کراچی پریس کلب میں سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس پریس کانفرنس، جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

نیوز ڈیسک

سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے صدیوں سے آباد مقامی لوگوں کی زمینوں پر قبضے اور ان کے گاؤں، اسکول، قبرستان اور تاریخی مقامات  مسمار کرنے کے خلاف سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس پچھلے سات سالوں سے پرامن سیاسی جدوجہد کر رہا ہے ـ اس سلسلے میں سندھ ایکشن کمیٹی نے 6 جون کو بحریہ ٹاؤن کراچی کے گیٹ کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا جس کی سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس کی طرف سے 23 مئی کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں حمایت کی گئی

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ اس فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ہمارے ممبر، ہمدرد، دوست اور ساتھی 6 جون کو دھرنے میں شریک ہوئے ـ دھرنے کا انتظام سندھ ایکشن کمیٹی کے ہاتھوں میں تھا ہم ان کی حمایت میں شریک تھےـ کراچی سمیت پورے سندھ سے بڑی تعداد میں لوگ اپنی دھرتی کے تحفظ کی خاطر دھرنے میں موجود تھے ـ دھرنا پرامن طور پر جاری تھا کہ اچانک بحریہ ٹاؤن کے گیٹ کے اندر سے مار دھاڑ کی آوازیں آنے لگیں اور آگ کے شعلے بلند ہونے لگے ـ تھوڑی دیر بعد پولیس نے مظاہرین پر آنسو گئس کی بارش کر دی ـ نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور پرامن سیاسی احتجاج کی جگہ پرتشدد ہنگامے نے لے لی ـ پولیس نے 150 کے قریب لوگوں کو مظاھرے سے گرفتار کیا جبکہ مظاھرین کے خلاف دھشتگردی کے کیسز داخل کرنا شروع کردیئے جن میں خاص طور پر ان مقامی لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جنہوں نے زمینوں پر قبضے کی مخالفت اور مزاحمت کی تھی

رہنماؤں نے بتایا کہ اب تک 28 ایف آئی آر داخل ہو چکی ہیں، نامزد ملزمان میں سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس کے مرکزی رہنما خالق جونیجو، متعدد کتابوں کے مصنف و نامور محقق گل حسن کلمتی اور سندھ ایکشن کمیٹی کی قیادت کے علاؤہ مقامی بحریہ متاثرہ گاؤں کے افراد شامل ہیں

سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس رہنماؤں نے کہا کہ صرف ہمارے ایک ساتھی خالق جونیجو کے خلاف دھشتگردی کے 13 مقدمات قائم کیئے گئے ہیں ـ جبکہ پچھلے ایک ھفتے سے پورے سندھ میں محترک سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کے لیے ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں

رہنماؤں نے واضح کیا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پرامن احتجاج کو پرتشدد ھنگامے میں تبدیل کرنے کی یہ کوشش سندھ حکومت اور بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی سازش ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ایک طرف ظالم کو مظلوم کر کے پیش کیا جائے دوسری طرف سات برسوں سے جاری سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس کی پرامن جہدوجہد کو سبوتاژ کیا جائے

سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس کے پلیٹ فارم سے سندھ کے عوام کی اپنی زمین کی مالکی اور حفاظت کے لئے پرامن سیاسی جہدوجہد بہر صورت جاری رہے گی، چاہے کتنی ہی سازشیں اور گرفتاریاں کی جائیں اور کتنی ہی ایف آئی آر درج کی جائیں، ہماری جہدوجہد کا بنیادی مطالبہ سیدھا اور سادہ سا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی 4 مئی 2018ع کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کا منصوبہ غیرقانونی ہے، اس کو ختم کیا جائے

رہنماؤں نے کہا کہ 6 جون کے دھرنے اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کو استعمال کرتے ہوئے کچھ قوتیں سندھ میں ایک بار پھر نسلی تفریق بڑھانا اور نسلی جھگڑے کرانا چاہتی ہیں ـ ہم اس کی مذمت کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ سندھ امن پسند اور انسان دوست لوگوں کی سرزمین ہے، یہاں پر نفرت اور تفریق کی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں ـ سندھ کے عوام نسل پرستی، مذہبی انتہا پسندی اور دھشت گردی کے خلاف لمبے عرصے سے جہدوجہد کر رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ پورے ملک کے روشن خیال، ترقی پسند اور عوام دوست لوگ اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں

اس سلسلے میں سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس نے یوسف مستی خان، خالق جونیجو، خدا ڈنو شاہ،  حنیف دلمراد اور جانب خاصخیلی پر مشتمل کمیٹی مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا، جو سندھ ایکشن کمیٹی، سندھ پروگریسیو کمیٹی، سیو سندھ کمیٹی اور دوسری ترقی پسند پارٹیوں اور تنظیموں کے ساتھ رابطے اور مذکرات کرے گی

سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس رہنماؤں نے کہا کہ ایک نقطہ خاص طور پر کراچی کے مستقل شہریوں کے لئے رکھنا چاہتے ہیں کہ بحریہ ٹاؤن اور اس جیسی دوسری اسکیمیں صرف وہاں کے مقامی گوٹھوں کے لئے ہی نہیں، آپ کے لیئے بھی تباہی کا منصوبہ ہیں ـ ان منصوبوں کو بجلی، گیس اور پانی آپ کا حصہ کاٹ کر دیئے جا رہے ہیں ـ کراچی کے روڈ راستوں کی تباہی کی قیمت پر ہی وہاں عالیشان شاہراہیں تعمیر کی جا رہی ہیں ـ لہٰذا بحریہ ٹاؤن کی حمایت کرتے ہوئے سندھ میں نسلی اور لسانی تفریق پیدا کرنے والے آپ کے دوست نہیں ہیں بلکہ ان نئے شہروں کی قبضہ گیریت کے خلاف جہدوجہد کرنے والے مقامی لوگ آپ کے دوست ہیں ـ ہم اپیل کرتے ہیں کہ آپ نفرت اور تفریق کی سیاست کو رد کر دیں اور سندھ کے عوام کی پرامن سیاسی جہدوجہد کا ساتھ دیں

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 23 مئی کی آل پارٹی کانفرنس کے فیصلے کے مطابق 27 جون کو سندھ انڈیجینئس رائیٹس الائینس کے پلیٹ فارم سے سندھ کے تمام ضلعی ھیڈ کوارٹرز میں بحریہ ٹاؤن کی توسیع پسندی کے خلاف اور سپریم کورٹ کے 4 مئی 2018 کے فیصلے پر عمل درآمد کے حق میں مظاہرے کیئے جائیں گے ـ ہم آل پارٹیز کانفرنس کی شریک تمام سیاسی پارٹیوں اور سماجی ادبی اور مزدور تنظیموں اور وکلا دوستوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان مظاہروں کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close