ٹنڈو الہیار میں گرفتار نوجوان کی لاک اپ سے پھندا لگی لاش ملی

نیوز ڈیسک

سی آئی اے پولیس ٹنڈوالہیار کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے نوجوان کی جوڈیشل لاک اپ اے سیکشن پولیس اسٹیشن ٹنڈوالہیار میں پھندا لگی لاش ملی ہے

تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہیار اے سیکشن پولیس اسٹیشن میں قائم جوڈیشل لاک اپ سے جمعرات کی صبح ساڑھے نو بجے نوجوان بابر خانزادہ ولد شبیر خانزادہ کی اس طرح سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی کہ اس کے دونوں پیر، زمین پر لگے ہوئے تھے اور ایک ہاتھ لاک اپ کی گرل پر لگا ہوا تھا

واقعے کے متعلق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو آگاہ کیا گیا، جنہوں نے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ آصف نوتکانی کو انکوائری کی ہدایت دی، سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ آصف نوتکانی نے فوری طور پر جوڈیشل لاک اپ پہنچ کر اپنی نگرانی میں نعش کو اتروا کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کیا

اس دوران متوفی نوجوان بابر کے گھر والوں کو اطلاع مل جانے کے باعث بہنیں، لواحقین و دیگر رشتہ دار جوڈیشل لاک اپ کے باہر پہنچ گئے، جہاں اس کی بہن نے زار و قطار روتے ہوئے پولیس پر قتل کا الزام عائد کیا

بہن کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز اس کو بابر نے کھانے کے لیے پاپے دیے اور یہ کہہ کر نکلا تھا کہ وہ اس کے لیے کھانا لے کر آئے گا، لیکن پھر اطلاع ملی کہ اس کے بھائی کو پولیس نے پکڑ لیا ہے جس کے بعد رات میں عرفان ڈاھری نامی پولیس والا گھر آیا اور اس نے دس ہزار روپے رشوت طلب کی اور کہا کہ اگر پیسے نہیں دیے تو بڑا نقصان ہو گا

پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی جسے لواحقین کیریا شاخ کے مقام پر رکھ کر دھرنا دے کر بیٹھ گئے، چار گھنٹے تک دھرنا دیا، معروف وکیل علی پلھ ایڈوکیٹ بھی موقع پر پہنچ گئے، انھوں نے ورثا کو یقین دہانی کرائی کہ وہ انھیں انصاف دلانے تک ان کا ساتھ دیں گے جس کے بعد دھرنا ختم کر کے میت کو سپرد خاک کر دیا گیا

دوسری جانب ایس ایس پی ٹنڈو الہیار رخسار کھاوڑ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ روز بابر خانزادہ کو سی آئی اے سینٹر میں تعینات اے ایس آئی سکندر علی بھنو نے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے مین پوری برآمد ہوئی تھی جس پر اس کے خلاف پی ایس اے سیکشن ٹنڈو الہ یار پر مقدمہ درج کیا گیا

جوڈیشل لاک اپ کے ڈیوٹی آفیسر اے ایس آئی اصغر علی بھرگڑی، ہیڈ کانسٹیبل یعقوب بجرانی کو معطل جبکہ جوڈیشل لاک اپ کے سنتری پی سی حاجی خان اور ورثا نے جس پولیس اہلکار کی نشاندہی عرفان ڈاھری کو معطل اور لاک اپ کر دیا گیا ہے

خانزادہ برادری سے تعلق رکھنے والے عمائدین کا کہنا ہے کہ جو تصویر سامنے آئی ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کی دونوں ٹانگیں زمین پر ٹکی ہوئی ہیں اور ہاتھ لاک اپ کی گرل پر ہے تو اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ بابر نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close