چمن سے متصل افغان سرحد پر طالبان کا قبضہ؛ پاکستان ڈکٹیٹ نہ کرے، طالبان

نیوز ڈیسک

قندھار/چمن : طالبان کی جانب سے باب دوستی گیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پاکستان نے افغان سرحد کو سیل کردیا ہے

تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے افغانستان کے بیشترعلاقوں کے بعد چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سیل کردی گئی ہے، اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے

دوسری جانب  طالبان نے افغانستان شہر اسپین بولدک بارڈر پر بھی قبضہ کرلیا ہے، اور بارڈر اور شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، گزشتہ رات طالبان نے افغانستان کے سرحدی شہر بولدک ویش بارڈر پر حملہ کیا تھا، طالبان کے حملے کے بعد بولدک شہر سمیت دیہاتوں، سرحدی چوکیوں اور افغان امیگریشن پر بھی قبضہ کر لیا ہے

افغان فورسز کے پیچھے ہٹنے کے بعد درجنوں طالبان پاک افغان سرحد کے گیٹ باب دوستی پر پہنچے اور مرکزی دروازے پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جس میں وہ سرحدی گیٹ سے ملحقہ علاقے میں گشت کرتے ہوئے اور چوکیوں پر پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں

طالبان رہنما ذبیح ﷲ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں  اس کی تصدیق کردی گئی ہے، جب کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان نے اس وقت اسپین بولدک مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے، افغان طالبان نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے ویش منڈی پر بھی قبضہ کر لیا ہے

ادہر طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ کسی سے بھی ڈکٹیشن لینا ہمارے قوانین یا روایات میں شامل نہیں۔ ہم افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مشوروں کو خوش آمدید کہیں گے، لیکن ڈکٹیشن نہیں لیں گے

سہیل شاہین نے کہا کہ اسلامی اور پڑوسی ملک ہونے کے ناطے اور مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور تاریخی اقدار رکھنے کی وجہ سے پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ضرور ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اپنے فیصلے خود نہیں کرسکتے

سہیل شاہین کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی سے ہدایت نہیں لیتے، ہماری ایک شوریٰ ہے جو مشاورت کے بعد فیصلے کرتی ہے اور ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں جس میں کسی قسم کا دباؤ یا جبر برداشت نہیں کرتے

سہیل شاہین نے کہا کہ ہماری پالیسی واضح  ہے کہ تحریک طالبان پاکستان سمیت کسی بھی جماعت، گروہ یا فرد کو افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close