یوکرین کا افغانستان سے اپنے طیارے کو ہائی جیک کرکے ایران لے جانے کا دعویٰ اور تردید

ویب ڈیسک

کیف : یوکرین کے نائب وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ اتوار افغانستان سے ان کے مسافر طیارے کو مسلح افراد نے ہائی جیک کرلیا تھا اور دو روز بعد طیارے میں اپنے من پسند افراد کو ایران لے گئے تھے تاہم وزارت خارجہ نے اپنے ہی نائب وزیر کے الزام کی تردید کردی ہے

تفصیلات کے مطابق روسی خبر رساں ادارے تاس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یوکرین کے نائب وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں پھنسے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے جانے والے طیارے کو گزشتہ اتوار کابل میں مسلح افراد نے ہائی جیک کر لیا تھا

یوکرین کے نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ مسلح افراد نے طیارے کو اپنے قبضے میں رکھا اور دو دن بعد یعنی منگل کے روز ہمارے طیارے میں ہمارے شہریوں کے بجائے نامعلوم افراد کو ایران لے گئے تھے

نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ طیارے کی چوری کے بعد سے  ہماری اگلی تین انخلاء کی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوسکیں کیونکہ ہمارے شہری ایئرپورٹ میں داخل نہیں ہو سکے تھے

تاہم نائب وزیر نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ طیارے کے ساتھ بعد میں کیا ہوا اور اب طیارہ کہاں ہے یا طیارے کی واپسی کی حوالے سے کیا اقدامات کیے گئے ہیں

ایران کی ایوی ایشن کے ترجمان علی اسلانی نے یوکرین کے طیارے کے ہائی جیک ہوکر ایران میں اترنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کا طیارہ مشہد ایئر پورٹ پر ری فیولنگ کے لیے اترا تھا، جس کے بعد وہ اپنی منزل یوکرین کی جانب روانہ ہوگیا تھا اور کیو ایئر پورٹ پر رات ساڑھے 9 بجے لینڈ کر گیا تھا

واضح رہے کہ نائب وزیر یوکرین کے مطابق مسلح ہائی جیکرز کابل سے اتوار کو طیارہ ایران لے گئے ہیں، جبکہ ہائی جیک کیے گئے طیارے میں یوکرین کے باشندوں کے بجائے دوسرے افراد بھی سوار تھے

حیران کن طور پر روسی میڈیا میں نائب وزیر خارجہ کے حوالے سے یوکرین طیارے کے ہائی جیک ہونے کی خبر کی اشاعت کے کچھ گھنٹوں کے بعد ہی یوکرین کی وزارت خارجہ نے اپنے ہی نائب وزیر خارجہ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ چند روز میں دنیا میں کہیں بھی کوئی بھی یوکرینی طیارہ ہائی جیک نہیں ہوا

دوسری جانب یوکرین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ 22 اگست کو ایک فوجی طیارہ 83 افراد کو لے کر دارالحکومت کیف پہنچ گیا جن میں 31 یوکرینی شہری اور 12 فوجی اہلکار شامل ہیں

یوکرین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل سے طیارہ ہائی جیک ہونے کا دعویٰ درست نہیں ہے، کابل یا کہیں اور ایسا یوکرینی طیارہ نہیں جسے ہائی جیک کیا گیا ہو

ترجمان یوکرین وزارت خارجہ کا اس متعلق کہنا ہے کہ ہم نے طیارے افغانستان سےلوگوں کو لانے کے لیے کابل بھیجے تھے جو اب واپس یوکرین پہنچ گئے ہیں.

یہ بھی پڑھئیے:

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close