سات ریاستوں میں 14 خواتین سے شادی، بھارتی شہری گرفتار

ویب ڈیسک

بھونیشور – بھارت کی سات ریاستوں میں 14 خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر شادی کرنے والے ایک شہری کو اوڑیسہ میں گرفتار کیا گیا ہے

بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی ریاست اوڑیسہ کے دارالحکومت بھونیشور سے تعلق رکھنے والے شخص نے اڑتالیس برس میں چودہ شادیاں کیں۔ اس پر الزام ہے کہ وہ بیویوں کو چھوڑنے سے قبل ان سے رقم لے کر بھاگ جاتا تھا

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت بدھو پرکاش سوین عرف رمیش سوین کے نام سے کی گئی ہے، جو کیندر پاڑہ ضلع کا رہنے والا ہے، تاہم وہ زیادہ تر وقت اڑیسہ سے باہر ہی رہتا تھا

اوڑیسہ میں بھونیشور کے پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش نے بتایا کہ یہ شخص خود کو ڈاکٹر متعارف کرواتا اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین سے شادی کرتا جبکہ پیرا ملٹری فورس میں کام کرنے والی ایک خاتون بھی متاثرہ خواتین میں شامل ہے

پیر کو گرفتار کیے گئے شہری، جس کی عمر چون برس سے اوپر بتائی جاتی ہے، نے اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا ہے

سوین پنجاب، دہلی، آسام، جھاڑکھنڈ اور اوڑیسہ کی خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔ اس کا ہدف زیادہ تر درمیانی عمر اور طلاق یافتہ خواتین تھیں۔ وہ رشتے کی ویب سائٹس کے ذریعے ان سے رابطہ قائم کرتا تھا اور خود کو وفاقی وزارت صحت میں کام کرنے والا ڈاکٹر بتاتا تھا

ملزم نے پہلی شادی 1982ع میں کی تھی، جبکہ 2002ع میں دوسری شادی کی

پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں شادیوں سے ملزم کے پانچ بچے بھی ہیں

پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش کا کہنا ہے کہ 2002ع اور 2020ع کے درمیان اس شہری نے دیگر خواتین کے ساتھ رشتوں کی ویب سائٹس کے ذریعے دوستی کی اور دیگر بیویوں کے بارے میں بتائے بغیر ان سے شادیاں کیں، اور ایک کے بعد ایک کو چھوڑتا رہا

ملزم اپنی آخری بیوی کے ساتھ بھونیشور میں رہ رہا تھا، جو دہلی کے ایک اسکول میں پڑھاتی تھیں

ملزم کی دیگر شادیوں کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد آخری بیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ملزم کو کرائے کے مکان سے گرفتار کیا گیا

پولیس ڈپٹی کمشنر اوما شنکر داش کا کہنا ہے کہ ملزم کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ درمیانی عمر کی خواتین سے شادی کرتا تھا، جن میں سے زیادہ تر طلاق یافتہ ہوتیں۔ یہ وہ خواتین تھیں، جو دوبارہ شادی کرنا چاہ رہی تھیں اور ان کو چھوڑنے سے پہلے وہ ان سے رقم وصول کرتا

بھونیشور کے ڈی سی پی اوماشنکر داش نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ اس کا ٹارگٹ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین تھیں، جو مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تھیں۔ سوین کی نظر ان کے پیسوں پر تھی

پولیس نے ملزم کے قبضے سے گیارہ عدد اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر تفصیلات بھی برآمد کی ہیں

این ڈی ٹی وی کے مطابق ملزم نے دہلی، پنجاب، آسام، جھاڑکھنڈ اور اوڑیسہ سمیت سات ریاستوں میں خواتین کو دھوکہ دیا۔ پہلی دو بیویاں اوڑیسہ سے تھیں

سوین کے متاثرین میں سپریم کورٹ کی ایک وکیل اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کی ایک سینئر اہلکار بھی شامل ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close