انسانی دماغ ایک حیرت انگیز عضو ہے۔ ہمارا یہ سرمئی پروسیسر مسلسل کسی نہ کسی کام میں مصروف رہتا ہے۔ درحقیقت، ایک اوسط شخص کو دن میں تقریباً 60,000 خیالات آتے ہیں، اور ہر ایک کا آغاز دماغ سے ہوتا ہے۔ اکثر اوقات، ہمیں یہ علم نہیں ہوتا کہ کچھ خیالات کیوں پیدا ہوتے ہیں، لیکن دماغ ہمیں حیرت میں مبتلا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہوتا ہے۔
مزید یہ کہ دماغ ہر وہ چیز، جو ہم دیکھتے ہیں، سنتے ہیں، سونگھتے ہیں، اور اربوں دیگر معلومات کے ٹکڑوں پر کارروائی کرتا ہے۔ ان میں سے کچھ معلومات ہمارے ساتھ تھوڑی دیر کے لیے رہتی ہیں، جبکہ کچھ ساری زندگی محفوظ رہتی ہیں۔
لہٰذا یہ سوال کرنا منطقی ہونے کے ساتھ ساتھ دلچسپی کا حامل بھی ہے کہ اوسط دماغ کی اصل یادداشت کی گنجائش کتنی ہے اور یہ بے شمار معلومات کہاں فٹ ہوتی ہیں؟ آئیے معلوم کرتے ہیں۔
چلیں ابتدا کرتے ہیں اس دلچسپ حقیقت سے کہ انسانی دماغ 100 ٹریلین سینیپسز تک محفوظ کر سکتا ہے، جو کہ ملکی وے کہکشاں میں موجود ستاروں کی تعداد سے زیادہ ہیں!
دماغ کی گنجائش کا اندازہ
تازہ ترین تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ دماغ حیرت انگیز مقدار میں ڈیٹا محفوظ کر سکتا ہے، جو پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔ ایک مطالعے کے مطابق، دماغ پہلے لگائے گئے اندازوں سے تقریباً 10 گنا زیادہ ڈیٹا محفوظ کر سکتا ہے۔
دماغ کی یادداشت کی گنجائش کو ’بٹس‘ میں ناپا جاتا ہے، اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ دماغ تقریباً 2.5 پیٹا بائٹس (یا 2.5 ملین گیگا بائٹس) ڈیٹا محفوظ کر سکتا ہے۔
یہ حیرت انگیز طور پر ایک بہت بڑی مقدار ہے، جو کہ تقریباً 30 لاکھ گھنٹوں کے ٹی وی شوز کی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے برابر ہے۔
یہ جاننے کے لیے کہ یہ کتنی بڑی مقدار ہے، آئیے ذرا حساب لگاتے ہیں۔۔ انسان کی اوسط عمر تقریباً 77 سال ہے۔ یعنی 674,520 گھنٹے۔
دوسرے الفاظ میں، دماغ آسانی سے کسی کی پوری زندگی کو ایک فلم کی طرح محفوظ کر سکتا ہے۔
یہ زبردست ہے۔۔ ہے نا؟
بالکل ہے، لیکن آئیے اس کا کمپیوٹرز سے موازنہ کریں۔
دلچسپ حقیقت: انسانی دماغ میں تقریباً 86 ارب نیورانز ہوتے ہیں، اور ہر ایک نیوران ہزاروں رابطے دوسرے نیورانز کے ساتھ بنا سکتا ہے۔
دماغ کا کمپیوٹرز سے موازنہ
جب بات ڈیٹا ذخیرہ کرنے کی ہو، تو سب سے پہلے کمپیوٹرز ذہن میں آتے ہیں۔ تو آئیے کمپیوٹرز کا انسانی دماغ کے ساتھ موازنہ کریں۔
دونوں کا موازنہ کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہر ایک میں کتنی ’بٹس‘ معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا، تازہ ترین تحقیق کے مطابق، انسانی دماغ 2.5 پیٹا بائٹس تک ڈیٹا محفوظ کر سکتا ہے۔
اور اوسط کمپیوٹر کیا کر سکتا ہے؟
چلیں فرض کرتے ہیں کہ اوسط کمپیوٹر تقریباً 1 ٹیرا بائٹ ڈیٹا محفوظ کرتا ہے۔
اچھا، اب ہمارے پاس موازنہ کرنے کے لیے تمام پیرامیٹرز ہیں۔
ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کا موازنہ
1 پیٹا بائٹ (PB) 1,024 ٹیرا بائٹ (TB) کے برابر ہے، اور 1 ٹیرا بائٹ 1,024 گیگا بائٹ (GB) کے برابر ہے۔
تو، 2.5 پیٹا بائٹ اس طرح تبدیل کی جا سکتی ہے:
2.5 پی بی = 2.5×1,024 ٹی بی = 2,560 ٹی بی
اب اسے گیگا بائٹس میں تبدیل کریں:
2,560 ٹی بی = 2,560×1,024 جی بی = 2,621,440 جی بی
اب اگر ہم 2,621,440 کو 1,024 سے تقسیم کریں تو ہمیں یہ نمبر ملتا ہے: 2,560۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ انسانی دماغ کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ایک 1 ٹیرا بائٹ ہارڈ ڈسک والے کمپیوٹر سے 2560 گنا زیادہ ہے۔
یہ واقعی میں حیرت انگیز اور ناقابلِ یقین ہے۔
تاہم، جیسا کہ ہم جانتے ہیں، کمپیوٹرز معلومات کو ذخیرہ کرنے اور ان تک رسائی کے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔
کمپیوٹرز درست، ڈیجیٹل ذخیرہ اور بازیافت پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ دماغ زیادہ لچکدار اور تقسیم شدہ نظام استعمال کرتا ہے۔
اسی لیے، ہمارے پاس اتنی بڑی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہونے کے باوجود، ہم اس معلومات تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے جب ہمیں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
کچھ معلومات ہمارے اندر گہرائی میں محفوظ ہوتی ہیں، لیکن ہم انہیں یاد نہیں کر پاتے۔ دوسرے الفاظ میں، ہمیں اس معلومات تک رسائی حاصل نہیں ہوتی، لیکن معلومات دماغ میں موجود ہوتی ہیں۔
اچھی مثالوں میں مختلف نفسیاتی تجربات شامل ہیں، خاص طور پر ڈی ایم ٹی اور آیواسکا کے ساتھ، جہاں کچھ افراد رپورٹ کرتے ہیں کہ انہیں اپنے ابتدائی بچپن کی یادیں یاد آ رہی تھیں۔
ذرا تصور کریں کہ ہم کیا کر سکتے ہیں اگر ہمیں اپنے دماغ میں محفوظ تمام معلومات تک ہر وقت رسائی حاصل ہوتی۔
اچھا، اب جب کہ ہم اپنے دماغ کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو جان چکے ہیں، آئیے مختلف اقسام کی یادداشت کا مختصر جائزہ لیتے ہیں۔
جیسے کمپیوٹرز، اسی طرح ہم انسانوں کے پاس بھی مختلف طرح کے یادداشت کے نظام ہوتے ہیں۔
دلچسپ حقیقت: دنیا کے سب سے طاقتور کمپیوٹرز میں سے ایک، سمٹ سپر کمپیوٹر، 250 پیٹا بائٹس کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دماغ میں یادداشت کی اقسام
قلیل مدتی یادداشت: قلیل مدتی یادداشت، جسے ورکنگ میموری بھی کہا جاتا ہے، اس قسم کی یادداشت ہے جو معلومات کو عارضی طور پر محفوظ کرتی ہے۔ یہ چند سیکنڈز سے ایک منٹ تک معلومات محفوظ رکھنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔
قلیل مدتی یادداشت اس وقت استعمال ہوتی ہے جب ہمیں فون نمبرز، ہدایات یا دیگر ایسی معلومات یاد رکھنی ہوں جو تھوڑی دیر کے لیے درکار ہوں۔ یہ ایک محدود صلاحیت کا نظام ہے جو ایک وقت میں صرف ایک چھوٹی مقدار میں معلومات محفوظ کر سکتا ہے۔
علمی نفسیات کے ماہر جارج اے ملر نے دریافت کیا کہ قلیل مدتی یادداشت تقریباً 7 اشیاء کو یاد رکھ سکتی ہے، پلس یا مائنس 2۔ انہوں نے اس تمام تفصیل کو اپنے مؤثر مقالے ’دی میجیکل نمبر سیون، پلس یا مائنس ٹو: معلومات کے پروسیسنگ کی ہماری صلاحیت کی کچھ حدود‘ میں بیان کیا۔
طویل مدتی یادداشت: طویل مدتی یادداشت اس قسم کی یادداشت ہے جو معلومات کو طویل عرصے تک محفوظ رکھتی ہے، منٹوں سے لے کر سالوں تک۔ یہ ذاتی تجربات، علم، اور مہارت جیسے معلومات کو محفوظ رکھنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔
طویل مدتی یادداشت تقریباً لامحدود صلاحیت کا نظام ہے، جو بہت بڑی مقدار میں معلومات محفوظ کر سکتی ہے، جیسا کہ ہم نے پہلے وضاحت کی۔
دلچسپ حقیقت: طویل مدتی یادداشت کو مشق اور دہرانے کے ذریعے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
حسی یادداشت: یہ یادداشت کی وہ قسم ہے، جو حواس سے حاصل شدہ معلومات کو مختصر مدت کے لیے محفوظ کرتی ہے۔ یہ معلومات جیسے بصارت، آواز، اور چھونے کے احساسات کو بہت کم وقت کے لیے محفوظ رکھنے کی ذمہ دار ہوتی ہے، عام طور پر ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت کے لیے۔
حسی یادداشت ماحول سے حاصل شدہ معلومات پر کارروائی کرنے اور دماغ کو مزید پروسیسنگ کے لیے تیار کرنے کے لیے اہم ہے۔
اب جب کہ ہمارے پاس اپنی یادداشت کے بارے میں تمام معلومات ہیں، آئیے مختصر طور پر بیان کریں کہ یہ یادداشت حقیقت میں کیسے کام کرتی ہے۔
آئیے اپنے نیورانز اور سینیپسز کی پیچیدہ تفصیلات پر نظر ڈالتے ہیں۔
دلچسپ حقیقت: حسی یادداشت بصری تسلسل کے رجحان کے لیے ذمہ دار ہوتی ہے، جس کی بدولت فلمیں اور اینیمیشنز انسانی آنکھ کو مسلسل دکھائی دیتی ہیں۔
نیورانز اور سینیپسز کا کردار
نیورانز اور سینیپسز کی تفصیلی وضاحت جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، نیورانز انسانی دماغ کی بنیادی تعمیراتی اکائیاں ہیں۔ یہ خاص خلیے ہیں جو دماغ اور جسم میں معلومات کی ترسیل کا کام کرتے ہیں۔
ہر نیوران کے پاس ایک سیل باڈی، ڈینڈرائٹس، اور ایک ایکسون ہوتا ہے۔ ڈینڈرائٹس دوسرے نیورانز سے معلومات وصول کرتے ہیں، جبکہ ایکسون معلومات دوسرے نیورانز کو بھیجتا ہے۔
دوسری طرف، سینیپسز نیورانز کے درمیان رابطے ہوتے ہیں۔ یہ وہ مقامات ہوتے ہیں جہاں نیورانز ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔
سینیپسز ایک نیوران کے ایکسون اور دوسرے نیوران کے ڈینڈرائٹ سے بنتے ہیں۔ معلومات سینیپسز کے ذریعے کیمیکلز (جنہیں نیورو ٹرانسمیٹرز کہا جاتا ہے) کی مدد سے منتقل کی جاتی ہیں۔
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا، انسانی دماغ میں اندازاً 86 ارب نیورانز اور 100 ٹریلین سینیپسز ہوتے ہیں۔
سینیپسز کی تعداد کو اس معلومات کی مقدار سے براہ راست منسلک کیا جاتا ہے جو دماغ میں محفوظ کی جا سکتی ہے۔
دلچسپ حقیقت: سینیپسز 120 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سگنل منتقل کر سکتی ہیں، جو دماغ میں تیز رابطے کی صلاحیت اور فوری ردعمل کو ممکن بناتی ہے۔
سینیپسز کیسے معلومات محفوظ کرتی ہیں؟
دماغ میں نیورانز روشن ہو رہے ہیں، قریب سے منظر سینیپسز اپنی طاقت میں تبدیلی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جسے ’سینیپٹک پلاسٹیسٹی‘ کہا جاتا ہے۔ یہ دماغ کو نئے تجربات کے ساتھ مطابقت پیدا کرنے اور نئی معلومات سیکھنے کے قابل بناتی ہے۔
سینیپس کی طاقت کا تعین مختلف عوامل سے ہوتا ہے، جن میں وصول کرنے والے نیوران پر نیورو ٹرانسمیٹر ریسیپٹرز کی تعداد اور بھیجنے والے نیوران کے ذریعہ خارج کیے جانے والے نیورو ٹرانسمیٹر کی مقدار شامل ہیں۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ سینیپسز ایک سے زیادہ بٹس کی معلومات محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، نہ کہ صرف ایک جیسا کہ پہلے سمجھا جاتا تھا۔
ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ ہپوکیمپل سینیپسز، جو یادداشت کے تشکیل میں شامل ہوتے ہیں، 4.1 سے 4.6 بٹس معلومات محفوظ کر سکتے ہیں۔
دلچسپ حقیقت: سینیپسز کی طاقت 30 سیکنڈ کے اندر اندر تبدیل ہو سکتی ہے، جس سے دماغ کو نئی معلومات کے مطابق تیزی سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے۔
دماغ کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کی حدود
انسانی دماغ کی حیرت انگیز ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کے باوجود، اس کے پاس ذخیرہ کرنے کی مقدار کے حوالے سے کچھ حدود بھی ہیں۔ ان میں سے ایک اہم حد وہ وقت ہے جو یادداشتوں کو محفوظ کرنے اور انہیں یاد کرنے میں لگتا ہے۔
اگرچہ دماغ بہت زیادہ معلومات ذخیرہ کر سکتا ہے، لیکن ان معلومات کو محفوظ کرنے اور انہیں دوبارہ یاد کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ اکثر وہ چیزیں بھول جاتے ہیں جو انہوں نے سیکھی یا تجربہ کی ہیں، خاص طور پر اگر وہ وقتاً فوقتاً ان معلومات کو دوبارہ دہرانے کی کوشش نہ کریں۔
دماغ کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کی ایک اور حد وہ مداخلت ہے جو مختلف یادداشتوں کے درمیان ہو سکتی ہے۔ جب دماغ میں مختلف یادداشتیں ذخیرہ ہوتی ہیں، تو کبھی کبھی وہ ایک دوسرے سے مل کر گڈمڈ ہو سکتی ہیں۔
اس سے غلط یادداشتوں کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے، جس میں لوگ ایسے واقعات یا تجربات کو یاد کرتے ہیں جو حقیقت میں کبھی نہیں ہوئے۔
آخر میں، دماغ کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت عمر، بیماری اور چوٹ سے متاثر ہو سکتی ہے۔ جب لوگ بوڑھے ہوتے ہیں، تو ان کے دماغ یادداشتوں کو محفوظ کرنے اور دوبارہ یاد کرنے میں کم مؤثر ہو جاتے ہیں، جس سے یادداشت کی کمی اور دیگر علمی خرابیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
الزائمر اور پارکنسن جیسی بیماریاں دماغ کی یادداشت کو محفوظ کرنے اور یاد کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ دماغی چوٹیں دماغ کے یادداشت مراکز کو مستقل نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
دلچسپ حقیقت: مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ اوسط شخص جو کچھ سیکھتا ہے، اس کا 80 فیصد تک 30 دنوں میں بھول جاتا ہے، جو دماغ کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کی حدود کو ظاہر کرتا ہے۔
حوالہ: کیوریئس میٹرکس