بہت برداشت کر لیا، اب مزید ہمت نہیں، محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

نیوز ڈیسک

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد عامرنے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے

فاسٹ بولر محمد عامر  کا کہنا ہے کہ سری لنکن پریمیئرلیگ میں شرکت کے بعد ابھی کراچی پہنچا ہوں، کل جمعہ کو لاہور آنے پر اس حوالے سے تمام تفصیلات شیئر کروں گا۔ ابھی انٹرنیشنل کرکٹ مزید نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے

محمد عامر کا کہنا ہے کہ میں کرکٹ چھوڑنا تو نہیں چاہتا تھا، لیکن جس طرح کا ماحول بن گیا ہے ، اس مینجمنٹ کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ جاری رکھنا میرے لیے ممکن نہیں رہا، دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 کھلاڑیوں میں بھی مجھے شامل نہ کیے جانے پر مستقبل کا اندازہ ہو گیا تھا

انہوں نے کہا کہ 2010ع سے 2015ع تک کرکٹ سے دوری کے عرصہ میں بہت سی ذہنی  اذیت برداشت کی، اب مجھ میں مزید ہمت نہیں ہے، 5 سال پابندی کی سزا کاٹ کر آیا تھا، اس کے باوجود بار بار کہا جاتا ہے کہ پی سی بی نے مجھ پر بڑی سرمایہ کاری کی

محمد عامر نے کہا کہ میرے کم بیک میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کا ہی کردار ہے، باقی ٹیم تو کہہ رہی تھی کہ ہمیں عامر کے ساتھ نہیں کھیلنا

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے میں نے ذاتی فیصلہ کیا، اس کو بھی غلط انداز میں موضوع بحث بنایا گیا، ملک کے لیے ہر کوئی کھیلنا چاہتا ہے، بی پی ایل سے آغازکیا تھا، چاہتا تو اس وقت بھی صرف لیگز کھیلتا رہتا، اس وقت بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، ہر مہینے مجھے زچ کرنے کے لیے کوئی نیا شوشہ چھوڑا جاتا رہا

دوسری پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ محمد عامر کا کھیل سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے

پی سی بی ترجمان کے مطابق ہم فاسٹ بولر محمد عامر کے مزید کرکٹ نہ کھیلنے کی خبریں میڈیا پر ہی  سن رہے ہیں، اس حوالے سے خود محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوئی رابطہ نہیں کیا

ترجمان نے مزید کہا کہ فاسٹ بولر ویسے بھی اب پی سی بی کے ساتھ کنٹریکٹ میں نہیں اور اس ناطے سے وہ ہم سے بات کرنے کا پابند بھج نہیں ہے، وہ اپنے فیصلے کرنے میں مکمل طور آزاد ہے

بعد ازاں ایک اطلاع کے مطابق پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے محمد عامر سے رابطہ کیا ہے، فاسٹ بولر نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ مزید بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش نہیں رکھتے، لہٰذا آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہ کیا جائے

پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ محمد عامر کا ذاتی فیصلہ ہے اور پی سی بی اس کا احترام کرتا ہے، لہٰذا اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close