کیا بولی ووڈ کی معروف اداکارہ تبو کے والد پاکستانی تھے۔۔۔ معاملے پر پہلی بار تبو کی لب کشائی

ویب ڈیسک

اگرچہ ماضی میں بھی متعدد یہ خبریں بھارتی ویب سائٹس کی زینت بنتی رہی ہیں کہ اداکارہ تبو اور ان کی بہن ماضی کی مقبول اداکارہ فرح ناز ایک پاکستانی اداکار کی بیٹیاں ہیں، تاہم اب اداکارہ تبو نے بھی پہلی بار اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جب وہ انتہائی کم عمر تھیں تب ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی۔

شوبز ویب سائٹ ’مسالا‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تبو نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران وضاحت کی کہ وہ پاکستانی سینما انڈسٹری کے معروف اداکار جمال ہاشمی کی بیٹی ہیں

اداکارہ نے بتایا ”جب میں محض تین سال کی تھی، تب ہی ہمارے والدین کی طلاق ہوگئی تھی“

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ تبو کے والد جمال ہاشمی ماضی میں ایک معروف پاکستانی اداکار تھے، یہ 1970 کی دہائی کی بات ہے کہ جب پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر اور ہدایت کار علی آفان صدیقی کو اپنی فلم کے لیے ایک چہرے کی تلاش تھی، جو پہلے کبھی کسی فلم میں نظر نہیں آیا ہو، اسی دوران اُنہیں جمال ہاشمی کا معلوم ہوا اور اُنہوں نے اپنی فلم کے لیے جمال ہاشمی کا انتخاب کر لیا

علی آفان صدیقی کی پروڈیوس کردہ فلم ’سزا‘ نے ریلیز کے بعد خوب مقبولیت حاصل کی، جس کے بعد جمال ہاشمی کا نام فلمی دُنیا میں جمیل ہاشمی رکھ دیا گیا

جمال ہاشمی نے بھارتی شہر حیدرآباد کے مسلمان گھرانے میں رضوانہ نامی خاتون سے شادی کی، رضوانہ دراصل بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کی رشتے دار تھیں، رضوانہ پیشہ ورانہ طور پر ٹیچر تھیں، شادی کے بعد وہ اپنے شوہر جمال ہاشمی کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوگئیں اور پنجاب کے شہر لاہور میں رہنے لگیں

جمال ہاشمی کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی، اُن کی شادی شدہ زندگی میں لڑائی جھگڑے اس قدر بڑھ گئے تھے کہ بات طلاق تک آگئی، اُس وقت تک جمال ہاشمی پاکستانی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکے تھے اور بھارت منتقل ہو گئے

اس جوڑی کے ہاں دو بیٹیوں کی پیدائش ہوئی جن میں بالی ووڈ اداکارہ ’تبو‘ اور اُن کی بہن فرح ناز شامل ہیں، تبو کا اصل نام تبسم فاطمہ ہاشمی ہے وہ 4 نومبر 1971 کو پیدا ہوئیں۔

تبو نے جب بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو اُن کے والد جمال ہاشمی اُن کے بے حد خلاف تھے، وہ نہیں چاہتے تھے کہ اُن کی بیٹیاں فلموں میں کام کریں، لہٰذا وہ اپنی بیٹیوں کو چھوڑ کر گمنامی کی زندگی گزارنے لگے

بعدازاں، تبو کی بہن فرح ناز نے اپنے والد کو ڈھونڈا اور اُنہیں اپنے ساتھ لے جانا چاہا لیکن اُنہوں نے یہی کہا کہ وہ اپنے گھر کی عورتوں کے فلموں میں کام کرنے کے سخت خلاف ہیں، لہٰذا اُنہوں نے بیٹی کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا

دوسری جانب بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، تبو نے کچھ عرصہ قبل ایک شو میں بتایا تھا کہ جب وہ تین سال کی تھیں تو ان کے والدین کے درمیان طلاق ہو گئی تھی اور انہوں نے کبھی والد کو نہیں دیکھا

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ والدین کے درمیان طلاق کیوں ہوئی، لیکن بتایا تھا کہ شادی ختم ہونے کے بعد ان کے والد نے دوسری شادی کرلی، جہاں سے بھی انہیں بیٹیاں ہیں

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی اپنے والد سے نہیں ملیں، البتہ ان کی بڑی بہن فرح ناز والد سے ملتی رہی ہیں

انہوں نے بتایا کہ ان کی پرورش ان کی والدہ اور نانی و نانا نے کی، ان کا پیدائشی نام تبسم فاطمہ ہاشمی تھا، لیکن انہوں نے کبھی بھی اپنے والد کا نام ہاشمی استعمال نہیں کیا، زمانہ طالب علمی میں ان کا نام تبسم فاطمہ تھا

واضح رہے کہ مذکورہ شو کے علاوہ بھی تبو متعدد بار مبہم انداز میں والد کا ذکر کرتی رہی ہیں، لیکن کبھی بھی انہوں نے والد کی برائی نہیں کی اور نہ ہی ان کے حوالے سے کھل کر تفصیلات بتائیں، تاہم حال ہی میں انہوں نے پہلی بار شو میں بتایا کہ ان کے والد پاکستانی سینما کے جانے پہچانے نام تھے

تبو نے گیارہ سال کی عمر میں 1982 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ فلموں میں کام کرنا شروع کیا تھا، 1990 کے بعد انہوں نے تیلگو فلموں میں کام کیا، لیکن جلد ہی انہوں نے بولی وڈ کا رخ کیا

تبو کا شمار 1990 سے 2000 کی ٹاپ بولی وڈ ہیروئنز میں ہوتا ہے، ان کی جوڑی اجے دیوگن کے ساتھ سراہی گئی، وہ پانچ درجن سے زائد فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close