سندھ ایکشن کمیٹی کی طرف سے سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس کی اے پی سی میں شرکت اور بحریہ ٹاؤن کے گیٹ پر دھرنے کا اعلان

نیوز ڈیسک

جامشورو: سندھ ایکشن کمیٹی نے سندھ کی زمینوں پر قبضے کے خلاف 6 جون کو بحریہ ٹاؤن کے گیٹ پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے

سندھ ایکشن کمیٹی کا اجلاس جی ایم سید ایڈیفیس میں جلال محمود شاہ کی صدارت میں ہوا.  اجلاس  میں جیئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی، جیئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو، عوامی جمہوری پارٹی کے صدر کرم حسین وسان، عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار، جسقم کے انفارمیشن سیکرٹری ديدار شام، پورہیت مزاحمت تحریک کے سيد مسرور شاہ، جیئے سندھ قومی پارٹی کے چيئرمين نواز خان زنئور، نيشنل پارٹی سندھ کے صدر تاج مری، اسلم خيرپوري، سندھی ادبی سنگت کے جنرل سیکرٹری احمد سولنگي، گل حسن کلمتی ، سيد خدا ڈنو شاہ، پروفيسر مشتاق ميرانی، پروفيسر عبدالمجيد چانڈیو، نور احمد ميمن، روشن علي برڑو، سيد زين شاہ، ایڈووکیٹ مير احمد منگریو اور دیگر نے شرکت کی

اجلاس میں موقف اختيار کیا گیا کہ بحريا ٹاؤن ، ڈی ایچ اے اور اس قبیل کے دیگر ہاؤسنگ پروجیکٹس کی صورت میں سندھ پر مکمل قبضے کا منصوبہ بنایا گیا ہے. اس منصوبے کے تحت سندھ کی سمندری بیلٹ سے لے کر کوہستان، کھیرتھر اور کراچی سے حیدرآباد تک زمینیں ہڑپ کر ان پر بیرونی آبادکاری کے ذریعے سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، سندھی قوم اس منصوبے کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے خلاف عدالتی جدوجہد کے لیے ایڈووکیٹ سجاد چانڈیو کی سربراہی میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر سندھ دوست وکلاء سے رابطہ کرے گی اور عدالتی فورم پر سندھ کی زمینوں پر قبضہ کے خلاف عدالتی میدان میں جنگ لڑے گی

سفارتی محاذ پر جدوجہد کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں میگا ہاؤسنگ پروجیکٹس کی صورت میں قبضے اور سندھی قوم کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے خلاف اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں کے سامنے کیس پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے ڈرافٹ تیار کرنے کے لیے پروفیسر عبدالمجيد چانڈیو، پروفيسر مشتاق ميرانی، گل حسن کلمتی اور سيد مسرور شاہ پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی

سندھ ایکشن کمیٹی کی طرف سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 23 مئی کو سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس کی میزبانی میں کراچی میں مجوزہ  آل پارٹيز کانفرنس میں سندھ ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت شرکت کرے گی اور سندھی ادبی سنگت کی طرف سے پورے سندھ احتجاجی مظاہروں میں تمام کارکنان شرکت کریں گے

اجلاس میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سندھ ایکشن کمیٹی میں شامل تمام جماعتیں اور پورے سندھ کے کارکنان سندھ کی زمینوں پر قبضے کے خلاف 6 جون کو بحریہ ٹاؤن کے گیٹ پر ایک بڑا دھرنا دیں گے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close