دس لاکھ سال قدیم میمتھ سے تاریخ کا قدیم ترین ڈی این اے پڑھ لیا گیا

ویب ڈیسک

بین الاقوامی جینیات دانوں کی ٹیم نے کئی برس کی محنت سے دنیا کے قدیم ترین میمتھ کے ڈی این اے کو نکالا ہے اور ڈی این اے کے کئی ٹکڑوں کو جوڑ کر ایک مکمل جینیاتی سلسلہ مرتب کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے

یہ ڈی این اے 7 سے 12 لاکھ سال قبل سائبیریا کے علاقے میں گھومنے پھرنے والے بالوں بھرے تین قدیم ہاتھیوں، میمتھ کے دانتوں سے نکالا گیا ہے۔ ان سب میں ڈی این اے کے نامکمل ٹکڑے تھے، تاہم بعد میں انہی سے ایک مکمل ڈی این اے مرتب کیا گیا ہے

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک گھوڑے سے حاصل کیے گئے ڈی این اے کو قدیم قرار دیا گیا تھا، جو قریباً ساڑھے پانچ سے سات لاکھ اسی ہزار سال پہلے کا بتایا جا رہا تھا

سویڈن میں قدیم جینیات کے ماہر لوَڈالین کہتے ہیں کہ یہ بہت پرانا ڈی این اے ہے۔ بالوں بھرے اصلی میمتھ درحقیقت آٹھ لاکھ سال قبل نمودار ہوئے تھے اور آخرکار اب سے چار ہزار سال قبل صفحہ ہستی سے مِٹ گئے تھے۔ لیکن ماہرین نے بالوں بھرے ان عفریت کے جد کا ڈی این اے تلاش کیا اور وہ بھی برفانی علاقوں میں ہی رہتے تھے۔ انہیں اسٹیپ میمتھ کہتے ہیں جو پندرہ لاکھ سال قبل شمالی امریکہ پہنچے تھے

تحقیقی ٹیم نے سات لاکھ سال کے ایک ، اور دس لاکھ سال کے دو میمتھ ک دانتوں سے ڈی این اے نکالا اور ان کے ٹکڑوں کو جوڑنے کا تھکا دینے والا کام شروع کیا، کیونکہ کسی بھی دانت سے مکمل ڈی این اے نہیں مل سکا تھا۔ سائنسدانوں کے دعوے کے مطابق یہ تمام جانور مستقل برف میں دبے تھے اور اسی وجہ سے ان کے دانتوں کی جڑ میں گوشت اور خون محفوظ رہ گیا تھا

تحقیق سے معلوم ہوا کہ سائبیریا میں میمتھ کی ایک قسم نہیں بلکہ کم از کم دو اقسام کے میمتھ زندگی گزار رہے تھے۔ اس طرح اب میمتھ کی دو طرح کی جینیاتی سلسلے ہمارے سامنے آئے ہیں۔ دوسری جانب یہ مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ آخر کس طرح میمتھ ایک مقام سے دوسرے مقام اور براعظم تک پہنچے تھے

اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسٹیپ میمتھ اور بالوں والے میمتھ کے ملاپ سے ایک نئی قسم کے میمتھ نے جنم لیا، جن کے آثار شمالی امریکہ سے ملے ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close