سندھ میں تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا ‘مشروط’ نوٹیفکیشن جاری

نیوز ڈیسک

کراچی : سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم نے 30 اگست سے تمام نجی اور سرکاری اسکولوں کو کووڈ سے متعلق قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی برائے تعلیم کے 27 اگست کے اجلاس میں ورکنگ کمیٹی کی تجویز اور متعلقہ حکام کی منظوری کے ساتھ محکمہ تعلیم سے منسلک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق 30 اگست کو قواعد پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ہوگا

محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام اسکول ہفتے کے چھ دن کھلے ہوں گے اور طلبہ کی 50 فیصد حاضری ہر دوسرے دن یقینی بنائی جائے گی

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے تمام سربراہان تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن یقینی بنائیں گے اور متعلقہ علاقائی سربراہوں کو ثبوت پیش کریں گے

تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہتمام تعلیمی ادارے کووڈ-19 کی ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، جو محکمے کی جانب سے 4 ستمبر 2020 کو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے جاری کی گئی تھیں

محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کسی بھی وقت کہیں بھی اچانک پی سی آر ٹیسٹ کرے گا

یاد رہے کہ 23 اگست کو سندھ کے وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ ایسے اسکولوں کو 30 اگست سے کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی، جن کے 100 فیصد عملے نے ویکسین لگوالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم سندھ کا صوبے میں تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان

کراچی میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہدایات دی گئی تھیں کہ اسکول مزید سات روز بند رکھے جائیں کیونکہ عاشورہ کے بعد کیسز میں اضافے کا امکان تھا، اس لیے ہم نے مستقل حل کی طرف جانے کا سوچا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مکمل مانیٹرنگ کے بعد رپورٹ حاصل ہوئی ہے کہ نجی اداروں کے تقریباً 80 فیصد اساتذہ اور عملہ ویکسین لگوا چکا ہے جس کے بعد میں نے اور وزیر اعلیٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اسکول جہاں عملے اور اساتذہ کی 100 فیصد ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے انہیں 30 اگست سے کھول دیا جائے گا، باقی اسکول جیسے ہی ویکسین رپورٹ جمع کروادیں گے انہیں کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیم ایک بہت بڑا محکمہ ہے، سماج کا بہت بڑا حصہ اس سے منسلک ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ویکسی نیشن کی شرح بڑھے تاکہ بار بار لاک ڈاؤن کے مسائل سے بچ سکیں، اس کا ایک ہی حل ہے کہ والدین کو پابند کیا جائے

اس سے قبل حکومتِ سندھ نے محکمہ تعلیم کے زیر انتظام تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا حکم جاری کردیا تھا، جس پر شدید تنقید کی گئی تھی تاہم ایک روز بعد وزیر تعلیم نے 30 اگست سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close