کراچی یونیورسٹی دھماکہ: کیا کنفیوشس انسٹیٹیوٹ بند ہو رہا ہے؟

ویب ڈیسک

پاکستان کے مقامی میڈیا میں یہ رپورٹس شائع ہو رہی ہیں کہ سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں چینی استاد واپس اپنے وطن روانہ ہوگئے ہیں، جب کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے بند ہونے کے متعلق افواہیں بھی گرم ہیں

تاہم این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں چینی زبان سکھانے والے چینی اساتذہ عارضی طور پر واپس چین چلے گئے ہیں، لیکن وہ جلد ہی واپس آئیں گے

یاد رہے کہ رواں برس 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر ایک خاتون خود کش بمبار نے چینی اساتذہ کو انسٹیٹیوٹ سے ان کی رہائش گاہ لے جانے والی وین کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے نتیجے میں انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر سمیت تین چینی اساتذہ اور پاکستانی ڈرائیور ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے

ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ پر خود کش حملے کے بعد انسٹیٹیوٹ کے گیارہ چینی اساتذہ کو کراچی یونیورسٹی سے این ای ڈی یونیورسٹی منتقل کردیا گیا تھا

انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ اتوار کو دوپہر 2 بجے ہمیں پتہ چلا کہ ان تمام گیارہ چینی اساتذہ کو واپس چین بھیجا جارہا ہے۔ 4 بجے چینی قونصل خانے کی ایک گاڑی آئی اور ان گیارہ اساتذہ کو لے گئی، جنہیں چین بھیجا جائے گا

ڈاکٹر سروش کے مطابق ’جن چینی اساتذہ نے یہ دھماکہ دیکھا یا سنا تھا وہ انتہائی صدمے اور سکتے میں تھے۔ اس لیے اگر انہیں نہ بھی بھیجا جاتا تو بھی وہ لوگ چلے جاتے، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ اب کوئی اور چینی استاد چینی زبان پڑھانے نہیں آئیں گے۔ چینی اساتذہ کا واپس جانے کا عمل عارضی ہے اور بہت جلد دیگر اساتذہ آکر چینی زبان پڑھانا شروع کریں گے‘

دوسری جانب کراچی یونیورسٹی کے ترجمان ذیشان عظمت کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں کل پندرہ چینی اساتذہ کام کرتے تھے، جن میں سے آٹھ جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں چینی زبان پڑھاتے تھے جبکہ سات اساتذہ این ای ڈی میں چینی زبان پڑھاتے تھے، لیکن وہ سب کراچی یونیورسٹی کے فارن فیکلٹی ہاسٹل میں ہی رہائش پذیر تھے، جہاں سے صبح انہیں وین میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور این ای ڈی یونیورسٹی لے جایا اور واپس لایا جاتا تھا

ڈاکٹر سروش لودھی کے مطابق تاحال یہ طے نہیں ہوا ہے کہ چینی اساتذہ کے واپس جانے کے بعد چینی زبان سیکھنے والے طالب علموں کے لیے آن لائن کلاسز ہوں گی یا نہیں

کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر مقصود علی نے تصدیق کی کہ کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں چینی زبان سکھانے والے اساتذہ واپس چلے گئے ہیں

ان کے مطابق: ’ہمیں سرکاری طور پر تو نہیں بتایا گیا کہ ان اساتذہ کو کیوں اور کس نے واپس بھیجا، مگر وہ یہاں سے چلے گئے ہیں، تاہم اس افواہ میں کوئی صداقت نہیں کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ بند ہو رہے ہیں۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے دو ڈائریکٹرز ہوتے ہیں، ایک چینی اور ایک پاکستانی۔ کراچی یونیورسٹی دھماکے کے دوران چینی ڈائریکٹر ہوانگ گوئپنگ ہلاک ہوگئے تھے

ڈاکٹر مقصود علی کے مطابق: ’مجھے کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے پاکستانی ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے بتایا کہ سابق ڈائریکٹر کی ہلاکت کے بعد شعبے میں خط و کتابت اور دیگر معاملات میں بڑی مشکل پیش آ رہی تھی، جس کے بعد سابق ڈائریکٹر کی جگہ ایک چینی کو شعبے کا نیا چینی ڈائریکٹر بھی مقرر کردیا گیا ہے، مگر مجھے تاحال سرکاری طور پر کسی نے نہیں بتایا‘

دوسری جانب ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے سمیر نامی افسر نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ان کے انسٹیٹیوٹ میں کام کرنے والے تمام چینی اساتذہ واپس چین چلے گئے ہیں

سمیر کے مطابق: ’ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں اس وقت تقریباً ہزار سے بارہ سو طلبہ چینی زبان سیکھ رہے ہیں، جنہیں پڑھانے کے لیے تقریباً پندرہ یا سولہ چینی انسٹرکٹرز تھے، جو اب واپس چلے گئے ہیں‘

اس سلسلے میں انڈپینڈنٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ چینی حکومت کا موقف جاننے کے لیے کراچی میں واقع چینی قونصل خانے سے رابطہ کیا گیا تو ترجمان نے کہا کہ قونصل خانہ فی الحال اس معاملے پر اپنا کوئی بیان یا موقف نہیں دینا چاہتا

واضح رہے کہ سرزمین چین کے معروف فلسفی اور عالم کونگ المعروف کنفیوشس کے نام سے یہ مراکز دنیا بھر میں قائم کیے گئے ہیں۔ کنفیوشس کی فلسفیانہ تعلیمات کو نہ صرف چین بلکہ جاپان، کوریا اور مشرق بعید میں زبردست پذیرائی حاصل ہے

دنیا بھر میں کنفیوشس نامی اسی فلسفی کے نام سے قائم انسٹیٹیوٹس میں نہ صرف چینی زبان سکھائی جاتی ہے، بلکہ ان کی تعلیمات اور چینی ثقافت کو بھی ان مراکز میں اجاگر کیا جاتا ہے

چین میں گذشتہ ایک صدی سے حکمرانی کرنے والی جماعت چینی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی) امریکہ سمیت دنیا بھر میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ چلا رہی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close