خاکروب خاتون کا بیٹا جس نے پنجاب کے وزیر اعلٰی کو شکست دی

ویب ڈیسک

بدھوڑ – عام آدمی پارٹی کے لابھ سنگھ اگوکے نے پنجاب کے موجودہ وزیرِ اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی کو شکست دی ہے

واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے بھارت میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں بھاری فتح حاصل کر لی ہے اور اب وہ پنجاب میں حکومت بنانے جا رہی ہے

تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارتی پنجاب کی اسمبلی کے انتخابی نتائج کسی سیاسی دھماکے سے کم نہیں، کیونکہ پنجاب کی پرکاش سنگھ، کیپٹن امریندر سنگھ، چرن جیت سنگھ چنی اور نوجوت سنگھ جیسے بڑے ناموں کو عام آدمی پارٹی کے عام سے امیدواروں کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے

عام آدمی پارٹی کے انہی نئے چہرے میں ایک نام لابھ سنگھ اگوکے کا ہے، جنہوں نے پنجاب کے موجودہ وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو بدھوڑ کی نشست پر شکست دی ہے۔ پینتیس سالہ لابھ سنگھ اگوکے بدھوڑ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار تھے

لابھ سنگھ بدھوڑ کے علاقے اگوکے گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ایک موبائل فون شاپ پر کام کرتے ہیں۔ لابھ سنگھ کے والد کھیتوں میں مزدوری کرتے ہیں اور ان کی والدہ گاؤں کے سرکاری اسکول میں صفائی کا کام کرتی ہیں

اگوکے نے 2013ع میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی

لابھ سنگھ اگوکے نے 2017ع کے انتخابات میں پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار پرمل سنگھ خالصہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا

پرمل سنگھ خالصہ پہلے کھیرا دھڑے میں شامل ہوئے اور پھر کانگریس میں شامل ہو گئے

اب کی بار عام آدمی پارٹی نے لابھ سنگھ اگوکے کو پارٹی کا ٹکٹ دیا اور انہوں نے چرن جیت سنگھ کو بھاری مارجن سے ہرا دیا ہے

وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو چمکور صاحب کی نشت سے بھی شکست ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چرن جیت سنگھ چنی کو شکست دینے والے کا نام بھی چرن جیت سنگھ ہی ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے آنکھوں کے معالج ہیں

ڈاکٹر چرن جیت سنگھ اپنے علاقے میں سماجی کاموں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں

ڈاکٹر چرن جیت سنگھ نے اوفتھیلمولوجی میں ایم ایس کر رکھا ہے اور چندی گڑھ میں پریکٹس کرتے ہیں

ان کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ ہمیشہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے چرن جیت سنگھ چنی کے مقابلے میں الیکشن لڑا اور جیت گئے

علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی نے امرتسر مشرقی سے جیون جوت کور کو ٹکٹ دیا تھا، جنہوں نے یہاں سے پنجاب کی سیاست کے دو بڑے چہروں نوجوت سنگھ سدھو (کانگریس) اور وکرم سنگھ مجیٹھیا (شرومنی اکالی دل) کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ہے

جیون جوت کور کے مطابق وہ گذشتہ بیس سے پچیس برس سے فلاحی کام کر رہی ہیں

اُنہوں نے کہا ”میں نے کبھی سیاست میں شامل ہونے کا نہیں سوچا تھا، مگر اسکول کے دنوں سے ہی میری شخصیت ایسی ہوتی تھی کہ میں پرنسپل کے دفتر کے باہر دکھائی دیتی تو سب سمجھ جاتے کہ کوئی مسئلہ ہے“

اسی لیے جیون جوت کور اب الیکشن کے میدان میں نظر آئیں. وہ کہتی ہیں ”اپنے خاندان کی حمایت کے بغیر کسی خاتون کا یہاں تک پہنچنا ممکن نہیں ہے اور مجھے شادی کے بعد بھی یہ حمایت ملتی رہی ہے“

سنہ 1992 میں جب شری ہیمکنت ایجوکیشن سوسائٹی کا قیام ہوا تو جیون جوت کور نے بھی اس اسکول میں بچوں کو پڑھانا شروع کر دیا

اُنھیں پنجاب کی ”پیڈ وومن“ بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ وہ دوبارہ قابلِ استعمال سینیٹری پیڈز کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہیں

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے پنجاب میں پارٹی کی شاندار کامیابی کے بعد تقریر کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی میں بڑی طاقت ہے اور جس دن عام آدمی کھڑا ہو گیا اس دن بڑے بڑے انقلاب آ جائیں گے

انہوں نے کہا ”آج میں اپنے دیس کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ اپنی طاقت کو پہچانو، کھڑے ہو جاؤ، انقلاب لانا دیس کے اندر“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close