واٹس ایپ پر اسکرین شاٹ لینے اور ریکارڈنگ کو روکنے کے فیچر کی آزمائش

ویب ڈیسک

دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ پر صارفین کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بہترین فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی

اطلاعات ہیں کہ واٹس ایپ نے ’ونس ویو‘ یعنی ایک بار دیکھنے کے لیے بھیجی جانے والی وڈیوز، تصاویر اور آڈیو فائلز کے اسکرین شاٹ لینے اور ان کی ریکارڈنگ کو روکنے کے فیچر پر آزمائش شروع کر دی ہے

ویب ایٹ انفو کے مطابق واٹس ایپ نے مذکورہ فیچر کی آزمائش پرمحدود صارفین کو رسائی دے دی ہے، جس کے مطابق اب کوئی بھی صارف موصول ہونے والی ’ونس ویو‘ یعنی ایک بار دیکھی جانے والی کسی بھی پوسٹ کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے

مذکورہ فیچر کے تحت کوئی بھی صارف اب کسی بھی ’ونس ویو‘ تصویر، وڈیو یا آڈیو فائل کا نہ تو اسکرین شاٹ لے سکیں گے اور نہ ہی اس کی اسکرین ریکارڈنگ کر سکیں گے

اس فیچر کے تحت اگر کوئی شخص موصول ہونے والی ’ونس ویو‘ وڈیو، آڈیو اور تصویر کا اسکرین شاٹ لینے کی کوشش کرے گا تو اسے اسکرین شاٹ کے بدلے ایک نوٹیفکیشن موصول ہوگا، جس میں اسے بتایا جائے گا کہ سیکیورٹی فیچرز کے تحت وہ اسکرین شاٹ نہیں لے سکتے

اسی طرح صارف کسی آڈیو کی ریکارڈنگ بھی نہیں کر سکے گا، جبکہ اس فیچر کے تحت تیسری پارٹی یعنی دیگر بعض سافٹ ویئرز اور ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی لوگ ’ونس ویو‘ کی ویڈیو، آڈیو اور تصویر کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے

البتہ ممکنہ طور پر لوگ دوسرے موبائل کے ذریعے ’ونس ویو‘ کی فائل کی تصویر یا ریکارڈنگ کرنے کے قابل ہوں گے، تاہم اس حوالے سے بھی واضح طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا

ممکنہ طور پر واٹس ایپ مذکورہ فیچر کو مزید بہتر بنانے پر بھی کام کر رہا ہے اور مستقبل میں جب اسے متعارف کرایا جائے گا، اس وقت تک دوسرے موبائل کے ذریعے بھی ’ونس ویو‘ فائل کی تصویر بنانا یا کسی آڈیو فائل کی ریکارڈنگ کرنا ناممکن ہوگا

ابھی مذکورہ فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے اور اس پر آزمائشی کام جاری ہے اور اسے متعارف کرائے جانے میں کئی ماہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے

دوسری جانب مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے خاموشی سے موبائل صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے

ٹوئٹر نے موبائل صارفین کے لیے اب بیک وقت تصاویر، وڈیوز اور جف ’جی آئی ایف‘ کو شیئر کرنے کا فیچر متعارف کرادیا

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ نے 5 اکتوبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ اب اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین بیک وقت اپنی ٹوئٹ میں ویڈیو کے ساتھ ساتھ تصاویر بھی شامل کر سکتے ہیں

نئے فیچر کے بعد موبائل صارفین اپنی ٹوئٹ میں ویڈیوز، تصاویر اور جف کی ایک ساتھ چار فائلز اپ لوڈ کر سکیں گے

مذکورہ فیچر کو فوری طور پر ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا، تاہم ممکنہ طور پر جلد ہی اسے عام صارفین کے لیے بھی عام کردیا جائے گا

اس سے قبل ٹوئٹر پر صارفین بیک وقت یا تو تصاویر ٹوئٹ کرسکتے تھے یا پھر تصاویر کو شیئر کرنے کا آپشن ہوتا تھا

اب پلیٹ فارم پر بیک وقت تصویر، وڈیو اور جف کو بھی شیئر کیا جا سکے گا اور ممکنہ طور پر مستقبل میں ٹوئٹر بیک وقت چار سے زائد فائلز کو بھی شیئر کرنے کی اجازت دے گا

ٹوئٹر کی جانب سے لوگوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں جہاں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں، وہیں وہ متعدد بہترین فیچرز پر کام کرنے میں بھی مصروف ہے

دوسری جانب ٹوئٹر کی فروخت بھی انٹرنیٹ پر زیر بحث ہے، پلیٹ فارم کو اپریل 2022 میں ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا تھا مگر بعد ازاں وہ مکر گئے تھے لیکن اب دوبارہ انہوں نے پلیٹ فارم کو اعلان کردہ رقم پر ہی خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close