اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے قراردادیں منظور

ویب ڈیسک

نیویارک – اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسلامی تعاون تنظیم کی ایما پر اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی پاکستان کی پیش کردہ قرارداد منظور کر لی ہے

جبکہ دنیا کے 193 ملکوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سائیکل چلانے کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی ایک قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے منگل کی رات ایک ٹویٹ میں کہا کہ ”میں آج امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی“

انہوں نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں لکھا کہ’15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طور پر مقرر کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے او آئی سی کی ایما پر پاکستان کی پیش کردہ تاریخی قرارداد منظور کی ہے‘

اس سے قبل اسلام آباد میں پی ٹی آئی اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بتایا تھا کہ ’آج اقوام متحدہ میں بحث ہو رہی ہے اور اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد منظور ہو رہی ہے، یہ ہماری وجہ سے ہے‘

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے مزید کہا کہ ’اقوام متحدہ نے بالآخر آج دنیا کو درپیش اسلاموفوبیا، مذہبی آثار و رسومات کی تعظیم، منظم نفرت انگیزی کے انسداد اور مسلمانوں کے خلاف تفریق جیسے بڑے چیلنجز کا اعتراف کیا‘

انہوں نے لکھا کہ ’اس تاریخی قرار داد کا نفاذ یقینی بنانا اب اگلا امتحان ہے‘

اس سے قبل اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے منیر اکرم نے جنرل اسمبلی میں اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے قرارداد پیش کی

ان کا کہنا تھا کہ ’میں آج اسلام تعاون تنظیم کی جانب سے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن مقرر کرنے کی قرارداد پیش کر رہا ہوں‘

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ’اسلاموفوبیا ایک حقیقت ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اسلاموفوبیا کے مسئلے کو سب سے پہلے میرے وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے 27 ستمبر 2019 کو اپنے پہلے خطاب میں اٹھایا تھا‘

خیال رہے کہ پاکستان کی سینیٹ اور قومی اسمبلی نے بھی اکتوبر 2020 میں فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی عوامی تشہیر اور اسلاموفوبیا کی مذمت کرتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی تھی، جس میں او آئی سی سے توہین آمیز خاکوں کی تشہیر اور اسلاموفوبیا سے متعلق لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 15 اکتوبر اسلاموفوبیا کے خلاف دن قرار دیے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا

جبکہ اسی دوران وزیر اعظم عمران خان نے فیسبک کے سی ای او مارک زکربرگ کو ایک خط میں ویب سائٹ پر اسلام سے نفرت پر مبنی مواد پر پابندی عائد کرنے کا بھی کہا تھا

علاوه ازیں دنیا کے 193 ملکوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی ہے، جس کے تحت موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سائیکل چلانے کو فروغ دیا جائے گا

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ میں یہ قرارداد ترکمانستان کی جانب سے پیش کی گئی تھی

امریکی ماحولیاتی ادارہ
قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ملکوں سے کہا گیا ہے کہ ’ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے شہری اور دیہی علاقوں کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سائیکل کو شامل کیا جائے‘

قرارداد کے مطابق سڑک پر سائیکل چلانے والوں کے لیے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے اور بائیک کی سواری کے فروغ سے ’دیرپا ترقی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے‘

ترکمانستان نے قرارداد کے ذریعے تجویز دی ہے کہ دنیا بھر میں جب کبھی اور جہاں کہیں عالمی، علاقائی اور ملکوں کی قومی ترقی کی پالیسی اور پروگرام مرتب کیے جائیں ان میں سائیکل کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی جائے

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے باعث موسمیاتی تبدیلیوں سے کئی ملکوں کو مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں اور ماہرین درجہ حرارت کے بڑھنے کی وجہ گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے اخراج کو قرار دیتے ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close