عمران خان کی معزولی، پی ٹی آئی کے شہر شہر احتجاج کی صورت حال کیا رہی؟

ویب ڈیسک

کراچی – سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں پرجوش کارکن شریک ہوئے

اتوار کی صبح اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر وزیراعظم اپنا منصب کھو بیٹھے تھے۔ اس سے قبل جمعے کو انہوں نے عوام کو ملک پر میں پرامن احتجاجی مظاہرے کی کال دی تھی

علاوه ازیں پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کے خاتمے اور آنے والی حکومت کی تشکیل کے خلاف بدھ (13 اپریل) سے پشاور شہر سے ملک گیر احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے

اتوار کو ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں سے یوں لگتا ہے عوام نے ان کی کال کا مثبت جواب دیا ہے اور لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد ان سے اظہار یک جہتی کے لیے نکلی ہے

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک پہنچی، جس میں گاڑیوں کی ایک بہت بڑی تعداد تھی۔ اگرچہ ابتدائی ریلی میں پارٹی کا کوئی بڑا عہدیدار موجود نہیں تھا، لیک اس کے باجود پرجوش کارکنان بھاری تعداد میں شریک ہوئے

اسلام آباد میں گزشتہ ماہ ہونے والے جلسے کے برعکس اس جلسے میں انتظامات بھی پارٹی تنظیموں کے بجائے عام لوگوں نے اپنے طور پر کر رکھے تھے۔ کئی گاڑیاں خواتین ڈرائیو کر رہی تھیں

ایف نائن پارک میں عوام کی کثیر تعداد رات ساڑھے نو بجے ہی پہنچنا شروع ہو گئی تھی لیکن پارٹی رہنما قدرے تاخیر سے پہنچے۔ شاید خود انہیں اتنے بڑے ریسپانس کا اندازہ نہیں تھا

اسلام آباد سے آئے طلعت حسین نے کہا وہ عمران خان کو عالمی سازش کے ذریعے نکالے جانے پر احتجاج کرنے کے لیے آئے ہیں

بعدازاں پارٹی رہنما بھی پہنچے. اسٹیج پر اسد عمر، مراد سعید، عامر کیانی اور شبلی فراز موجود تھے۔ مظاہرین ’کون بچائے گا پاکستان عمران خان عمران خان‘ اور ’امریکا کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقعے پر لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا

خواتین مختلف ٹولیوں کی شکل میں نعرے بازی کر رہی تھیں۔ کئی فیملیز اپنے ساتھ پوسٹرز بھی بنا کر لائی تھیں جن پر ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ اور امریکی مداخلت کے خلاف نعرے درج تھے

کراچی میں بڑا مظاہرہ

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے تحت مرکزی مظاہرہ راشد منہاس روڈ پر کیا گیا۔مظاہرے میں خواتین بچوں سمیت بہت بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے

مظاہرے سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سمیت تنظیمی ذمہ دار وں نے خطاب کیا

پاکستان تحریک انصاف کے پرچموں اور عمران خان کی تصاویر کے ہمراہ کارکنان راشد منہاس روڈ پر جمع ہوئے، مرکزی سٹیج جوہر موڑ کے قریب لگایا گیا تھا

دیگر شہروں کی طرح کراچی کے مظاہرے میں احتجاج کے لیے آنے والے لوگوں میں بھرپور جوش اور جذبہ دکھائی دیا

لاہور مظاہرے میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر ہزاروں کی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان لاہور میں بھی احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے ۔ مرکزی مظاہرہ لاہور کے مشہور لبرٹی چوک میں کیا گیا

تحریک انصاف کی جانب سے دی جانے والی کال کے مطابق تمام کارکنان کو رات 9 بجے لبرٹی چوک میں اکٹھا ہونے کی ہدایات کی گئی تھی تاہم 9 بجے سے پہلے ہی کارکن لبرٹی گول چکر میں اکٹھے ہونا شروع ہو گئے تھے

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں سے صرف محمود الرشید اس مظاہرے میں موجود تھے، لیکن یہاں بھی عوام کی تعداد اور جوش و خروش ان کے جذبات کا پتہ دے رہا تھا

مظاہرے میں لوگوں نے طرح طرح کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے خلاف غم و غصے کا اظہار بھی کیا جا رہا تھا۔ اس مظاہرے میں پارٹی ترانے بھی چلائے جا رہے تھے۔ اس مظاہرے میں اسٹیج سے امریکا کے خلاف بھی نعرے بلند بند کیے گئے

لبرٹی چوک میں ہونے والے اس مظاہرے کی وجہ سے لاہور کے مرکزی علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال رہی۔ مظاہرے کے شرکا میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی تھے

کوئٹہ میں کارکنوں کا احتجاج

کوئٹہ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی چیئرمین عمران خان کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار کارکنوں نے ائیرپورٹ روڈ، سمنگلی روڈ اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا، جبکہ منان چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا

مظاہرین نے عمران خان کے حق میں اور امریکا کے خلاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی حکومت کو بیرونی دباؤ اور ایجنڈے کے تحت ختم کیا گیا، لیکن پاکستان کی عوام دوبارہ عمران خان کو اقتدار میں لاکر بیرونی آلہ کاروں کو شکست دے گی۔‘

پشاور میں احتجاج

پشاور پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان نے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں مظاہرین نے ’عمران تیرے جان نثار بے شمار بےشمار‘ کے نعرے لگائے

مظاہرین نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف بھی نعرہ بازی کی۔ مظاہرے سے پی ٹی آئی کے صوبائی وزرا تیمور جگھڑا، کامران بنگش اور دیگر نے خطاب کیا

اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے اور احتجاج کیا، جبکہ دنیا کے دیگر ممالک کے بھی کئی بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا

عمران خان کا اظہار تشکر

عمران خان نے ایک ٹویٹ میں ’امریکی حمایت سے پاکستان میں حکومت تبدیل‘ کرکے مقامی میرجعفروں، جو کہ ضمانت پر ہیں، کو حکومت میں لانے کے خلاف مظاہرے کرنے اور اپنے جذبات کے اظہار پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے

انہوں نے لکھا ”یکجہتی کے اظہار اور امریکی حمایت سے مقامی میرجعفروں کے بل پر حکومت بدلنے اور ضمانتوں پر رہا ڈاکوؤں کے بے حمیت ٹولے کو اقتدار دلوانے کے خلاف جذبات سے بھرپور احتجاج کے لیے بڑی تعداد میں نکلنے پر میں اہلِ پاکستان کا مشکور ہوں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک وبیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے اسے پوری شدت سے مسترد کر دیا ہے“

پی ٹی آئی کا 13اپریل سے ملک گیر احتجاجی مظاہرے شروع کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم بدھ سے پشاور سے ملک گیر مہم شروع کرنے جا رہے ہیں

فواد چوہدری نے کہا کہ معزول وزیراعظم بدھ کو پشاور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے

اس سے قبل اتوار کو وفاقی دارالحکومت میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں عوامی جلسے کیے جائیں گے، قوم ’کرپٹ اور امپورٹڈ‘ حکومت کو قبول نہیں کرے گی

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اتوار کو ملک کے تمام حصوں سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ اتوار کی رات 12 بجے ملک کی عدالتیں کھل گئیں اور سوال کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے خلاف گھروں سے باہر نکلنے والوں کے ساتھ ایسا کیوں نہیں ہو سکتا؟

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان کو قتل اور ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف ’گندی‘ مہم شروع کرنے کی سازش کی گئی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close