وہ نئے فیچرز جو 2022 میں واٹس ایپ کا حصہ بن سکتے ہیں

ویب ڈیسک

کراچی – واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن ہے، جس کے صارفین کی تعداد دو ارب سے زائد ہے

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل نت نئے فیچرز پر کام ہوتا رہتا ہے، تاکہ اس کے صارفین کسی اور میسجنگ ایپ کا رخ نہ کریں

عام طور پر یہ نئے فیچرز پہلے بیٹا پروگرام میں آتے ہیں اور وہاں مختلف آزمائشی مراحل سے گزرنے کے بعد تمام صارفین کو دستیاب ہوتے ہیں

2022ع میں بھی واٹس ایپ کی جانب سے متعدد فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، اگرچہ ان سب کے بارے میں تاحال زیادہ معلومات میسر نہیں، لیکن کچھ فیچرز ایسے ہیں جو اس وقت بیٹا ورژنز میں موجود ہیں اور امید ہے کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے

نوٹیفکیشن میں پروفائل فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بیٹا ورژن میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے

اس فیچر کے تحت جب کسی صارف کو واٹس ایپ نوٹیفکیشن موصول ہوگا تو میسج جس فرد نے بھیجا ہوگا اس کی پروفائل فوٹو نوٹیفکیشن میں دیکھی جاسکے گی

ابھی نوٹیفکیشن موصول ہونے پر بس ایک ٹیکسٹ پیغام فون کی اسکرین پر نظر آتا ہے

لاسٹ سین اسٹیٹس چھپانا

اس ایپ کا بظاہر عام سا فیچر اپنے اندر آپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی کمزوری چھپائے ہوئے ہے اور وہ ہے لاسٹ سین اسٹیٹس

لیکن واٹس ایپ کی جانب سے مخصوص کانٹیکٹس کے لیے لاسٹ سین کو ہائیڈ کرنے کے فیچر کو جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے

ایپ کے بیٹا ورژن میں اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے اور مستقبل قریب میں تمام صارفین واٹس ایپ پر اپنے لاسٹ سین اسٹیٹس کا انتخاب چار کیٹیگریز سے کرسکیں گے

اس وقت واٹس ایپ کی جانب سے لاسٹ سین، پروفائل فوٹ اور اباؤٹ کے لیے تین پرائیویسی آپشنز ایوری ون، مائی کانٹیکٹس اور نو باڈی فراہم کیے گئے ہیں

مگر بہت جلد ان میں چوتھے آپشن My contacts except کو بھی آپ دیکھ سکیں گے

جب اس چوتھے آپشن کا انتخاب کیا جائے گا تو آپ اپنی مرضی سے ان افراد کو چن کر ان کے لیے لاسٹ سین تک رسائی کو ڈس ایبل کر سکیں گے

اس سے آپ کو یہ سہولت حاصل ہوجائے گی کہ مخصوص افراد کو لاسٹ سین ، پروفائل فوٹو یا واٹس ایپ پر پرسنل انفو کو دیکھنے سے روک دیں

واٹس ایپ ایڈٹ

میسجنگ ایپ میں میڈیا شیئرنگ کے لیے ایڈٹ کے آپشن کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے اور اس کی مدد سے صارفین میڈیا فائلز کو بھیجنے سے قبل مزید افراد کا اضافہ بھی کر سکیں گے

اسی طرح واٹس ایپ میں صارفین کو اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں میڈیا اپ لوڈ کا ایک آپشن بھی دیا جائے گا، چاہے وہ پہلے ہی کوئی فائل کسی واٹس ایپ چیٹ پر ہی کیوں نہ بھیج رہے ہوں

اس فیچر کی آزمائش بھی اینڈرائڈ اور آئی او ایس بیٹا ورژنز میں جاری ہے

لاگ آؤٹ

یہ واٹس ایپ کا وہ فیچر ہے جس کا یقیناً صارفین کو بے صبری سے انتظار ہوگا، کیونکہ ابھی تک اس میسجنگ ایپ میں لاگ ان ہونے کے بعد صارف لاگ آؤٹ نہیں ہوسکتا

مگر واٹس ایپ میں ملٹی ڈیوائس فیچر کو بتدریج بہتر کیا جارہا ہے اور لاگ آؤٹ کا آپشن بھی اسی کا حصہ ہوگا اور اس کی مدد سے صارفین واٹس ایپ اکاؤنٹس اسی طرح لاگ آؤٹ کرسکیں گے، جیسے فیسبک یا انسٹاگرام سے کرتے ہیں۔

میسج ری ایکشنز

فیسبک میسنجر میں میسج ری ایکشنز کا فیچر تو کافی عرصے سے موجود ہے اور اب کم از کم بیٹا ورژن کے صارفین کے لیے واٹس ایپ میں بھی اسے متعارف کرا دیا گیا ہے

فیسبک میسنجر استعمال کرنے والے اس فیچر سے بخوبی واقف ہیں اور واٹس ایپ میں بھی جلد کسی میسج پر صارف ایموجی سے اپنا ردعمل ظاہر کر سکیں گے

ری ایکشنز کے لیے کتنے ایموجیز واٹس ایپ میں دستیاب ہوں گے، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں

اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ انفرادی چیٹس یا گروپس میں ایک جیسے ٹول دستیاب ہوں گے یا نہیں

واٹس ایپ کمیونٹی

واٹس ایپ کے ایک گروپ میں 256 سے زیادہ اراکین نہیں ہوسکتے، مگر بہت جلد ایسا نہیں ہوگا

واٹس ایپ کمیونٹی نامی فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں ہورہی ہے، جس کے تحت ایک کمیونٹی میں دس واٹس ایپ گروپس کو لنک کیا جاسکے گا

اس میں ایک نیا اناؤنسمنٹ سیکشن بھی ہوگا، جس تک صرف ایڈمنز کو رسائی ہوگی اور اس کی مدد سے وہ کمیونٹی سے لنک تمام گروپس کے اراکین تک کسی پیغام کو شیئر کرسکیں گے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close