سمارٹ فون دنیا بھر کی نیند برباد کر رہے ہیں

ویب ڈیسک

ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پوری دنیا میں بالخصوص نوجوانوں کی نیند کی بربادی کی اہم وجہ اسمارٹ فون ہیں، جو بستر میں بھی ہمارے ساتھ رہتے ہیں

فرنٹیئرز ان سائیکائٹری میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کنگز کالج لندن کے 1043 طلبا و طالبات کا سروے شائع ہوا ہے۔ اس میں آن لائن اور شخصی طور پر ان میں اسمارٹ فون استعمال کی عادات اور نیند کے معیار پر بات کی گئی ہے

دس سوالات سے ایک معیار اخذ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ طالبعلم اسمارٹ فون کی کتنے عادی ہیں؟ اس پیمانے پر چالیس فیصد افراد اسمارٹ فون کی شدید لت میں مبتلا پائے گئے

ان میں سے کئی افراد کا کہنا تھا کہ وہ رات ایک بجے کے بعد تک اسمارٹ فون استعمال کرتے رہتے ہیں جس سے بے خوابی کا خطرہ تین گنا تک بڑھ جاتا ہے۔ جن جن طلبا و طالبات نے اسمارٹ فون رات دیر تک استعمال کرنے کا اعتراف کیا، ان میں نیند کا مسئلہ سب سے شدید دیکھا گیا۔ ان کی نیند کا دورانیہ بہت خراب تھا۔ وہ نیند کم لیتے تھے اور دن بھر تھکاوٹ کی شکایت بھی کرتے رہے

اس تحقیق پر جان ہاپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے ڈاکٹر وسیوولوڈ پولوسکی کہتے ہیں کہ بستر پر جانے سے ایک گھنٹے قبل لیپ ٹاپ، فون اور ٹیبلٹ وغیرہ استعمال کرنا بند کر دینے چاہئیں اور انہیں کسی بھی حالت میں بستر پر نہ لے جانے سے اجتناب برتنا چاہیے

ڈاکٹر پولوسکی کے مطابق فون کی ایل ای ڈی روشنی جسم میں میلاٹونِن کی مقدار کم کرتی ہے۔ یہ ہارمون ہمیں سلانے کا اہم کام کرتا ہے۔ اگر ’نیند کا یہ ہارمون‘ اچھی مقدار میں بنے گا تو پرسکون نیند آئے گی

دوسری جانب ماہرین نے اسمارٹ فون کی لت کو سگریٹ نوشی سے بھی خوفناک قرار دیا ہے۔ ماہرین کا اصرار ہے کہ اسمارٹ فون کے استعمال کو ایک وبا کا درجہ دیا جائے، جو دنیا بھر میں نوجوانوں کی نیند اور صحت برباد کر رہا ہے

ڈاکٹروں نے اسمارٹ فون کے استعمال کو ایک طبی عارضہ کہا ہے جو بہت خطرناک ہوسکتا ہے اور اسے نوموفوبیا کا نام دیا گیا ہے

ماہرین نے اسمارٹ فون کی لت کم کرنے کے بعض طریقے بیان کئے ہیں جو اس کیفیت سے نکلنے میں مددگار ہوسکتے ہیں، جنہیں سنگت میگ کے قارئین کے لیے یہاں پیش کیا جا رہا ہے

اول، پہلے دن میں کئی مرتبہ فون بند کرنے کی عادت اختیار کیجئے اور اس کے بعد رات کو فون بند کرنا آسان ہوجائے گا

دویم، اگر ممکن ہو تو فیس بک اور ٹویٹر سمیت سوشل میڈیا ایپس کو فون سے ہٹاطدیں اور صرف ڈیسک ٹاپ سے ہی دیکھیں

سوئم، گھروالوں سے بات کریں، دوسری مصروفیات ڈھونڈیں اور بچوں کی تربیت میں دلچسپی لیں

چہارم، رات کے وقت موبائل فون کا اسکرین بلیک اینڈ وائٹ کر دیجئے کیونکہ اس سے بوریت ہوتی ہے اور کشش کم ہوجاتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close