دورہ پاکستان پر آئی ویسٹ انڈین ٹیم کے تین کھلاڑی کورونا کا شکار

نیوز ڈیسک

کراچی – دورہ پاکستان پر آئی ہوئی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کے ایک رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے

ویسٹ انڈیز کرکٹ کی جانب سے ہفتے کو کی گئی ٹویٹ کے مطابق روسٹن چیز، شیلڈون کوٹریل اور کائل مائرز کورونا مثبت آنے کی وجہ سے پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں

کرکٹ ویسٹ انڈیز کا مزید کہنا ہے کہ تینوں کرکٹرز اس وقت آئسولیشن میں ہیں جبکہ نان کوچنگ اسٹاف کا ایک ممبر بھی کورونا کا شکار ہوا ہے

حکام کے مطابق چاروں کا پاکستان آمد پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو کہ مثبت آیا ہے، چاروں افراد کی ویکسینیشن ہو چکی ہے اور ان میں کووڈ کی علامات نہیں ہیں

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق اسکواڈ کے دیگر ارکان کے دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو کہ منفی آئے

تاہم کرکٹ ویسٹ انڈیز نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف سیریز شیڈول کے مطابق جاری رہے گی

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچز 13، 14 اور 16 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے

جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ میچز کی سیریز بھی کراچی میں ہی کھیلی جائے گی

شیڈول کے مطابق دونوں ٹیمیں 18 دسمبر کو پہلے ون ڈے، 20 دسمبر کو دوسرے اور 22 دسمبر کو تیسرے ایک روزہ میچ میں مدمقابل ہوں گی

دوسری جانب ویسٹ انڈین ہیڈکوچ فل سمنز نے کہا ہے کہ کئی مرتبہ پاکستان آچکے ہیں اور کسی کھلاڑی کو دورے پر کوئی مسئلہ نہیں تھا. فی الوقت تمام توجہ صرف کھیل پر ہے اور پاکستان کے خلاف سیریز دلچسپ اور اچھی رہے گی

انہوں نے کہا کہ دورے میں ملنے والی سکیورٹی سے بھرپور مطمئن ہیں اور طویل عرصے بعد پاکستان آکر اچھا لگا ۔ جب وہ بطور کھلاڑی یہاں آئے تھے تب حالات مختلف تھے، اب کورونا وائرس کی وجہ سے کہیں جا نہیں سکتے جس کا دکھ ہے۔ ہمارا مقصد صرف سیریز جیتنا ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پاکستان نہ آنے سے کیریبین کھلاڑیوں کو کوئی دشواری نہیں اور وہ کھیل پر توجہ دینے کے لئے پراعتماد ہیں

ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فل سمنز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے خلاف اس کی اپنی سرزمین پر کھیلنا چیلنج ہے۔ کچھ عرصے سے شاہین آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان انٹر نیشنل کرکٹ میں اچھا پرفارم کررہے ہیں جن سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے، اوپنرز جلد آؤٹ ہوئے تو میزبان ٹیم پر دباؤ ڈال سکتے ہیں

فل سمنز نے بتایا کہ کراچی کی وکٹ ہوم ٹیم کیلئے سود مند رہتی ہے تاہم امید ہے کہ مقابلوں میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close