سماجی رابطے کی مشہور عالمی ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کی عوامی وڈیوز کا جائزہ لینے اور مونیٹائزیشن کے لیے مصنوعی ذہانت کے پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے
عالمی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک اب اپنی پروگرامنگ کو صارفین کی عوامی وڈیوز کے لیے ترتیب دے رہا ہے، جس کے لیے ایک آرٹیفشل پروجیکٹ پر کام شروع کیا گیا ہے جو وڈیوز کو سمجھ سکتا ہے اور اسے مختلف طریقوں سے استعمال میں لانے کی صلاحیت رکھتا ہے
اس حوالے سے فیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مشینوں کو ایسی تربیت دینا کہ وہ وڈیوز کو مکمل طور پر ایک انسان کی طرح دیکھیں، قدرے مشکل کام ہے لیکن جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسا اب ناممکن نہیں رہا
آرٹیفشل ٹیکنالوجی کی وڈیو سے متعلق اعداد و شمار تک رسائی سب سے بڑے مسابقتی فوائد میں سے ایک ہے جس کی مدد سے لاکھوں صارفین سے متعلق ڈیٹا جمع کرکے فیس بک، گوگل، اور ایمیزون جیسی کمپنیاں مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے میں کامیاب ہوئی ہیں
واضح رہے کہ فیس بک کی وڈیوز پر مونیٹائزیشن کے فیصلے کے بعد دنیا بھر سے سیکڑوں زبانوں میں بنی ہوئی عوامی وڈیوز کے اعداد و شمار اور کاپی رائٹس جیسے مسائل کو آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا
فیس بک کا دعویٰ ہے کہ ہمارا آرٹیفشل سسٹم نہ صرف ان معاملات کو بہتر بنائے گا، بلکہ تیز رفتار حرکت پذیر دنیا سے ہم آہنگ بھی کر دے گا. جب کہ مختلف ثقافتوں اور خطوں میں موجود باریکی اور نظریاتی اشاروں کو بھی پہچاننے میں مدد ملے گی.