پی ایس ایل کے دوران 23 سٹے باز گرفتار ”پی ایس ایل میں سٹہ کیسے کھیلا جاتا ہے“

ویب ڈیسک

لاہور – پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کا دوسرا مرحلہ آج سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے اور پنجاب پولیس نے اس موقعے پر سٹہ کھیلنے والوں کو پکڑنے کے لیے ٹیمیں بنا دی ہیں

صوبائی دارالحکومت کے ایک بڑے بک میکر نے بتایا کہ پی ایس ایل کے میچوں میں سابق کارکردگی کی بنیاد پر ملتان سلطانز کی ٹیم اس مرتبہ فیورٹ قرار دی جا رہی ہے، جس کا بھاؤ (ریٹ) ایک روپے 54 پیسے مقرر ہے

ان کے مطابق ملتان سلطانز کے فائنل جیتنے پر ایک ہزار روپے کی شرط لگانے والے کو 1540 روپے اضافی ملیں گے

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر فیورٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ہے، جس کا فائنل جیتنے کا بھاؤ 2.60 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یوں جیتنے والے کو ایک ہزار روپے پر 2600 روپے اضافی ملیں گے

تیسرے نمبر پر لاہور قلندرز کو فیورٹ قرار دیا گیا ہے، جس کی جیت کا ریٹ 3.60 روپے، چوتھے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کا ریٹ سات روپے طے کیا گیا ہے

ان کے مطابق پانچویں نمبر پر پشاور زلمی کی جیت کا بھاؤ 9.50 روپے مقرر ہوا جبکہ آخری نمبر پر کراچی کنگز کی جیت کا بھاؤ سب سے زیادہ 25 روپے رکھا گیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ہر میچ کا شروع ہونے سے پہلے الگ ریٹ طے ہوتا ہے، جو میچ کی ہر گیند کے ساتھ تبدیل ہوتا رہتا ہے

ان کے مطابق سٹے کا آغاز ٹاس کا سکہ اچھالنے سے شروع ہو کر آخری گیند اور آخری اسکور تک جاتا ہے

ہار جیت کی شرط کے علاوہ چھ اوورز ، دس اوورز اور بیس اوورز میں پہلے کھیلنے والی ٹیم کے ٹوٹل اسکور پر بھی شرط لگتی ہے، جس کو جوئے کی زبان میں فینسی کہا جاتا ہے

اس کے علاوہ ہر پانچ اوور میں اسکور کا آخری عدد کیا ہوگا اس پر آٹھ، آٹھ کے بھاؤ میں شرط لگتی ہے، جس کو ہندسہ کہا جاتا ہے

انہوں نے بتایا کہ پولیس کے کریک ڈاؤن کے خطرے کے پیش نظر کوئی بھی بک میکر مستقل ٹھکانہ اور شناخت نہیں رکھتا

زیادہ تر بک میکر پوش علاقوں میں کرائے کے گھر یا کسی ہوٹل، گیسٹ ہاؤس میں ایک دو دن کے لیے کمرے لے کر کام چلاتے ہیں

انہوں نے اس کام کا طریقہ کار کچھ یوں بتایا کہ جوے کا سارا کام موبائل فون اور انٹرینٹ کے ذریعے ہوتا ہے

’شرط لگانے والے کے پیسے بک میکر کے پاس جمع ہوتے ہیں اور اس کو ایک کوڈ نمبر دے دیا جاتا ہے جو بول کر وہ اپنی شرط لگاتا ہے یا اس میں رد و بدل کراتا ہے۔ اس کی باقائدہ ریکارڈنگ کی جاتی ہے تاکہ کوئی تنازع نہ بنے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بک میکر اسی طرح اپنی شرط مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے جنوبی افریقہ، دبئی، بھارت اور انگلینڈ کی بڑی بک سائٹس پر لگاتا ہے۔ ’جہاں سے جیتنے پر اس کے اکاؤنٹ میں پیسے آتے ہیں۔ بک میکر اپنا کمیشن رکھ کر رقم یہاں سٹے بازوں میں تقسیم کر دیتے ہیں۔‘

ان کے مطابق اس بار پی ایس ایل میں فی میچ پر صرف لاہور شہر کے سٹے باز ایک اندازے کے مطابق بیس سے پچیس ارب روپے تک کا سٹہ کھیل رہے ہیں

میچوں پر جوا روکنے کے اقدامات کے حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ بک میکروں اور سٹے بازوں کے خلاف پولیس کارروائی کرتی رہتی ہے اور ان کے خلاف معلومات کی بنیاد پر آپریشن جاری رہتے ہیں

ان کے مطابق ’سٹے بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے اس بار بھی اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس ماضی میں ریکارڈ یافتہ بک میکرز کا ڈیٹا جمع کر رہی ہے، جن پر مستقل چیک رکھا جا رہا ہے۔‘

ایس ایس پی آپریشنز لاہور کے مطابق پولیس سرچ آپریشنز میں نئے کرائے داروں، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی مستقل چیکنگ کر رہی ہے اور تمام مہمانوں کی تفصیل ہوٹل آئی ایپ میں اپ ڈیٹ کر رہی ہے

’بک میکرز اور سٹے باز اپنا تمام تر کاروبار موبائل فون یا انٹرنیٹ ایپلیکشنز پر چلاتے ہیں۔ اس لیے ان کی گرفتاری کے لیے دیگر اداروں کی بھی مدد لی جاتی ہے۔‘

پولیس کے مطابق محکمے نے رواں سال پی ایس ایل کے دوران اب تک 23 بک میکروں کو گرفتار کر کے سات مقدمات درج کیے ہیں اور مزید کارروائیاں جاری ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close