عالی جاہ کو دی گئی بریفنگ

امر گل

امر گل

عالی جاہ!

اشرافیہ نے

ہمارے خزانے کی ساری اشرفیاں

محافظوں کو ساتھ ملا کر

اپنی تجوریوں میں

منتقل کر دی ہیں…

عالی جاہ..!

ہمارے خزانے میں

مضبوط معیشیت کے بڑے بڑے اشتہار

بھاری تعداد میں سخت نوٹیس
اور مذمتیں،

محب الوطنی اور غداری کے

استعمال شدہ اور غیر استعمال شدہ سرٹیفکیٹ،

زنگ آلود آہنی ہاتھ،

شاہین کی ٹوٹی ہوئی چونچ

قرض کے بہی کھاتے

اور کچھ ٹوٹے پرانے کشکول ہی پڑے ہیں…

عالی جاہ…!

شاہی محل کے گوداموں میں

رعایا کی طرف سے بھیجی گئی

انصاف کی عرضیوں کی ردّی کے

بڑے بڑے ڈھیر لگے ہوئے ہیں

اس ردی کو بیچ کر

کچھ دن کا گذارا ہو سکتا ہے..

ہاں ایک بات… عالی جاہ….!

نو بجے والے خبرنامے

اور  رعایا کو دکھائے جانے والے

سبز باغ کے خوابوں کی چند سی ڈیاں بھی

آپ کی شیروانی کے ساتھ رکھی ہونگی،

اگر آپ چاہیں تو

ان سے بھی کچھ دن کام چلایا جا سکتا ہے

عالی جاہ….!!

ہمارے مورخ نے

اسٹاک میں پڑے ہوئے سارے سنہرے حروف

ہمارے پرکھوں کی کہانیاں

اور ماضی کی عظمتوں کے قصے

لکھنے میں ہی کب کے کھپا دیے ہیں..

اور جان کی امان پاؤں، عالی جاہ..!

تو کچھ عرض کروں….

اب ہمارے پاس

مستقبل کے منہ پر پوتنے کے لیے

کالی سیاہی کے سوا کچھ بھی نہیں بچا،

لہٰذا آپ سے التماس ہے

کہ پردہ فرما لیجیے..!

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close