فیفا نے ورلڈ کپ میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی

ویب ڈیسک

زیورخ – فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد روس کے ورلڈ کپ 2022 سمیت تمام بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فیفا اور یوئیفا نے پیر کو جاری مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم نے مشترکہ طور پر روس کی قومی ٹیم کی نمائندہ یا کلب کی تمام ٹیموں کے فیفا اور یوئیفا مقابلوں میں تاحکم ثانی شرکت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے

واضح رہے کہ رواں سال قطر میں شیڈول ورلڈکپ کے سلسلے میں روس کی ٹیم کے مارچ کے وسط میں کوالیفائنگ میچز شیڈول تھے، جبکہ ویمنز ٹیم یورپیئن چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے

روس کا ورلڈ کپ کوالیفائنگ پلے آف سیمی فائنل 24 مارچ کو پولینڈ سے شیڈول تھا، جبکہ 29 مارچ کو فائنلز میں جمہوریہ چیک اور سوئیڈن مدمقابل آئیں گی

تاہم ان میچوں میں ان کے تینوں ممکنہ مدمقابل روس سے کھیلنے سے پہلے ہی انکار کر چکے ہیں

فیفا نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ روس کی ٹیم ’فٹبال یونین آف روس‘ کے نام کے تحت ایونٹ میں شرکت کر سکتی ہے، جہاں انہیں ہوم میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے ہوں گے اور اس میں روس کے جھنڈے اور قومی ترانے پر پابندی ہو گی

البتہ پولش فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سیزاری کولیسزا نے ان اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی صورت روس سے نہیں کھیلیں گے

دنیا بھر سے شدید احتجاج کے پیش نظر فیفا نے پیر کو اپنے بیان میں تبدیلی کرتے ہوئے روس کو کھیلوں کے شوپیس مقابلوں سے باہر کر دیا

بیان میں کہا گیا ہے کہ فٹبال برادری مکمل طور پر متحد ہے اور یوکرین میں تمام متاثرہ افراد سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے

ان کا کہنا تھا کہ فیفا اور یوئیفا کے صدور امید ظاہر کرتے ہیں کہ یوکرین میں صورتحال جلد بہتر ہوگی اور فٹبال جلد وہاں لوگوں کے درمیان اتحاد اور امن کا ضامن ثابت ہوگی

یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے، جب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کھیلوں کی فیڈریشنز اور منتظمین پر زور دیا ہے کہ وہ روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹس کو انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت نہ کرنے دیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close