کراچی: ٹرک دھماکا، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیرہ ہو گئی.

نیوز ڈیسک

کراچی : سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گزشتہ روز ایک منی ٹرک میں ہوئے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تیرہ ہو گئی

دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے  جن میں سات خواتین اور چھ بچے شامل ہیں، واقعے کے سات زخمی سول اسپتال میں زیرِ علاج ہیں

دھماکے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت سی ٹی ڈی میں درج کیئے جانے کا امکان ہے

دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے میں روسی ساختہ گرینیڈ استعمال کیا گیا

دھماکے سے متعلق ٹرک ڈرائیور اور دیگر عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کر لیئے گئے ہیں

متاثرہ خاندان عابد آباد میں شادی کی دعوت میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا، متاثرہ خاندان نے لانڈھی شیر پاؤ کالونی سے عابد آباد جانے کے لیے منی ٹرک کرائے پر لیا تھا

جاں بحق افراد میں جماعتِ اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماؤں معراج سواتی اور فرمان خان کے اہلِ خانہ شامل ہیں

محکمہ انسداد دہشت گردی کے سینئر افسر راجا عمر خطاب نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ دستی بم حملہ تھا اور دستی بم ٹرک میں گرنے سے قبل ہی پھٹ گیا جبکہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے

قبل ازیں کیماڑی کے ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ واقعہ ایک چھوٹے ٹرک میں سیلنڈر دھماکے کی وجہ سے پیش آیا

ان کا کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیور نے بلدیہ میں پریشان چوک سے خواتین اور بچوں سمیت ایک خاندان کو سیر کرانے کے لیے ٹرک میں بٹھایا تھا

جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا  تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جس ٹرک میں دھماکا ہوا اس میں بیس سے پچیس افراد سوار تھے

ان کا کہنا تھا کہ مسافر ایک شادی کی تقریب میں شرکت کر کے آ رہے تھے کہ ٹرک میں دھماکا ہو گیا اور واقعے میں زخمی تمام افراد کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close