سندھ، ملازمین کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی حد مقرر، پنشن اصلاحات منظور

نیوز ڈیسک

کراچی : سندھ کابینہ نے پنشن ریفارمز اسکیم کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت تقریباً 894.4 ارب روپے کی بچت ہوگی

کابینہ نے سرکاری ملازمین کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حد مقرر کرتے ہوئے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے لئے کم از کم 25 سال سروس اور 55 برس کی عمر کی تجویز دی ہے

اس ضمن میں ملنے والی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمعہ کو صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کے انچارج وزیر کی حیثیت سے کابینہ کو بتایا کہ 2012ع میں سرکاری ملازمین کی تعداد 477570 تھی اور ان کی ماہانہ تنخواہ اور پنشن کا بل بالترتیب 11.78 ارب اور 6.523 ارب روپے تھا

انہوں نے مزید کہا کہ 2020ع میں ملازمین کی تعداد بڑھ کر 493182 ہوگئی اور ماہانہ تنخواہ کا بل بڑھ کر 23.97 ارب روپے ہو گیا جبکہ پنشن بل بڑھ کر 13.329 ارب روپے ہوگئی

انہوں نے کہا کہ اگر یہی پوسٹ ریٹائرمنٹ واجبات بشمول پنشن کمیویٹڈ ویلیو آف پنشن ، گریجوئٹی، فیملی پنشن اور دیگر کی غیر متغیر کا سلسلہ جاری رہا تو پنشن بل اگلے دس سالوں میں تنخواہ بل سے تجاوز کر جائے گا۔ لہٰذا ایک اسٹڈی کرائی گئی تاکہ بیلوننگ پنشن بل پر قابو پانے کے لئے ضروری اصلاحات متعارف کروائی جاسکیں

مراد علی شاہ نے کہا کہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ (کم از کم 25 سال کی سروس اور 55 سال کی عمر) پر پابندی کی تجویز ہے۔ اس سے پنشن میں کمی ہوگی اور ملازمت کے سالوں کے شمار کے مطابق پنشن میں کمی کی تجویز پیش کی گئی

مالی اثرات کا تجزیہ کیا گیا کہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ میں کمی کا عنصر 60 سال کی عمر تک پہنچنے کے لئے ہر سال 2.5 فیصد ہوجائے گا

انہوں نے مزید کہا کہ ملنے والی پنشن کے واجبات 433.326 ارب روپے ڈکلیئر ہونگے

وزیراعلیٰ سندھ نے ایک اور تجویز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پنشن آخری لی گئی تنخواہ کے بجائے تین سالوں کی اوسط تنخواہ کے حساب سے لگائی جائے اس سے حکومت پر 348.827 ارب روپے کے پنشن کے واجبات کا بوجھ کم ہو جائے گا

فیملی پنشن کے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز کیا کہ اسے فوری طور پر فیملی اراکین تک محدود کیا جائے ۔ فیملی پنشن بیوی/شوہر/بیٹے (21 سال سے کم عمر )/بیٹی (شادی ہونے تک) محدود کی جائے

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات سے 112.179 ارب روپے کا مالی بوجھ کم ہوجائے گا

سندھ کابینہ نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اصلاحات متعارف کرانے پر ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مجوزہ پنشن اصلاحات کی اصولی منظوری دے دی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close