ٹی20 ورلڈکپ کے لئے ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، ساؤتھ افریقہ اور افغانستان کی ٹیموں کا اعلان

نیوز ڈیسک

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لئے ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، ساؤتھ افریقہ اور افغانستان نے اپنے اپنے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے

کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کے عالمی ٹورنامنٹ کے لیے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا. متحدہ عرب امارات میں ہونے والے اس ایونٹ میں ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت کیرون پولارڈ کریں گے

ویسٹ انڈیز کے 15 رکنی اسکواڈ میں نکولس پورن، کرس گیل، فیبین ایلن، ڈیوائن براوو، روسٹن چیس، آندرے فلیچر، شمرون ہیٹ مائیر، ایوان لیوس، اوبیڈ مکوئے، لینڈل سمنز، روی رام پال، آندرے رسل، اوشین تھامس اور ہیڈن والش جونیئر شامل ہیں

اسی طرح ڈیرن براوو، شیلڈن کاٹریل، جیسن ہولڈر اور عقیل حسین ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

دفاعی چییمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز گزشتہ ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی

▪️متحدہ عرب امارات اور عمان میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے افغانستان کی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان ٹیم کی قیادت اسپنر راشد خان کریں گے

اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں رحمٰن اللّٰہ گربز، حضرت اللّٰہ زازئی، عثمان غنی، اصغر افغان، محمد نبی، نجیب اللّٰہ زادران، حشمت اللّٰہ شاہدی، محمد شہزاد، مجیب الرحمٰن، کریم جنت، گلبدین نائب، نوین الحق، حامد حسن، شراف الدین اشرف، دولت زادران، شپور زادران اور قیس احمد شامل ہیں

خیال رہے کہ ایونٹ میں افغانستان ٹیم سپر 12 کے گروپ بی میں موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ پاکستان اور بھارت جیسی ٹیموں سے ہوگا

ادہر افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان راشد خان نے اسکواڈ کے اعلان کے بعد ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے

بورڈ کے فیصلے سے ناخوش راشد خان نے کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ ٹیم ان کی مشاورت کے بغیر منتخب کی گئی ہے

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں راشد خان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان ٹیم سلیکشن کا حصہ بننا میرا حق تھا

انہوں نے کہا کہ جس ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے اس کے سلسلے میں بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے ان کی مرضی شامل نہیں کی

راشد خان نے اعلان کیا کہ وہ افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں

▪️انگلینڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اور اوئن مورگن کی زیر قیادت اسکواڈ میں اسٹار کھلاڑیوں بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کو شامل نہیں کیا گیا

2019ع ورلڈ کپ کی چیمپیئن انگلینڈ کی نظریں اس سال ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر موکوز ہیں تاکہ وہ بیک وقت دونوں طرز کے ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن جائے

تاہم انگلینڈ کی یہ مہم شروع ہونے سے قبل ہی شکوک و شبہات کا شکار ہو گئی ہے کیونکہ انگلینڈ کو 2019 میں ورلڈ کپ جتوانے میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والے دونوں کھلاڑی بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کی خدمات ٹیم کو اس ایونٹ میں حاصل نہیں ہوں گی

فاسٹ باؤلر آرچر رواں سال کے آغاز میں دورہ بھارت پر کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد سرجری کرانے کے باوجود اب تک صحتیاب نہیں ہو سکے اور بقیہ سال بھی انگلینڈ کی ٹیم کو میسر نہیں ہوں گے

دوسری جانب بین اسٹوکس ذہنی مسائل کے سبب کھیل سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں اور اسی وجہ سے ان کی سلیکشن کو بھی زیر غور نہیں لایا گیا، البتہ اگر اسٹار آل راؤنڈر اگلے ایک ماہ میں رضامندی ظاہر کرتے ہیں تو 10 اکتوبر سے قبل حتمی اسکواڈ کے اعلان سے قبل انہیں فائنل دستے میں شامل کر لیا جائے گا

آرچر کی جگہ ٹائمل ملز کو انگلش اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے جنہوں نے آخری مرتبہ اس فارمیٹ میں 2017 میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی جبکہ اسٹوکس کی غیر موجودگی نے کرس ووکس کی پانچ سال بعد ٹی20 اسکواڈ میں شمولیت کی راہ ہموار کی

متحدہ عرب امارات میں اسپنرز کے لیے سازگار وکٹوں کو دیکھتے ہوئے معین علی اور عادل رشید کو اسپن کا شعبہ سونپا گیا ہے، جن کا ساتھ نبھانے کے لیے آل راؤنڈر لیام لیونگسٹن موجود ہوں گے

اسکواڈ میں خالی بلے باز کی واحد جگہ کو پُر کرنے کے لیے سیم بلنگز کی خدمات دوبارہ حاصل کی گئی ہیں لیکن ان کو موقع ملنے کا امکان نظر نہیں آتا کیونکہ بیٹنگ لائن میں جیسن روئے، مورگن، جونی بیئراسٹو، ڈیوڈ ملان اور جوز بٹلر جیسے بلے باز موجود ہوں گے

فاسٹ باؤلنگ میں ڈیوڈ ولی کے ساتھ مارک وُڈ، کرس ووکس، ٹائمل ملز، سیم کرن اور ٹی20 میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کرس جورڈن موجود ہیں

اس وقت عالمی نمبر ایک کے منصب پر موجود انگلینڈ کی ٹیم کو 2016 میں کھیلے گئے آخری ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں آخری اوور میں اس وقت شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کارلوس بریتھ ویٹ نے بین اسٹوکس کو لگاتار چار چھکے لگا کر کیریبیئنز کو عالمی چیمپیئن بنوایا تھا

ورلڈ کپ کے لیے انگلش اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اوئن مورگن(کپتان)، جیسن روئے، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن، سیم بلنگز، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید، سیم کرن، ڈیوڈ ولی، ٹامل ملز اور مارک وڈ۔

ریزرو:
ٹام کرن، لیام ڈاسن اور جیمز ونس

▪️جبکہ جنوبی افریقہ نے بھی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور سابق کپتان فاف ڈیو پلیسی اور عمران طاہر سمیت اہم کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے

فاف ڈیو پلیسی نے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا اور عالمی ایونٹ کو ہدف قرار دیا تھا البتہ وہ گزشتہ سال دسمبر سے محدود اوورز کی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی نہیں کر سکے

عمران طاہر نے 2019 ورلڈ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا اور ٹی20 کرکٹ کے لیے دستیاب تھے لیکن اسکواڈ میں ان کی شمولیت پر بھی غور نہیں کیا گیا

اسی طرح گزشتہ دو سال سے جنوبی افریقہ کی نمائندگی سے محروم فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر مرس مورس بھی متحدہ عرب امارات روانہ ہونے والے دستے کا حصہ نہیں ہوں گے

جنوبی افریقہ کرکٹ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ نے کہا کہ ایجنٹس کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے فاف ڈیو پلیسی اور کرس مورس فرنچائز کرکٹ اور نیشنل ٹیم کی ذمے داریوں میں توازن برقرار نہیں رکھ سکے

انہوں نے کہاکہ عمران طاہر اچھی پرفارمنس دکھا رہے ہیں لیکن ہمارے نوجوان اسپنرز ایک عرصے سے ٹیم کے ساتھ موجود اور اچھا پرفارم کررہے ہیں لہٰذا ہم نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں موقع دینے کا فیصلہ کیا

جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں تین اسپنرز تبریز شمسی، کیشپ مہاراج اور بیجورن فورچوئن شامل ہیں جبکہ جیارج لنڈے کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے

جیارج لنڈے پر بیجورن فورچوئن کو فوقیت دینا حیران کن ہے کیونکہ گزشتہ کچھ عرصے سے لنڈے مسلسل ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں جس کی ایک مثال حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز ہے جہاں اکثر میچوں میں لنڈے کو کھلایا گیا اور فورچوئن پانچ میں سے صرف ایک میچ کھیلے تھے

اسکواڈ کی قیادت ٹیمبا باووما کو سونپی گئی ہے جو فی الحال انجری کا شکار ہیں لیکن جنوبی افریقی کرکٹ حکام پرامید ہیں کہ وہ انجری سے بحال ہو کر ٹیم کی عالمی ایونٹ میں قیادت کر سکیں گے

اگر باووما بروقت فٹ نہ ہو سکے تو ممکنہ طور پر کیشپ مہاراج کو قیادت سونپی جائے گی جو دورہ سری لنکا میں بھی قائم مقام کپتان کی ذمے داریاں نبھا چکے ہیں

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ٹیمبا باووما(کپتان)، ایڈن مرکرم، کوئنٹن ڈی کوک، ویان مُلڈر، راسی وین ڈر ڈوسن، ریزا ہینڈرکس، ہنری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، بیجورن فورچوئین، کیشپ مہاراج، تبریز شمسی، لنگی نگیدی، کگیسو ربادا، اینرج نوکیا

ریزرو کھلاڑی:
جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو اور لیزاد ولیمز

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close