انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کرنے والے بابر اعظم کی مبینہ واٹس ایپ چیٹ نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں دکھانے پر سابق کرکٹرز اور سوشل میڈیا صارفین ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں
بابر اعظم کی مبینہ چیٹ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز پر کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے چلنے والے ایک شو میں اتوار کو براہ راست دکھائی گئی تھی۔ اس شو کی میزبانی صحافی وسیم بادامی کرتے ہیں
شو کے دوران بابر اعظم کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کے ساتھ ہونے والی مبینہ واٹس ایپ چیٹ صحافی شعیب جٹ کے کہنے پر دکھائی گئی جنہوں نے اس شو سے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ وہ اتوار کو ایسا ہی کوئی ’ثبوت‘ دکھانے والے ہیں
اسی شو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا صحافی شعیب جٹ کے ساتھ انٹرویو کا ایک حصہ بھی چلایا گیا تھا
مبینہ چیٹ کو جس وقت دکھایا اس وقت اسی شو میں کرکٹر اظہر علی، کامران اکمل اور باسط علی کے ساتھ ساتھ خود صحافی شعیب جٹ بھی موجود تھے
اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے فوری طور پر سوال اٹھایا کہ ’کیا پی سی بی کے عہدیدار نے بابر اعظم کا میسج صحافی کو بھیجنے سے پہلے اجازت لی؟ اور کیا یہاں چلانے سے پہلے بھی بابر اعظم سے پوچھا جانا چاہیے تھا۔‘
اس پر سپورٹس جرنلسٹ شعیب جٹ کا کہنا تھا کہ ’مجھے تو بلکل نہیں پوچھنا چاہیے، صحافی کا تو کام ہی یہی ہے کہ اسے کوئی چیز ملے تو ایسے کرے۔‘
شو میں موجود سابق کرکٹر باسط علی نے بھی مبینہ میسج نشر کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’کیا اس طرح بابر اعظم کا میسج چلا سکتے ہیں؟ نہیں چلا سکتے۔‘
اسی طرح سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی ایک نجی ٹی وی چینل پر اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’معذرت کے ساتھ میں تو اسے ایک گھٹیا حرکت کہوں گا۔ ہم خود ہی اپنے کھلاڑیوں کو بدنام کر رہے ہیں۔‘
اس سارے معاملے کے بعد پیر کو صحافی اور اس شو کے میزبان وسیم بادامی نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک وڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے بابر اعظم کی مبینہ چیٹ کو اس طرح سے نشر کرنے کو ’غلط فیصلہ‘ قرار دیا
وسیم بادامی نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ ’شو سے پہلے ہم نے اس اسکرین شاٹ کو نہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں ذکا اشرف کے وڈیو کلپ کو دیکھنے پر ہم نے اسی وقت یہ اسکرین شاٹ چلانے کا فیصلہ کیا۔‘
تاہم یہاں پر یہ بات بھی غور طلب ہے کہ اس شو سے ایک روز قبل اسی شو میں صحافی شعیب جٹ نے ایسا ہی کچھ دکھانے کا اعلان کیا تھا۔
معاملہ کیا ہے؟
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم اور سلمان نصیر کے درمیان واٹس ایپ پیغام راشد لطیف کے دعوے کے بعد سامنے آیا تھا
کچھ روز قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں دعویٰ کیا تھا کہ بابر اعظم دو دن سے چیئرمین پی سی بی کو میسج کر رہے ہیں، لیکن وہ رپلائی نہیں کر رہے
انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین بی سی بی سلمان نصیر اور عثمان والا کو جواب دے رہے ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ وہ اپنے کپتان کو رپلائی نہیں کر رہے
اسی سے متعلق اب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف راشد لطیف کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتا ہے
بعدازاں اے آر وائے کے پروگرام میں وسیم بابر اعظم اور سلمان نصیر کے درمیان ہونے والی گفتگو کا اسکرین شاٹ شئیر کیا گیا، جس کے بارے میں میزبان وسیم بادامی نے دعویٰ کیا کہ یہ اسکرین شاٹ ذکا اشرف کے کہنے پر نشر کیا گیا تھا
واٹس ایپ میسج کے اسکرین شاٹ کے مطابق سلمان نصیر بابر اعظم سے کہتے ہیں کہ ’بابر ٹی وی اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ آپ چیئرمین کو فون کر رہے ہیں اور وہ جواب نہیں دے رہے، کیا آپ نے انہیں فون کال کی تھی؟
جس پر مبینہ طور پر بابراعظم رپلائی کرتے ہیں کہ ’سلام سلمان بھائی، میں نے تو سر کو کوئی کال نہیں کی‘۔
یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بابراعظم نے اپنا ذاتی پیغام لائیو ٹی وی پر شیئر کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے یا نہیں، کیوں کہ نجی پیغامات لیک کرنا پرائیویسی کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے
اسی پروگرام کے دوران پاکستان کے سابق کرکٹر اظہر علی نے سوال اٹھایا کہ کیا پی سی بی کے سربراہ یا ٹی وی چینل نے بابر اعظم کا ذاتی پیغام براہ راست نشر کرنے سے پہلے ان کی رضامندی لی تھی
دوسری جانب بابر اعظم کی نجی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے ملک اور اپنے پلیئرز کو خود ہی بدنام کر رہے ہیں، کسی کا پرائیویٹ میسج آپ کس طرح دکھا سکتے ہیں‘
سما ٹی وی کے اسپورٹس پرورگرام پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ’یہ انتہائی گھٹیا حرکت ہے، ہم اپنے ملک اور اپنے پلیئرز کو خود ہی بدنام کررہے ہیں، کسی کا پرائیویٹ میسج آپ کس طرح دکھا سکتے ہیں اور وہ بھی ہمارے کپتان بابراعظم کا۔‘
شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیلی ویژن کے معروف میزبان وسیم بادامی کا بھی حوالہ دیا، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی کے سربراہ نے ان سے نجی پیغامات لیک کرنے کو کہا تھا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ وسیم بادامی کہہ رہے ہیں کہ چیئرمین نے ان سے گفتگو کو لیک کرنے کے لیے کہا، یہ کیا حرکت ہے، اگر چیئرمین نے بھی یہ حرکت کی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں، لیکن یہ بہت گھٹیا حرکت ہے’۔
بعدازاں شاہد آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ قوم میدان میں اور باہر دونوں طرح سے بہتر کی مستحق ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’اگر ہم واقعی کرکٹ کو پسند کرتے ہیں تو کیا ہمیں میدان کے اندر اور باہر بہتر نتائج کی امید نہیں رکھنی چاہیے؟‘
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تو کھلاڑی کیا خاک کھیلیں گے جبکہ بابر اعظم دو دن سے چیئرمین پی سی بی کو میسج کر رہے ہیں لیکن وہ رپلائی نہیں کر رہے
پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا تھا کہ بابر اعظم دو دن سے چیئرمین پی سی بی کو میسج کر رہے ہیں لیکن وہ رپلائی نہیں کر رہے، سلمان نصیر اور عثمان والا کو کر رہے ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ وہ اپنے کپتان کو رپلائی نہیں کر رہے
انہوں نے کہا تھا کہ اس سب کے بعد آپ پریس ریلیز نکال رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو یہ کہا ہے کہ جو سینٹرل سائن کیا ہے اسے ہم دوبارہ دیکھیں گے اور یہ سینٹرل کنٹریکٹ مانا نہیں جائے گا، 5 مہینوں سے کھلاڑیوں کو تنخواہ نہیں ملی تو کھلاڑی کیا خاک کھیلیں گے۔