مُجاور (سندھی ادب سے منتخب افسانہ)

تخلیق: حسن منصور (ترجمہ: شاہد حنائی)

اسے شہر کی روشنیاں اچھی لگتی تھیں ۔ وہ یہاں بہت خوش تھی، جب اس کے خیرخواہوں نے خبردار کیا کہ شہر پر خطر ہو چکا ہے اور اس کی زندگی کے لیے خطرات بڑھ چکے ہیں، تو وہ ششدر رہ گئی.. اسے گمان تک نہ تھا کہ اس کی زندگی خطرات سے کیوں دوچار ہے ۔وہ تو بس اپنی ایک عزیز ترین شے کھو بیٹھی تھی اور اسی کی تلاش میں مصروف تھی۔ گم شدہ شے، جو اس سے ان جانے میں چھن گئی تھی، وہ اس شے کی تلاش میں تھی.. عین اسی وقت محافظوں نے اسے بتایا کہ اس کی زندگی خطرے میں ہے اور اس کی زندگی ملک و قوم کے لیے انتہائی قیمتی ہے

اسے اپنی عزیز ترین شے کی تلاش تھی اور وہ چاہتی تھی کہ وہ اس وقت تک شہر نہ چھوڑے، جب تک وہ مطلوبہ شے کو پا نہ لے۔ ایک روز چند محافظ اس کے پاس آئے، ان میں وہ بھی شامل تھا، جس پر اسے شک تھا کہ اس نے ہی اس کی عزيز ترين شے چھینی ہے۔ ایک محافظ آگے بڑھتے ہوئے بولا، ’’یہ شہر آپ کے لیے خطرناک ہو گیا ہے۔ ہم آپ کو کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنا چاہتے ہیں.‘‘

وہ خاموش، چپ سادھے ان کو تکتی رہی۔ پھر وہ محافظ، جس نے اس کی عزيز ترين شے چھینی تھی، اس کے سامنے آکر بولا ، ’’یہ ضروری ہے کہ آپ کو شہر کے بڑھتے ہوئے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔‘‘ وہ دانت بھینچتے ہوئے انہیں گھورتی رہی، محافظ کہنے لگا ، ’’آپ کی زندگی قوم کے لیے نہایت اہم ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ قوم کے عظیم تر مفاد میں محفوظ رہے۔ ‘‘

وہ محافظ کو دیکھتی رہی، اس کی آنکھیں بولیں، ’’جو چیز تم نے چرائی ہے، وہ میرے لیے نہایت بیش قیمت تھی..‘‘

وہی محافظ کہنے لگا، ’’آپ قوم کا سرمایہ ہیں ۔ ہماری خواہش ہے کہ قوم اس سرمائے سے محروم نہ ہو۔‘‘

اس نے دل میں سرگوشی کی، ’’مَیں سرمایہ ہوں اور تم سرمایہ دار….!‘‘ اس کی آنکھوں میں سوالیہ نشانوں کے انبار تھے.. وہ محافظ کو تکتی رہی۔

’’ہم آپ کو کسی محفوظ مقام پر لے جانا چاہتے ہیں۔‘‘ محافظ نے کہا

’’ مَیں اپنی ایک عزیز ترین شے کی تلاش میں ہوں..‘‘ اس کے ہونٹ پہلی دفعہ ہلے

محافظ کے ہونٹوں پر پراسرار مسکراہٹ عود کر آئی، ’’مَیں اپنی عزيز ترين شے کی تلاش میں ہوں، جو مجھ سے میری بے خبری میں چھین لی گئی ہے۔‘‘ اس نے اپنا مدعا پھر دہرایا۔ اس نے غصیلی نگاہوں سے محافظوں کو دیکھا، جو ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے تھے۔ اسے محسوس ہوا کہ محافظ اس کی بات سمجھتے ہوئے بھی نہیں سمجھ رہے۔

’’کیا مَیں انکار کر سکتی ہوں؟‘‘ اس نے محافظوں کی آنکھوں میں جھانکا، ’’کیا مجھے یہ حق حاصل ہے کہ مَیں نہیں کہوں اور وہ مان لیں…؟‘‘

’’آپ کو پتا ہے اگر کہیں سب سے زیادہ شہری آزادی کا تصور ہے، تو وہ ہمارا ملک ہے۔‘‘ پہلے محافظ نے کہا

’’بلا شبہ!‘‘ دوسرے محافظ نے تائید کی، ’’کوئی شک! خدا کا شکر ہے کہ ہم دنیا کے سب سے زیادہ آزاد شہری کی حثيت میں پیدا ہوئے ہیں ۔ ہمیں ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ ہمیں آزادی کی نعمت دلانے کی خاطر ہمارے اکابرین نے کتنی لازوال قربانیاں دی ہیں۔‘‘

قربانی کا لفظ سنتے ہی جانے کیوں وہ چونک پڑی۔

محافظ نے مزید کہا، ’’اور ہماری یہ بے مثال آزادی اس وقت تک برقرار ہے، جب تک ہمیں قوم کا عظیم تر مفاد ہر چیز سے زیادہ مقدم ہے۔‘‘

’’کیا مَیں انکار کر سکتی ہوں؟‘‘ اس نے پھر جاننا چاہا

’’جی ہاں! بالکل! کیوں نہیں۔ ‘‘ محافظ نے مژدہ سنایا ،’’آپ ضرور انکار کر سکتی ہیں… لیکن قوم کے ان دشمنوں سے، جو ہمارے عظیم تر مفادات کے خلاف ہیں۔‘‘

’’قوم کے عظیم تر مفادات کی مخالفت کرنا گویا قوم کے دیگر افراد کی آزادی سے کھیلنا ہے اور یقیناً آپ ایسا نہیں کریں گی…‘‘

’’مَیں اپنی ایک عزیز ترین گم شدہ شے کی تلاش میں ہوں۔‘‘

’’آپ کو ہماری عظیم قيادت پر ایمان لانا چاہیے اور یہ یقین رکھنا چاہیے کہ وہ آپ کی شے ڈھونڈ نکالنے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھے گی۔‘‘

اس کی آنکھیں مکڑی کا جال بن گئیں۔ وہ بولی، ’’مَیں نہیں سمجھتی کہ میری زندگی کو کوئی خطرہ درپیش ہے۔‘‘

’’یہ آپ نہیں سمجھ سکتیں۔‘‘ محافظ نے وضاحت کی، ’’لیکن ہم ایسا سمجھتے ہیں اور آپ کو ہم پر اعتماد کرنا چاہیے۔‘‘

وہ چپ ہو گئی اور پھر کئی روز خاموشی اوڑھے رہی ۔وہ جان ہی نہیں پائی کہ کس طرح وہ شہر سے ایک غار میں آ پہنچی تھی۔ کئی دن گذر گئے وہ اسی غار میں تھی، جس میں کوئی دریچہ تھا نہ کوئی روشن دان دکھائی دیتا تھا۔ آمد ورفت کے لیے ایک دروازہ تھا، جو اکثر بند رہتا اور باہر ہر وقت وہی محافظ موجود رہتے۔ غار کے اندر بلب کی روشنی اور ائر کنڈیشنر کی ٹھنڈک تھی۔ نرم و گداز قالین اور ایک عدد ٹیلی وژن بھی تھا۔ جس پر ہمیشہ بڑے گائیکوں کے ملی نغمے سنائی اور دکھائی دیتے۔ ٹیلی وژن کا کوئی بٹن نہیں تھا اور ریموٹ محافظوں کے پاس رہتا ۔ ٹیلی وژن ہمیشہ آن ہی رہتا..

آج جب ایک محافظ میوہ جات اور ناشتے سے بھری ٹرے لے کر آیا۔ اس نے پوچھا، ’’ کیا یہ ٹیلی وژن بند نہیں ہو سکتا؟‘‘

محافظ نے چونک کر اسے دیکھا اور کہنے لگا، ’’آپ کو دل میں قومی ولولہ پیدا کرنے والے یہ گلوکار پسند نہیں ہیں؟‘‘

وہ بوکھلا کر بولی، ’’پسند ہیں..‘‘

’’پھر سنتے رہیے نا…‘‘

’’مَیں کچھ سوچنا چاہتی ہوں…‘‘

’’آپ فکر کیوں کرتی ہیں؟ ہم ہیں نا سوچ بچار کے لیے…“

محافظ ٹرے رکھ کر چلا گیا.. وہ ٹرے کو دیکھتی رہی اور کافی دیر اپنی گم شدہ شے کی بابت غور کرتی رہی۔

پھر وہ اچانک اٹھی اور ٹرے ٹیلی وژن کی اسکرین پر دے ماری… اسکرین ایک دھماکے کے ساتھ چکنا چور ہو گئی! اسکرین کے ریزے اور ٹرے میں پڑے خوردونوش کے لوازمات کمرے میں بکھر گئے۔ بند دروازے کے باہر دوڑتے قدموں کی آوازیں سنائی دیں۔ کچھ ہی دیر میں دھڑ سے دروازہ کھل گیا۔ چار محافظ اندر گھس آئے۔ انہوں نے ٹوٹا ہوا ٹیلی وژن اور بکھری ہوئی اشیاء دیکھ کر اسے گھورا ۔ وہ پلنگ پر سمٹی بیٹھی تھی اور سہمی سہمی نظروں سے دیکھ رہی تھی۔ ایک محافظ اس کے رو برو کھڑا ہو کر پوچھنے لگا ، ’’آپ نے اس قدر قیمتی ٹیلی وژن توڑ ڈالا…! آخر کیوں؟‘‘

’’اس میں کوئی بٹن نہیں ہے، جس سے اسے آف کیا جا سکے۔‘‘

’’لیکن آپ اسے آف کیوں کرنا چاہتی ہیں؟ اتنے بڑے بڑے گلوکاروں کو سننا کیوں نہیں چاہتیں؟‘‘

’’مَیں کچھ سوچنا چاہتی ہوں۔‘‘

’’یہ کام آپ کا نہیں ہے، اس کے لیے ہمارے پاس کافی لوگ موجود ہیں۔‘‘

دوسرا محافظ، جس پر اسے شک تھا کہ اس نے اس کی عزيز ترین شے چرائی ہے، وہ اس کے سامنے آکر کہنے لگا، ’’آپ کی اس حرکت سے محسوس ہوتا ہے کہ آپ کو مُلک کا عظیم تر مفاد عزیز نہیں ہے..‘‘

وہ دانت بھینچے اسے دیکھتی رہی…

’’ہم نے آپ کی زندگی بچا کر اتنی آرام دہ جگہ پر رکھا.. مگر آپ نے ہمارے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے!‘‘

پھر اسے پتا ہی نہیں چلا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔ اسے کچھ خبر نہیں تھی کہ وہ کتنا وقت اپنے آپ سے بے خبر رہی اور کہاں رہی؟ جب اسے ہوش آیا تو اس نے خود کو ہڈیوں کی شکل میں قبر میں موجود پایا۔ اسے گمان گزرا کہ اس کا دکھائی دینے والا وجود قبر پر پڑی منوں مٹی سے باہر نکل سکتا ہے۔ وہ ہڈیاں قبر میں چھوڑ کر باہر نکلی تو اس کی چیخ نکل گئی…

اس نے دیکھا کہ وہی محافظ، جس نے اس کی عزيز ترين شے چھین لی تھی، اس کے مقبرے کا مجاور بنا بیٹھا ہے!!!

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close