سعودی امدادی پیکج نے ڈولتے ہوئے روپے کو سہارا دے دیا، ڈالر قدرے سستا

نیوز ڈیسک

کراچی : سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے چار ارب بیس کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کے اعلان کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں دو روپے ستائیس پیسے استحکام دیکھا گیا ہے

معاشی حلقوں کے مطابق سعودی پیکج سے ملک کے غیر ملکی ذخائر میں اضافہ ہوگا جو حالیہ چند ماہ سے تنزلی کا شکار ہے. سعودی امدادی پیکج کے بعد دن کے درمیانی حصے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 173 روپے ریکارڈ کیا گیا

بی ایم اے کیپٹل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعد ہاشمی کے مطابق روپے کی قدر میں اضافہ سعودی فنڈنگ سے متعلق اعلان کا نتیجہ ہے، جسے وسیع پیمانے پر ایک مثبت سرپرائز کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو بیرونی اکاؤنٹ کو تقویت دینے کے لیے ضروری ہے

اس حوالے سے چیس مین ہٹن بینک کے سابق ٹریژری ہیڈ اسد رضوی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے مؤخر ادائیگی پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل فراہم کرنے اور 3 ارب ڈالر کی نقد رقم جمع کرنے پر اتفاق کیا جبکہ آر ای ای آر انڈیکس مسلسل چوتھے مہینے گر کر 95.9 تک پہنچ گیا

واضح رہے کہ پاکستان ایک ارب ڈالر کی قسط کے حصول کے لیے گزشتہ دو ہفتوں سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بات چیت کر رہا ہے لیکن اس کا چھٹا جائزہ غیر نتیجہ خیز رہا

جبکہ مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے ملنے والی رقم کا آئی ایم ایف سے تعلق نہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، وہ بھی ایک دو دن میں طے ہوجائے گا

مشیر خزانہ شوکت ترین نے حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرس میں بتایا کہ سعودی عرب سے گفتگو چل رہی تھی، معاہدے کے خدوخال اب طے ہوئے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورۂ سعودی عرب میں سعودی حکام نے منظوری دی

شوکت ترین نے بتایا کہ ہم نے سعودی عرب سے تین ارب اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ رکھنے کا کہا تھا، سعودی عرب نے 4 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے، رقم ملنا ہمارے لیے مفید ہے، تیل کی قیمتوں سے لگ یہی رہا ہے کہ مہنگائی ہو رہی ہے

شوکت ترین نے کہا کہ سعودی عرب سے ملنے والی امداد کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں ہے، سعودی عرب سے پیسہ اور تیل انہی شرائط پر ملا جو پہلے تھیں

مشیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، مجھ سے یقین دہانی لے لیں، ایک آدھ چیز ہے جس پر ہماری بحث ہو رہی ہے، وہ بھی ایک دو دن میں طے ہوجائے گی، کچھ اور چیزیں ہیں جنہیں زیر بحث نہیں لانا چاہتے

انہوں نے کہا کہ میں جب واشنگٹن سے نکلا تھا تو جنرل ایگریمنٹ کرکے نکلا تھا، ایسے نہیں نکلا،میں واشنگٹن سے نیویارک آیا تھا، نیویارک سے واپس واشنگٹن گیا تھا

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا اور مارکیٹ میں مثبت اثرات آئیں گے، وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ قوت خرید کی تفصیلات کے مطابق ہم سستے ترین ملک ہیں

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھنے کے اعلان پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب نے مہنگائی کے دور میں ساتھ دیا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر پٹرولیم مصنوعات میں فنانسنگ پر بھی سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب نے ایسے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جب دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close