کے الیکٹرک کے 1900 میں سے 1400 فیڈر ٹرپ، 80 فیصد کراچی بجلی سے محروم

نیوز ڈیسک

کراچی : اس وقت صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا سامنا ہے اور شہرکا  80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے

اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق کے الیکٹرک کے 1900 میں سے 1400 فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کلفٹن، ڈیفنس، اور ایف بی ایریا کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر، صدر اور ملیر کے علاقوں میں بھی بجلی بند ہے

ذرائع کا کہنا ہےکہ ہائی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی اور سیکڑوں فیڈرز بند ہوگئے

کے الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈ سے آنے والی 500 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی ہوئی ، جس  سے صوبائی دارالحکومت کراچی اور دیگر شہروں کے بعض علاقوں میں بجلی معطل ہوئی، بجلی کی عدم فراہمی کی صورت حال پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سےرابطے میں ہیں

ادھر حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ  حیسکو ریجن کے بھی 71 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے ہیں، مٹیاری، جامشورو، ٹنڈو الہٰ یار، سانگھڑ ، ٹنڈو آدم ، بدین، تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان اور کوٹری میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ جامشورو میں این ٹی ڈی سی کے یارڈ پر آسمانی بجلی گری ہے، جس کے باعث بجلی معطل ہوئی ہے

ذرائع کے مطابق 500 کے وی(kv) کے یارڈ پر آسمانی بجلی گرنے سےحیسکو اور کے الیکٹرک کو فراہمی میں تعطل آیا ہے

ذرائع کا کہنا کے کہ جامشورو میں این ٹی ڈی سی کے یارڈ پر آسمانی بجلی گرنے سے سسٹم محفوظ رہا ہے

اس حوالے سے پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی سے کے الیکٹرک کو بجلی کی سپلائی مکمل بحال ہوگئی ہے اور آسمانی بجلی گرنے سے آنے والا تعطل دور کر دیا گیا ہے

پاور ڈویژن کے مطابق این ٹی ڈی سی سے کے الیکٹرک کو پونے پانچ بجے بجلی کی مکمل سپلائی بحال ہو چکی ہے، جامشورو کے سرکٹ پر بجلی گرنے سے نیشنل گرڈ اور کے ای کا رابطہ منقطع ہوا

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ اضافی ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ سے کراچی میں بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا، نیشنل گرڈ سے رابطہ بحال ہوگیا ہے

جبکہ دوسری جانب اس سے قبل کراچی کے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں بجلی سپلائی کے لیے قائم کے الیکٹرک کا سب اسٹیشن دھماکے سے تباہ ہو گیا

پولیس ذرائع  کے مطابق سائٹ میں ولیکا چورنگی کے قریب آج صبح زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز  دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کی دیواریں منہدم ہوگئیں اور  سب اسٹیشن سے متصل دفتر  میں بھی آگ لگ گئی جس سے اسے بھی شدید نقصان پہنچا

سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی فداحسین جانوری کا کہنا ہے فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ دھماکا کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کے اندر  ہوا  یا اس کے ساتھ ملحق پلاٹ کا زیر  زمین ٹینک گیس بھرنے کی وجہ سے  پھٹا

دھماکے کی اطلاع پر  ایدھی فاؤنڈیشن کا عملہ فوری طور  پر موقع پر  پہنچا مگر  پولیس کے مطابق دھماکے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، فائر بریگیڈ کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم ان کے پہنچنے سے پہلے ہی آگ بجھ چکی تھی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close