ویسپا کے لیے مشہور اٹلی کی ڈیڑھ کروڑ کی اینرجیکا الیکٹرک بائیکس پاکستان میں

ویب ڈیسک

پاکستان کی سڑکوں پر جہاں پاکستانی اور اب چینی ساختہ موٹر سائیکلوں کی بھرمار ہے وہیں اب بھی نایاب ویسپا اسکوٹر کے شوقین افراد ویسپا چلاتے بھی نظر آتے ہیں

اطالوی کمپنی پیاجو کا اسکوٹر 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان میں اسٹیٹس سمبل تھا، جب سڑکوں پر سائیکلیں موٹر سائیکلوں سے کہیں زیادہ ہوتی تھیں اور لوگ یورپی اشیا کو خرید نہیں سکتے تھے۔

گذشتہ دہائیوں میں موٹر سائیکل کی خریداری بہت زیادہ بڑھی ہے اور چینی اور جاپانی ساخت کی موٹر سائیکلیں پاکستان کی سڑکوں پر عام نظر آتی ہیں۔

اور اب ویسپا کے لیے مشہور ملک اٹلی کی سپر اسپورٹ الیکٹرک موٹر سائیکل بنانے والی پہلی کمپنی اینرجیکا نے پاکستان خصوصاً ملکی دارلحکومت اسلام آباد میں بھی اپنی دلکش موٹر سائیکلوں کی رینج متعارف کروا دی ہے۔

جس طرح 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان میں ویسپا اسٹیٹس سمبل تھا، اسی طرح اب یہ موٹر سائیکل بھی شوقین افراد کے لیے ہیں، ہر خاص و عام کے لیے نہیں۔ ان کو دیکھ کر ان پر دل تو فوراً آ جاتا ہے لیکن ان کی قیمتیں معلوم کرنے پر خواہش بہت بڑی اور جیب بہت ہی چھوٹی معلوم ہوتی ہے۔

پاکستان میں جس طرح سے اٹلی میں بنی ویسپا اسکوٹر اور رکشوں کا اب تک نام اور تقلید ہے، اسی امید کے ساتھ اٹلی کے موڈینا علاقے میں قائم اس کمپنی نے پاکستان کو ترجیح دی ہے

بین الاقوامی کمپنیاں اکثر پہلے انڈیا اور پھر پاکستان کا رخ کرتی ہیں، لیکن اس بار ایسا نہیں ہے۔ اور اٹلی کی اس کمپنی نے اپنی بائیک انڈیا سے پہلے پاکستان میں متعارف کروائی ہے

اینرجیکا الیکٹرک موٹرسائیکلیں عیش و آرام ذہن میں رکھتے ہوئے مہارت کے ساتھ تیار کی گئی ہیں۔

موڈینا بین الاقوامی سطح پر موٹر اسپورٹس کی دنیا میں ایک بڑا نام ہے اور اپنی جدید ترین ٹیکنالوجیز کے لیے ایک بہترین مرکز ہے۔ یہیں دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں سے ایک فراری کا بھی مرکز قائم ہے۔ ہمسائے ایسے ہوں تو مصنوعات پر اچھا اثر تو پڑتا ہی ہے۔

انرجیکا موٹر سائیکلیوں کو لاتعداد کوالٹی کنٹرول اور کارکردگی کے ٹیسٹ سے گزرنا پڑتا ہے۔

پاکستان میں آج کل مہنگی گاڑیوں کے بعد اب نوجوانوں میں مہنگی ’ہیوی بائیکس‘ رکھنے کے شوق میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ملک میں کئی برانڈز کی ہیوی بائیکس دستیاب ہیں، لیکن الیکٹرک ساخت میں یہ پہلی ہیوی بائیک ہے۔

اینرجیکا موٹر کمپنی کے سی ای او لیویا سیولینی کہتے ہیں ”2022 کے دوران ہماری صنعتی سرگرمی نے تقریباً ہر ایک ملک میں مستقل اور دھماکہ خیز ترقی دیکھی ہے، جہاں ہم فروخت کر رہے ہیں اور ساتھ ہی مکمل طور پر نئی مارکیٹوں میں بھی۔“

وہ بتاتے ہیں ”ہمارے اہم شیئر ہولڈر آئیڈیانومک کی مدد سے کیے گئے عظیم کام اور اہم سرمایہ کاری کی بدولت ہماری ترقی کی کلید ہیں۔ ہم نے اپنے ہیڈکوارٹرز اور فیکٹری کے سائز کو دوگنا کر دیا ہے اور اپنے ذہین ذہنوں کی صلاحیت میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ صرف اس سال میں ہمارے عملے میں 44 فی صد اضافہ ہوا ہے۔“

لیویا سیولینی کہتے ہیں ”ہمارا سیلز نیٹ ورک اب دنیا بھر میں ایک سو بیس سے زیادہ سیلز پوائنٹس تک پہنچ گیا ہے اور اب بھی بڑھ رہا ہے۔ ہم نے اینرجیکا موٹر کمپنی کا ایک نیا بزنس یونٹ ’اینرجیکا انسائڈ‘ تشکیل دیا ہے، جو ای-موبلٹی کے لیے جدید حل کی ترقی کے لیے وقف ہے۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close