فرانس: فٹبالر کریم بنزیما پر ساتھی کھلاڑی کو ‘سیکس ٹیپ کے ذریعے بلیک میل کرنے کا الزام ثابت

ویب ڈیسک

فرانس اور ریال میڈرڈ کے فٹبال اسٹار کریم بینزیما پر اپنے ایک ساتھی فرانسیسی فٹبالر کو جنسی ٹیپ کے ذریعے بلیک میل کرنے کی سازش کا جرم ثابت ہو گیا ہے

ایک جج نے بینزیما کو ایک سال قید کی معطل سزا سنائی اور انہیں پچھتر یورو جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا

واضح رہے کہ تینتیس سالہ بینزیما ان پانچ افراد میں سے ایک تھے، جن پر گذشتہ ماہ فرانسیسی شہری میتھیو والبوینا سی تاوان لینے کی کوشش کے الزام پر مقدمہ چلایا گیا تھا

اس اسکینڈل نے فرانس میں فٹبال کے حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور دونوں کھلاڑی قومی ٹیم میں اپنی جگہ سے بھی محروم کر دیے گئے تھے

یہ کیس جون 2015ع کا ہے، جب دونوں فٹبالرز ایک فرانسیسی تربیتی کیمپ میں تھے

سماعت کے دوران پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ کیمپ میں، بینزیما نے والبوینا پر دباؤ ڈالا کہ وہ بلیک میلرز کو پیسے ادا کریں جن کے ساتھ بنزیما نے ثالث کے طور پر کام کرنے کی سازش کی تھی

بینزیما نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور ان کا اصرار کیا ہے کہ ان کا مقصد صرف ویلبوینا کی مدد کرنا تھا

تاہم بینزیما اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد بھی فرانس کی قومی ٹیم میں واپس آگئے ہیں اور توقع ہے کہ وہ بدھ کی رات ریال میڈرڈ کے لیے چیمپئنز لیگ میں ایف سی شیرف تراسپول کے خلاف کھیلیں گے

واضح رہے کہ بینزیما نے اس سال مئی میں فرانس کی قومی ٹیم میں حیرت انگیز طور واپسی کی تھی۔ 2015ع میں پہلی بار یہ الزامات سامنے آئے تھے تو انہیں ٹیم سے نکال دیا گیا تھا. لیکن پچھلے مہینے، فرانسیسی فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ اس مقدمے میں سزا پانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بنزیما ٹیم سے باہر ہو جائیں گے

بینزیما اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے اپنے ملک کے لیے 13 گیمز میں 9 بار سکور کیا ہے۔ انھوں نے اس سیزن میں اپنے کلب، ریال میڈرڈ کے لیے 10 گول بھی کیے ہیں۔ کلب نے ابھی تک فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے

کھیل کے میدان پر ان کی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے، بینزیما کو سال کے بہترین فٹ بالر بیلن ڈی آر ایوارڈ کے لیے بھی امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جس کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا

بینزیما فیصلے کے وقت شہر ورسائی کی عدالت میں موجود نہیں تھے اور نہ ہی یونانی کلب اولمپیاکوس کے لیے کھیلنے والے والبوینا موجود تھے

بدھ کے روز مقدمے میں بینزیما کے چار شریک ملزمان کو بھی قصوروار پایا گیا ہے۔ انہیں اٹھارہ ماہ سے لے کر ڈھائی سال تک قید کی معطل سزائیں سنائی گئیں ہیں

جبکہ بینزیما کے وکلا نے اس کی سزا کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم فیصلہ سناتے وقت، جج نے کہا تھا کہ بینزیما نے اپنے ساتھی کو بلیک میلرز کو پیسے دینے پر راضی کرنے کے لیے جھوٹ اور فریب کا استعمال کیا

یہ 2015ع اس وقت میں شروع ہوا، جب والبوینا نے مارسیلے میں ایکسل انگوٹ نامی ایک شخص سے اپنے موبائل فون کے مواد کو ایک نئے ڈیوائس پر اپ لوڈ کرنے کو کہا

اس عمل کے دوران انگوٹ کو فون پر والبوینا کی جنسی طور پر نامناسب وڈیوز ملیں۔ انگوٹ پر اور مقدمے میں ایک اور شریک ملزم، مصطفی زواوئی پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اس مواد کو عام کرنے کی دھمکی دے کر والبوینا کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی

زواؤئی نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے وڈیوز شیئر ضرور کی تھیں ، لیکن کبھی بھی والبوینا سے پیسے بٹورنے کی کوشش نہیں کی گئی

والبوینا نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ایک اور شخص یونس ہواؤس نے بھی اس سے رابطہ کیا تھا، تاہم یونس کا موقف ہے کہ انہوں نے والبوینا کو بغیر پیسے مانگے اس مسئلے کے بارے میں خبردار کیا تھا

جب والبوینا پولیس کے پاس گئے تو حکام نے ایک خفیہ اسٹنگ آپریشن کیا۔ استغاثہ نے کہا کہ اس موقعے پر ایک اور ملزم کو اس اسکینڈل میں لایا گیا۔ کریم زیناتی، جو بینزیما کے بچپن کے دوست ہیں

استغاثہ نے کہا کہ اس موقع پر، بینزیما سے کہا گیا کہ وہ اس اسکیم میں ثالث کے طور پر کام کریں، جس کے بعد اکتوبر 2015ع میں، بینزیما نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں اپنے کمرے میں اپنے ساتھی کھلاڑی سے رابطہ کیا

بینزیما نے کہا کہ اس نے صرف اپنی ٹیم کے ساتھی کو نامناسب وڈیو کو ضائع کرنے میں مدد کرنے کی کوشش کی تھی، اور اسے متنبہ کیا تھا ”محتاط رہو، وہ بڑے بڑے ٹھگ ہیں۔“

اس کے بعد انہوں نے والبوینا کو ایک کسی ایسے شخص سے رابطہ کرنے کی پیشکش کی جس پر وہ بھروسہ کر سکتا تھا، جو ان کے بچپن کے دوست کریم زیناتی تھے

پولیس اس وقت ساری فون کالز کو ٹیپ کر رہی تھی. بینزیما نے ایک کال پر اپنے دوست سے کہا کہ ”وہ (والبوینا) ہمیں سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے۔“

اس پر کریم زیناتی نے جواب دیا کہ ہم اسے حل کرنے کے لیے حاضر ہیں، اگر وہ ڈیل نہیں کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پھر نمٹنا پڑے گا

مقدمے کے آغاز پر ثبوت دیتے ہوئے والبوینا نے کہا کہ اس نے کبھی بھی وڈیو کو سامنے آنے سے روکنے کے لیے رقم دینے پر غور نہیں کیا

اپنے سابق ساتھی بنزیما کے برعکس، ویلبوینا اسکینڈل شروع ہونے کے بعد سے فرانس کے لیے نہیں کھیلے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران والبوینا نے عدالت کو بتایا کہ فٹبال ان کی زندگی ہے۔ میں جانتا تھا کہ اگر یہ وڈیو سامنے آتی ہے تو اس سے فرانسیسی ٹیم کے ساتھ معاملات مشکل ہو جائیں گے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close