ایک ساتھ 35 خواتین سے عشق لڑا کر مال اینٹھنے والا ہرجائی دھر لیا گیا

ویب ڈیسک

جاپانی پولیس نے گزشتہ دنوں ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو ایک ہی وقت میں 35 الگ الگ خواتین سے عشق لڑا کر قیمتی تحفے بٹور رہا تھا

جاپانی ٹی وی چینل ’’سورا نیوز 24‘‘ کے مطابق، جاپان کے علاقے کنسائی کا 39 سالہ رہائشی تاکاشی میاگی پچھلے دو سال سے خواتین کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے قیمتی تحفے تحائف اینٹھ رہا تھا

مبینہ طور پر اس ہرجائی نے اپنی کارروائیوں کا سلسلہ تب شروع کیا جب وہ غسل خانے اور شاور سے متعلق مصنوعات بنانے والی ایک کمپنی کی مختلف چیزیں گھر گھر جا کر فروخت کیا کرتا تھا، جو عام طور پر خواتین کےلیے ہوتی تھیں

اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاکاشی میاگی نے خاص طور پر ادھیڑ عمر خواتین کو دوست بنانا شروع کیا، جن میں سے بیشتر یا تو غیر شادی شدہ تھیں یا پھر اُن کی ازدواجی زندگی میں کڑواہٹ گھلی ہوئی تھی

تاکاشی میاگی نے ان میں سے ہر خاتون کو یقین دلایا کہ وہ اس سے پوری طرح مخلص اور سچا دوست ہے

ان خواتین کی عمریں چالیس سے سینتالیس سال تک بتائی گئی ہیں جبکہ جاپانی پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی تعداد کم از کم 35 ہے

میاگی نے ان میں سے ہر خاتون کو اپنی مختلف تاریخِ پیدائش بتائی اور اپنی سالگرہ کے بہانے ان سے قیمتی تحفے تحائف لیتا رہا۔ کسی خاتون کو اس نے اپنی تاریخِ پیدائش 22 فروری بتائی تو کسی کو 6 جولائی اور کسی کو مارچ، اپریل یا مئی کی کوئی تاریخ بتا دی

پولیس کے مطابق، وہ ان تمام عورتوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ ین (ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) مالیت کے تحائف لے چکا ہے، جن میں تقریباً 30 ہزار ین جتنی مالیت کا ایک قیمتی سوٹ بھی شامل ہے

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ میاگی کو پکڑوانے کےلیے اس کی جھوٹی محبت کا نشانہ بننے والی خواتین نے پولیس کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی، کیونکہ وہ اس مسٹر ہرجائی سے واقف ہوچکی تھیں اور اسے کیفرِ کردار تک پہنچانا چاہتی تھیں

فی الحال جاپانی پولیس میاگی سے تفتیش کررہی ہے تاکہ ایسی مزید خواتین کے بارے میں جان سکے، جنہیں وہ اپنی محبت کے جال میں پھانس کر تحفے بٹور چکا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close