’کنا یاری‘ بلوچ گلوکار وہاب بگٹی کا گھر بھی سیلاب میں ڈوب گیا

ویب ڈیسک

پاکستانی میوزک شو کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن میں ’کناں یاری‘ نامی گانے سے مشہور ہونے والے بلوچ سنگر وہاب علی بگٹی صوبہ بلوچستان میں آنے والے سیلاب کے باعث بے گھر ہو گئے ہیں

وہاب علی بگٹی نے کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن میں کیفی خلیل اور ایوا بی کے ساتھ مل کر ’کناں یاری‘ گانا گایا تھا، جسے یوٹیوب پر تین کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے

اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سنگر وہاب علی بگٹی کے بارے میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں سیلاب کے باعث بے گھر ہو گئے ہیں۔ ان کا کچا گھر سیلاب کی نذر ہوگیا ہے اور وہ کھلے آسمان تلے دن گزار رہے ہیں

کیفی خلیل نے وہاب بگٹی کے ہمراہ ’کنا یاری‘ گانے میں گلوکاری کی تھی اور انہوں نے ساتھی گلوکار کی مدد کے لیے ٹوئٹر پر ان کا بینک اکاؤنٹ اور جیز کیش نمبر بھی شیئر کیا جبکہ انسٹاگرام اسٹوری میں انتظامیہ اور مداحوں سے ان کی مدد کی اپیل بھی کی

کیفی خلیل کے علاوہ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی وہاب بگٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انتظامیہ اور مداحوں سے ان کی مدد کی اپیل کی

فلم میکر ابو علیحہ نے کہا کہ ’یہ وہاب بگٹی ہیں۔ یقیناً آپ سوچ رہے ہوں گے کون وہاب بگٹی؟ کناں یاری، غداری، عشق نامے گار اد ءَ، جی اس گانے میں سر پر پگڑی سجائے کلاسیک بلوچی موسیقی کے سُر ملاتا جو شخص گا رہا تھا ـ یہ وہی وہاب بگٹی ہیں۔‘

صحافی خواجہ برہان الدین نے وہاب علی بگٹی کے بارے میں کہا کہ ’کوک اسٹوڈیو کے گانے کناں یاری سے مشہور ہونے والے بلوچ گلوکار وہاب علی بگٹی بلوچستان میں سیلاب کے باعث کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ یہ ایک خاندان ہے، اس جیسے سینکڑوں اور ہیں۔ انھیں وعدوں کی نہیں اقدامات کی ضرورت ہے۔‘

مبارک قاضی مرید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’کوک اسٹوڈیو کے گانے کناں یاری کے وائرل ہونے کے بعد شہرت پانے والے بلوچ گلوکار وہاب علی بگٹی اپنے بچوں کے ساتھ سر پر چھت کے بغیر راتیں گزارنے پر مجبور ہیں کیونکہ مون سون کے سیلاب نے بلوچستان کے نصیر آباد میں ان کا کچا مکان تباہ کر دیا ہے۔‘

اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے بھی وہاب بگٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انتظامیہ اور مداحوں سے اپیل کی کہ جو بھی ان کی مدد کرسکتا ہے وہ ضرور کرے

سماجی رہنما منیبہ مزاری نے بھی وہاب بگٹی کی مدد کے لیے لوگوں اور انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی

شوبز شخصیات کے علاوہ عام لوگوں اور سماجی رہنماؤں نے بھی وہاب بگٹی اور ان کے بچوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انتظامیہ سے ان کی مدد کی کرنے کی اپیل کی

واضح رہے کہ ملک میں ہونے والی مون سون بارشوں سے بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close