’کیا دیکھ رہے ہو احمق؟‘ میسی کا طنزیہ جملہ ارجنٹینا میں مقبول ہو گیا

ویب ڈیسک

کہتے ہیں کھانے والوں کو کھانے کا بہانہ چاہیے۔۔ کمرشل ازم کے اس دور میں کمائی کے چکر میں بیچنے والے بھی بس بہانے کی تلاش میں رہتے ہیں

قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کے میچ میں لیونل میسی کی جانب سے ڈچ کھلاڑی واؤٹ ویگھورسٹ پر اچھالا گیا ایک ایسا ہی طنزیہ جملہ ’کیا دیکھ رہے ہو احمق؟ چلے جاؤ!‘
ارجنٹینی تاجروں کی کمائی کا ذریعہ بن گیا ہے

اب یہ جملہ مگ، ٹی شرٹس اور دیگر مصنوعات کی زینت بنا ہوا نظر آتا ہے

ایک وائرل وڈیو میں فٹبال سپر اسٹار میسی کو نیدرلینڈز کے ساتھ جمعے (نو دسمبر) کو کھیلے گئے طوفانی کوارٹر فائنل مقابلے کے بعد ایک انٹرویو دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

انٹرویو کے دوران میسی کی آنکھیں کچھ دیر کو کیمرے سے ہٹیں اور اس کے بعد انہوں نے ڈچ کھلاڑی واؤٹ ویگھورسٹ کی طرف دیکھتے ہوئے یہ جملہ کہا، جن کے دیر سے کیے گئے دو گولز نے دونوں ٹیموں کو پنالٹیز کی جانب دھکیل دیا تھا

اگرچہ ارجنٹینا یہ میچ جیت گیا، لیکن میسی نے میچ کے بعد ریفری پر بھی غصہ نکالا، جنہوں نے ویگھورسٹ کو فری کک دی تھی

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے ورلڈکپ میں اٹھارہ یلو کارڈز اور کھیل کے دوران تصادم کے متعدد واقعات کے ریکارڈ کے بعد دونوں ٹیموں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے

واضح رہے کہ ارجنٹینا کے میسی کا موازنہ ڈیاگو میراڈونا کے ساتھ کیا جاتا ہے، جو نہ صرف میدان کے اندر بلکہ باہر بھی جوشیلے اور جذباتی انداز کی وجہ سے جانے جاتے ہیں

یہی وجہ ہے کہ اس موقعے کو کاروباری افراد نے بھی ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور مختلف قسم کی مصنوعات پر یہ جملہ چسپاں کرنے میں وقت ضائع نہیں کیا

اس ’تاریخی‘ جملے والے مگ 1600 پیسو (نو ڈالر) میں، ٹی شرٹس 2900 پیسو میں اور ٹوپیاں 3900 پیسو میں فروخت کی جا رہی ہیں

ملبوسات کے ایک ڈیزائنر ٹونی مولفیس نے اے ایف پی کو بتایا ”ہم نے فوراً ہی ٹی شرٹ بنا لی۔ یہ جملہ وائرل ہو گیا کیونکہ اس سے ہٹ کر میسی بہت پرسکون اور بہت زیادہ تشہیر کے حامی نہیں تھے لیکن لوگ چاہتے تھے کہ وہ ڈیاگو (میراڈونا) کی طرح تھوڑے سے جوشیلے ہوں“

میسی نے جو زبان استعمال کی، ارجنٹینا میں بہت سے لوگوں کے لیے وہ سڑکوں پر سنی جانے والی زبان سے کہیں زیادہ ’ہلکی پھلکی‘ ہے

اپنے تین پوتوں کے لیے ٹی شرٹس خریدنے والی سڑسٹھ سالہ گریسیلا سکوئٹینو نے کہا ”میں نے سوچا کہ یہ جملہ بہت اچھا، معصومانہ اور نرم تھا،‘ اس کے مقابلے میں، جو آپ عام طور پر ارجنٹینا کی کھیلوں کی دنیا میں سنتے ہیں۔“

یاد رہے کہ روایتی حریفوں ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کا میچ سنسنی سے بھرپور تھا، اور دباؤ بہت واضح تھا کیونکہ کھلاڑی آپس میں لڑ پڑے

شوٹ آؤٹ کے دوران ہالینڈ کے 2 شاٹس بچا کر ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹنیز میچ کے ہیرو بن گئے۔ میچ ختم ہونے کے بعد میسی نے ڈچ کیمپ کے لیے کچھ سخت الفاظ کہے۔ انہوں نے اس کی وجہ ڈچ کوچ کے تضحیک پر مبنی تبصروں کو قرار دیا

لیونل میسی نے میچ کے بعد کی پریزنٹیشن کے دوران نیدرلینڈز کے اسٹرائیکر واؤٹ ویگھورسٹ کو کہا، ’’تم کیا دیکھ رہے ہو، احمق‘‘

اس پر مداحوں کا ملا جلا ردعمل آیا، لیکن زیادہ تر وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم میسی کو ایک پرسکون کھلاڑی ہونے کی وجہ سے جانتے ہیں، لیکن اس میچ کی سنسنی خیزی سے وہ بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close