر کر سامنے آیا، جس پر انہوں نے اب تک توجہ نہیں دی تھی یعنی ذہنی بیماری

نیشنل ایسوسی ایشن فار سائیکیٹرک ہیلتھ (ایس آئی این ڈی) کے سابق صدر کنود کرسٹنسین کہتے ہیں ”ذہنی بیماری ایک ایسا بدنما داغ تھا کہ کسی کا اگر بھائی، بہن، باپ یا ماں نفسیاتی وارڈ میں ہوتا تھا تو وہ اس کا ذکر بھی نہیں کرتا تھا۔۔ اس وقت، مریضوں کو ان کی پوری زندگی کے لیے ہسپتال میں داخل کرا دیا جاتا تھا۔ ان کی بیماری کا کوئی علاج نہیں تھا، لہٰذا وہ وہیں رہتے، شاید باغ میں کام کرتے، یا باورچی خانے میں کام کرتے یا کچھ اور کام کرتے تھے۔ وہ وہیں مر جاتے اور ہسپتال کے قبرستان میں دفن کر دیے جاتے“

نفسیاتی مریضوں کو بہت کم حقوق حاصل تھے۔ کسی بھی قسم کی منظوری کے بغیر ان کا کسی مخصوص معاملے میں علاج ہو سکتا تھا۔۔

کرسٹینسن نے کہا کہ یہ بہت ممکن ہے کہ مریضوں کے لواحقین کو اس بات کا بھی علم نہ ہو کہ ان کے دماغ کو محفوظ کیا جا رہا ہے، اور کہا کہ ذخیرے میں موجود بہت سے دماغوں میں لوبوٹومی کے آثار ہیں۔ اسے ہم آج ناقص علاج کے طور پر جانتے ہیں لیکن اس وقت وہ بہت عام تھا

جب کرسٹینسن ایس آئی این ڈی کے صدر تھے، تو وہ یہ فیصلہ کرنے میں شامل تھے کہ دماغوں کے ساتھ کیا کرنا ہے، یہ ایک متنازع مسئلہ تھا جو بحث کے کئی مراحل سے گزرا

بنیادی مفروضہ یہ تھا کہ دماغوں کو مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کی رضامندی کے بغیر جمع کیا گیا تھا، لہٰذا اخلاقی نقطہ نظر سے اسے برقرار رکھنا مناسب نہیں تھا

لہٰذا انہوں نے اعضاء کو تباہ کرنے یا یہاں تک کہ انہیں ان مریضوں کے پاس دفن کرنے پر تبادلہ خیال کیا، جن سے ان کا تعلق تھا۔ لیکن ہر ایک کی قبروں کی شناخت کا کوئی طریقہ نہیں تھا اور یہاں تک کہ تمام دماغوں کو ایک جگہ پر اجتماعی طور پر دفن کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی

کئی سالوں کے بعد، ملک کی اخلاقیات کونسل نے فیصلہ کیا کہ خاندانوں کی رضامندی کے بغیر سائنسی تحقیق کے لیے ان کا استعمال کرنا اخلاقی طور پر قابلِ قبول ہے۔ آخر کار ایس آئی این ڈی اس پر راضی ہو گیا

کرسٹینسن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ کہا گیا کہ ’ٹھیک ہے، ہم نے دماغ جمع کر کے ایک بہت ہی غیر اخلاقی کام کیا، لیکن چونکہ ہمارے پاس اب وہ موجود ہیں، اس لیے یہ بھی غیر اخلاقی ہو گا کہ اس مجموعے کو تباہ کر دیا جائے اور اسے تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے‘

انہوں نے مزید کہا ”میری بنیادی تشویش یہ تھی کہ ایک بار تحقیقات کی منظوری دے دی جاتی ہے تو پھر اس بات کی ضمانت ہونی چاہیے کہ اس منصوبے کو اخلاقی طریقے سے انجام دیا جائے“

دماغ کا ذخيرہ اور اس کی تمام دستاویزات، کچھ پابندیوں کے ساتھ، کسی بھی محقق کو اس کے متعلق پروجیکٹ تیار کرنے کے لیے دستیاب ہیں۔ اس میں بین الاقوامی سائنس دان بھی شامل ہیں لیکن مارٹن ویرنفیلٹ نیلسن کا کہنا ہے کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں اپنا پروجیکٹ ایک تشخیصی کمیٹی کے سامنے پیش کرنا ہوگا اور ڈنمارک کے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا

ہر دماغ کو فارمالین کی ایک بالٹی میں محفوظ کیا گيا ہے اور پوسٹ مارٹم کے دوران لیے جانے والے اضافی ٹشو کو پیرافین بلاکس میں لپیٹا گيا ہے۔ اسی طرح ان کے پاس بہت سی اصلی مائکروسکوپی پلیٹیں ہیں، جو اس وقت بنائی گئی تھیں

ڈاکٹر نیلسن نہ صرف ذخیرہ کرنے کا انتظام کرتے ہیں بلکہ مواد کے بہترین استعمال میں محققین کی رہنمائی بھی کرتے ہیں، دماغ کے ڈی این اے میں ہونے والی تبدیلیوں جیسی چیزوں کی جانچ کرنے کے لیے مالیکیولر بائیولوجی کی نئی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہیں

ڈاکٹر نیلسن کے مطابق ”یہ ایک لاجواب سائنسی وسیلہ ہے اور اگر آپ ذہنی بیماری کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو یہ ذخیرہ بہت مفید ہے۔ در حقیقت سائنسدانوں کا اتنے سالوں پہلے مریضوں کے دماغ کو محفوظ رکھنے کا فیصلہ محققین کی آئندہ نسلوں کے لیے ایک ’زبردست‘ قدم تھا۔ ہوسکتا ہے، اب سے کچھ عرصہ بعد، شاید پچاس سال یا اس سے زیادہ، کوئی آئے اور دماغ کے بارے میں ہم سے زیادہ جانیں“

کنود کرسٹینسن اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اس ذخیرے میں دماغی بیماری کے بارے میں نئی دریافتوں کا امکان ہے۔ وہ کہتے ہیں ”یہ ایک عظیم اثاثہ ہے۔ یہ دماغ اتنے پرانے ہیں اور انہیں ایسے مریضوں سے نکالا گیا ہے جنہیں اینٹی سائیکوٹک ادویات نہیں دی جاتی تھیں (کیونکہ وہ موجود نہیں تھیں)۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ ان پرانے دماغوں کا تازہ دماغوں سے موازنہ کر سکتے ہیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ ادویات کیا تبدیلیاں لاتی ہیں“

تاہم انہیں شبہ ہے اس ذخیرے کا خاطر خواہ استعمال بھی کیا جائے گا۔ ”تحقیق پر بہت زیادہ پیسہ خرچ ہوتا ہے اور زیادہ تر نفسیاتی مطالعات کو دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے، جس کی بنیادی دلچسپی نئی دوائیوں کی ترقی پر ہے نہ کہ ان وجوہات کی دریافت پر جو ذہنی بیماری کا سبب بنتی ہیں“

لیکن ڈاکٹر نیلسن یقین دلاتے ہیں کہ اس وقت ڈیمنشیا اور ڈپریشن جیسی بیماریوں کے مطالعہ کے لیے کئی منصوبے چلائے جا رہے ہیں، حالانکہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ انہوں نے ابھی تک ایسے کام نہیں کیے ہیں جنہیں ’انقلابی‘ کہا جا سکے

وہ کہتے ہیں ”لیکن وہ اب سامنے آ رہی ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے طویل مدتی عزم کی ضرورت ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ نتائج آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں“

نیلسن نے زور دے کر کہا ”اس ذخیرہ کی اہم بات اس کی تعداد ہے۔ یہ انوکھا ہے، کیونکہ مثال کے طور پر اگر ہم شیزوفرینیا جیسی پیچیدہ بیماری کے متلعق تحقیق کرنا چاہتے ہیں تو ہم صرف ایک دو دماغ تک محدود نہیں ہوں گے۔ اس منصوبے کے لیے ہمارے پاس سو پانچ سو یہاں تک کہ ایک ہزار دماغ بھی ہوں گے اور ہم اسی پروجیکٹ کے تحت یہ دیکھنے کے قابل ہوں گے مختلف حالتوں میں دماغ کو ہونے والے نقصانات کیا ہیں۔ دوسری صورت میں ہم اس قابل نہیں ہو سکتے تھے“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close